مہانوبھاؤ
| بانی | |
|---|---|
| سروگیہ شری چکردھر سوامی | |
| گنجان آبادی والے علاقے | |
| مہاراشٹر، خطۂ پنجاب، مدھیہ پردیش، گجرات اور شمالی ہند کے کچھ حصے | |
| مقدس کتب | |
| لیلا چرتر، سدھانت سوتر پاٹھ، بھگود گیتا | |
| زبانیں | |
| مراٹھی (اصل) · سنسکرت اور دیگر |
| مضامین بسلسلہ |
| ہندو فلسفہ |
|---|
مہانوبھاؤ (جسے جے شری کرشن پنتھ بھی کہا جاتا ہے) بھارت میں کرشن پرست ہندو فرقوں کا ایک سمپردائے یا "پنتھ" ہے، جس کے متعلق کہا جاتا ہے کہ اس کی بنیاد چکردھر سوامی نے رکھی تھی۔[1][2][3] بعض مآخذ کے مطابق اصلاً چکرپانی (چانگ دیو راؤل) اور گووند پربھو (گنڈم راؤل) اس پنتھ کے بانی اور چکردھر سوامی پہلے مبلغ اور داعیِ اول ہیں۔[4] مہانوبھاؤ سمپردائے 1267ء میں موجودہ مہاراشٹر کے خطے ورہاڈ میں باضابطہ قائم ہوا۔ خطۂ پنجاب میں اسے جے کرشن پنتھ اور گجرات (بھارت) میں اچیوتا پنتھ جیسے مختلف ناموں سے پکارا جاتا ہے۔ تیرھویں صدی عیسوی میں پنتھ کے پیروکار اسے پرامارگ کے نام سے بھی یاد کرتے تھے۔[5] چکردھر سوامی کے بعد ناگدیو اچاریہ، جنھیں بھٹوباس بھی کہا جاتا ہے، اس سمپردائے کے سربراہ ہوئے۔
مہانوبھاؤ میں تمام افراد کو ان کی ذات سے اوپر اٹھ کر قبول کیا جاتا ہے اور روایتی رسوم پر مبنی مذہب کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ یہ پنتھ آج بھی موجود ہے اور اس کی تعلیمات کے مطابق کرشن ہی برتر خدا ہیں۔[6]
مہانوبھاؤ سمپردائے کے تیرہ مختلف "آمنائے" ہیں (یہ وہ قدیم قبائلی یا خاندانی سلسلے ہیں جو اپنی جڑیں ماضی میں تلاش کرتے ہیں)۔ ان روایات کی بنیاد تیرہ مختلف آچاریوں نے رکھی تھی، جن میں ناگدیو اچاریہ کے چند شاگرد اور ان کے سلسلوں کے مختلف جانشین بھی شامل ہیں۔
تاریخ
[ترمیم]مہانوبھاؤ نظریے کا آغاز بارھویں صدی عیسوی کے اواخر میں ہوا۔ چکردھر معلمِ اول تھے جنھوں نے اس نظریے کی بنیاد پر "مہانوبھاؤ" کے نام سے ایک مستقل اور علاحدہ فرقے کی تشکیل کی۔[7]
چکردھر سوامی کے بعد ناگدیو اچاریہ نے مہانوبھاؤ سمپردائے میں شاگردوں کی روایت کو ایک منظم شکل عطا کی۔ انھوں نے سمپردائے کی توسیع و ترقی کے لیے متعدد مریدین کو بیعت کیا؛ ناگدیو کے عہد میں بڑی تعداد میں لوگ اس سمپردائے میں شامل ہوئے۔[4]
پندرھویں صدی عیسوی کے اوائل میں آچاریہ منی ویاس نے مہاراشٹر میں مہانوبھاؤ سمپردائے کے بہت سے مندر اور خانقاہیں قائم کیں۔ منی ویاس کا تعلق اصل میں تلنگانہ کے لنگایت دھرم سے تھا اور ان کا اصل نام کملاکر ایاچیت کوٹھی تھا۔ انھوں نے اپنے قدیم عقیدے کو ترک کر کے مہانوبھاؤ سمپردائے میں شمولیت اختیار کی اور کمار آمنائے کی تپسونی مہلائیسہ کے شاگرد بن گئے۔ راگھو کوی کی "کمار ونشاولی" اور "پیتھن چا وردھ اچار" جیسی کتب میں درج ہے کہ بہمنی سلطنت کے سلطان احمد شاہ ولی نے ان خانقاہوں کی تعمیر کے لیے منی ویاس کو مالی تعاون فراہم کیا تھا۔[8]
