مفصل پایاں
مفصل پایاں (انگریزی: Arthropods) غیر فقاری جانداروں میں سے سب سے بڑا گروہ ہے جو دنیا کے ہر علاقے میں پایا جاتا ہے۔ اس قوم / عائلہ (فائیلم) کے تمام جانوروں کی ٹانگیں جوڑ دار ہوتی ہیں۔ مفصل پایہ فارسی زبان کا لفظ ہے اور اس کے معنی جوڑ دار ٹانگوں والے ہیں۔ تعداد کے اعتبار سے یہ عالم حیوانات کا سب سے بڑا عائلہ ہے۔ یعنی تمام انواع کے 80 فیصد کا تعلق اسی قوم سے ہے۔ حشرات، مکڑیاں اور کیکڑے قوم مفصل پایاں ہی سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کا جسم قطعہ دار (Segmented) ہوتا ہے۔ زیادہ تر انواع کا جسم ان تین قطعات پر مشتمل ہوتا ہے: سر، سینہ اور پیٹ۔ اگر چہ ان جانوروں کے جسم کے اندر کوئی ہڈی نہیں ہوتی لیکن جسم کے باہر ہڈی دار ڈھانچہ ضرور ہوتا ہے جسے بیرونی کالبد (Exoskeleton) کہتے ہیں۔ یہ ڈھانچہ ایک سخت قسم کے مادے سے بنا ہوتا ہے جس کا نام قاطین (Chitin) ہے۔ جھینگر کا بیرونی خول قاطین کے کالبد کی ایک مثال ہے۔ اس قسم کے کالبد کو برادمہ (Cuticle) بھی کہا جاتا ہے۔
یہ بیرونی ڈھانچہ چونکہ سخت ہوتا ہے اور پھیل نہیں سکتا، اس لیے اس میں مقید جانور کی مکمل طور پر نشو و نما نہیں ہو پاتی۔ ان کے ہاں نشو و نما کا ایک منفرد طریقہ رائج ہے۔ یہ بڑھتے ہوئے جسم کے مطابق وقتا فوقتا اپنا کالبد اتار کر ایک اور بڑے حجم کا کالبد بنا لیتے ہیں۔ اس عمل کو ”کینچلی بدلنا“ کہتے ہیں۔
قوم مفصل پایاں کے جانور غیر فقاریہ جانوروں میں سب سے زیادہ ارتقا یافتہ ہیں۔ ان کا عصبی نظام بھی دوسرے غیر فقاریہ جانوروں کی نسبت زیادہ پیچیدہ ہے۔ ان کے سر پر محاس ہوتے ہیں جو بیک وقت چھونے، سونگھنے اور سننے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ بہت سے مفصل پایاں کی آنکھیں مرکب (Compound) ہوتی ہیں۔ یعنی ایک بڑی آنکھ سینکڑوں ننھی ننھی آنکھوں کے ملنے سے بنتی ہے۔ ہر ننھی آنکھ ایک علاحدہ عکس بناتی ہے۔
یہ قوم بہت سی جماعتوں میں منقسم ہے۔ ان میں سب سے اہم جماعتیں یہ ہیں: حشرات (Insects)، قشریے (Crustaceans) اور عنکبے (Arachnids)، صد پایاں (Chilopoda)، ہزار پایاں (Diplopoda)۔
حوالہ جات
[ترمیم]
| ویکی ذخائر پر مفصل پایاں سے متعلق سمعی و بصری مواد ملاحظہ کریں۔ |