مہانوبھاؤ سمپردائے آج بھی مہاراشٹر میں مذہبی فرقے کی حیثیت سے آباد اور مصروف کار ہے اور مہاراشٹر بالخصوص ودربھ، مراٹھواڑا اور خاندیش کے علاقوں میں اس کے لاکھوں پیروکار موجود ہیں۔
مہانوبھاؤ پنتھ کے پیروکار بھگوان کرشن اور دیگر چار ہستیوں کی پوجا کرتے ہیں، جن کے نام دتاتریہ (یک سِری)، چکرپانی، گووند پربھو اور سروگیہ شری چکردھر ہیں۔
- دتاتریہ: یہ تریتا یگ کے اوتار ہیں۔ وہ اتری اور انَسویا کے فرزند ہیں۔ دتاتریہ کو مہانوبھاؤ نظریے کا اولین محرک تسلیم کیا جاتا ہے۔
- کرشن: یہ دواپر یگ کے اوتار اور پرمیشور کی برتر شکل ہیں۔ انھوں نے ہی ارجن کو بھگود گیتا کا درس دیا تھا۔
- چکرپانی (پربھو): مہانوبھاؤ عقیدے کے مطابق، یہ کل یگ میں پرمیشور کے پہلے اوتار ہیں۔ وہ 1121ء میں پھلتان کے ایک کرہاڈے برہمن خاندان میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام جنک نائیک اور والدہ کا نام جنکائیسہ تھا۔ جب وہ ماہُر میں تھے، تب دتاتریہ نے انھیں باطنی فیض (بیعت) سے سرفراز کیا۔ اس کے بعد وہ 37 برس تک دوارکا میں مقیم رہے۔ انھوں نے 52 اشخاص کو علمِ الہیٰ سے منور کیا۔ گووند پربھو ان کے سب سے ممتاز شاگرد تھے۔
- گووند پربھو: انھیں کل یگ کا دوسرا اوتار مانا جاتا ہے۔ گووند پربھو 1187ء میں ضلع امراوتی کے قصبے کات سور میں ایک کانو برہمن خاندان میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد اننت نائیک اور والدہ نیمائیسہ تھیں۔ شری چکردھر سوامی ان کے شاگرد تھے۔ انھوں نے ضلع امراوتی کے مقام رُدھی پور کو اپنا مسکن بنایا۔ مہانوبھاؤ پیروکاروں کا ایمان ہے کہ وہ اب بھی حیات ہیں۔
- سروگیہ شری چکردھر پربھو: یہ کل یگ کے آخری اوتار ہیں اور انھیں کرشن ہی کا ایک روپ سمجھا جاتا ہے۔ مہانوبھاؤ عقیدے کے مطابق چکردھر سوامی ہمالیہ میں واقع بدریکاشرم میں آج بھی زندہ موجود ہیں۔
شمالی ہند میں مہانوبھاؤ پنتھ کے پہلے مبلغ کرشن راج (عرف کرشن منی) تھے، جو کوٹ سارنگ کے پنجابی کھتری تاجر تھے۔ وہ پندرھویں صدی میں پیدا ہوئے۔ وہ اپنے کاروبار کے سلسلے میں برار (ورہاڈ) جایا کرتے تھے، جہاں ان کی ملاقات کَویشور آمنائے کے مادھوراج بُوا سے ہوئی اور وہ ان کے حلقہ بگوش ہو گئے۔ ان کے ساتھی اور شاگرد سنت راج اور ودھی چندر شرما پنجاب میں مہانوبھاؤ نظریے کی اشاعت میں خاصے سرگرم رہے۔ سولھویں اور سترھویں صدی میں مہانوبھاؤ پنتھ شمالی ہند میں مستحکم ہو چکا تھا۔ مہانوبھاؤ پیروکاروں نے پنجاب، بالائی دوآبہ، کانگڑا، کشمیر، شمال مغربی سرحدی صوبہ اور دور دراز خطوں مثلاً افغانستان کے شہر کابل اور قندھار تک اپنے مندر، مٹھ اور پاٹھ شالائیں قائم کر لی تھیں۔[9] تقسیمِ ہند کے بعد مہانوبھاؤ پیروکاروں کی اکثریت نے بھارت ہجرت کی۔ اب بھی شمالی ہند کے بڑے شہروں جیسے دہلی، امرتسر، چنڈی گڑھ، لدھیانہ، ہوشیارپور، جالندھر، پٹھان کوٹ، جموں، انبالہ، سہارنپور، میرٹھ اور سولن وغیرہ میں مہانوبھاؤ کے کئی مندر اور مٹھ موجود ہیں جہاں ہزاروں پیروکار قیام پزیر ہیں۔ اس کے علاوہ کرشن سے منسوب اہم مذہبی مقامات جیسے دوارکا، متھرا اور کروکشیتر میں بھی مہانوبھاؤ مندر واقع ہیں۔
چکردھر
[ترمیم]چکردھر (جنھیں اس فرقے میں "سروگیہ شری چکردھر سوامی" کے نام سے یاد کیا جاتا ہے) وہ پہلی شخصیت تھے جنھوں نے مہانوبھاؤ سمپردائے کے فلسفے کی بنیاد رکھی اور اسے باقاعدہ پیش کیا۔ انھوں نے "پنج کرشن" (پانچ کرشن) کا نظریہ وضع کیا، جو مہانوبھاؤ کے پیروکاروں کے لیے عبادت و بندگی کے مرکزی ستون قرار پائے۔
چکردھر کی پیدائش ایک مراٹھی دیشستھ براہمن خاندان میں ہوئی۔[10] انھوں نے سماج کے ہر طبقے اور گروہ میں گھل مل کر زندگی گزاری۔ اپنے فلسفے کی تبلیغ و اشاعت کے لیے انھوں نے عوامی زبان کا سہارا لیا تاکہ ان کی بات عام آدمی کے دل میں گھر کر جائے۔ ان کا اندازِ بیاں نہایت پُرکشش، جامع اور معانی سے لبریز تھا، جس میں اختصار کے ساتھ ساتھ گہرائی بھی ہوتی تھی۔ انھوں نے اپنے مریدین اور شاگردوں کو سختی سے اس بات کی تلقین کی کہ وہ اپنی تحریروں کے لیے صرف مراٹھی زبان ہی کو وسیلۂ اظہار بنائیں۔
فلسفہ
[ترمیم]مہانوبھاؤ فلسفے کے مطابق اس کائنات میں چار ابدی حقیقتیں موجود ہیں جو "پرمیشور" (خدا)، "جیو" (روح)، "دیوتا" (دیومالائی اور مافوق الفطرت ہستیاں) اور "پرپنچ" (دنیا) کہلاتی ہیں۔ یہ چاروں ہستیاں غیر تخلیق شدہ، غیر فانی اور ایک دوسرے سے آزاد اور خود مختار ہیں۔ پرپنچ کی دو قسمیں ہیں - "سوکشم" (مادہ) یا "کارن پرَپنچ" اور "استھول" (مادی کائنات) یا "کاریہ پرپنچ"۔ "کارن پرپنچ" لافانی ہے لیکن "کاریہ پرپنچ" فانی اور زوال پزیر ہے۔ پرمیشور اس کائنات کی برتر اور عظیم ترین حقیقت ہے۔ وہ واحد، یکتا، کامل، قادرِ مطلق، علیم و خبیر، حاضر و ناظر، غیر شخصی (نراکار) اور مطلق ہے۔
اس کائنات میں لاتعداد روحیں (جیو) اور مادی دنیائیں (استھول پرپنچ) موجود ہیں۔ مایا سمیت دیوتاؤں کی کل تعداد 810,125,010 بتائی جاتی ہے۔ جیو کا اصل مقصد موکش کا حصول ہے، جبکہ دیوتا اس راہ میں ایک طاقتور رکاوٹ ثابت ہوتے ہیں۔ تمام دیوتا پرمیشور (خدائے برتر) کے تابع ہیں اور مایا کی مدد سے مادی کائنات کی تخلیق میں اس کے معاون بنتے ہیں۔ یہ مادی دنیا "پنچ تتو" یعنی آکاش (خلا)، وایو (ہوا)، تیجس (آگ)، آپس (پانی)، پرتھوی (مٹی) اور "تریگن" یعنی ستو، رجس اور تمس پر مشتمل ہے۔
مہانوبھاؤ کی تعلیمات کا مرکز بنیادی طور پر جیو اور پرمیشور کا باہمی تعلق ہے۔ انسان قادرِ مطلق کے اعمال کو یاد کر کے "بھکتی" کی مشق کر سکتا ہے۔ نجات کے خواہش مند (طالبِ صادق) کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے ملک، گاؤں اور رشتہ داروں کی محبت قربان کر کے اپنی زندگی رب کے حضور پیش کر دے۔ چکردھر نے اپنے پیروکاروں کو یہ بھی تعلیم دی کہ انھیں کب، کہاں، کیسے اور کتنی بھیک (صدقہ) مانگنی چاہیے۔
| ویدانت کے مکاتبِ فکر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| مہانوبھاؤ ویدانت کا ذیلی مکتبِ فکر نہیں ہے، اگرچہ اس میں ویدانتی فلسفے کے ساتھ کچھ مماثلتیں پائی جاتی ہیں۔ مہانوبھاؤ درشن بھارتی فلسفے کا ایک منفرد دبستان ہے جو بھکتی کے تصور پر زور دیتا ہے۔[11] | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جدول کے حواشی، حوالہ جات اور مآخذ حواشی اور حوالہ جات
مآخذ
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
مہانوبھاؤ فلسفہ اس بات پر اصرار کرتا ہے کہ مادی دنیا کے ہر ذی روح کو صرف پرمیشور ہی موکش (آواگون کے چکر سے حتمی نجات) عطا کر سکتا ہے۔ لہٰذا جیو کو چاہیے کہ وہ چھوٹے دیوتاؤں یا مظاہرِ فطرت کی ارواح کی بجائے صرف پرمیشور کی عبادت کرے۔ پرمیشور کی اصل "نرگن" (غیر متعین) شکل کی تجسیم کی غرض سے مہانوبھاؤ پانچ اوتاروں کے روپ میں پرمیشور کی پوجا کرتے ہیں۔ مہانوبھاؤ فلسفے کا ایک اہم ترین پہلو زھد ہے۔ اس کی چار جہتی تعلیمات عدم تشدد، تجرد (برہما چاریہ)، رہبانیت اور بھکتی پر مشتمل ہیں۔ ان پانچ اوتاروں کی عقیدت میں شامل ضروری تصورات ان کے مختلف پہلوؤں مثلاً ان کے نام، صورت یا شکل، سرگرمیاں، کارنامے، ان کے کہے ہوئے الفاظ (شروتی)، ان سے وابستہ یادیں (اسمرتی) اور ان کی عطا کردہ برکتوں کی یاد دہانی کے لیے ہیں۔ مہانوبھاؤ عقیدے میں روزانہ تین مرتبہ "پنچ اوتار" کی "نتیہ پوجا" اور ان کے ناموں کی تسبیح بھی شامل ہے۔ پیروکار ان پانچ اوتاروں کی زندگیوں سے وابستہ واقعات، اشیا اور مقامات کا "سِمرن" (یاد) بھی کرتے ہیں۔ مہانوبھاؤ کے پیروکار ردھی پور، جالیچا دیو، ڈوم گرام، پئے ٹھن، ماہور، پھلتان اور پنچالیشور جیسے مقاماتِ زیارت کی یاترا کرتے ہیں۔[12]
مہانوبھاؤ نظریے کا مرکزی موضوع یہ ہے کہ "روح کو محسوس کرو، جسم کو نہیں"۔ ایک فقیرانہ زندگی گزارتے ہوئے اور سخت زہد کی مشق کرتے ہوئے، عقیدت مند کو اس اصول کے تحت زندگی گزارنا چاہیے کہ "خدا میرا ہے اور میں خدا کا ہوں"۔ ان کے ضابطۂ اخلاق کا نچوڑ پیروکاروں کی فلاح کے لیے اس ایک جملے میں سمو دیا گیا ہے: "اگر سر قلم بھی کر دیا جائے، تب بھی جسم کو خدا کی عبادت کرنی چاہیے"۔
سخت سبزی خوری کی تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ، مہانوبھاؤ پنتھ شراب کے استعمال سے روکتا ہے اور عدم تشدد کا درس دیتا ہے۔ چوری، جوا، شکار اور بدکاری وغیرہ سختی سے ممنوع ہیں اور انھیں کبیرہ گناہ تصور کیا جاتا ہے۔ مہانوبھاؤ عقیدہ ویدک رسومات کو تو مسترد کرتا ہے مگر ویدک فلسفے کو نہیں۔ مہانوبھاؤ شری چکردھر سوامی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہیں۔ وہ ذات پات کے نظام، ورن کی بالادستی اور ہر قسم کے سماجی امتیاز کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ ان کا ایمان ہے کہ ہر شخص کو موکش حاصل کرنے کا حق ہے، خواہ اس کا تعلق کسی بھی ورن یا ذات سے ہو۔
مہانوبھاؤ فلسفے کا ارتقا شاید بارھویں صدی عیسوی میں چکرپانی پربھو کے عہد میں شروع ہوا، تاہم چکردھر سوامی نے تیرھویں صدی عیسوی کے آخری نصف میں اسے منظم اور مربوط شکل بخشی۔[6]
ادب
[ترمیم]مہانوبھاؤ ادب عموماً فنِ خطابت اور تفاسیر پر مشتمل ہے۔ اس سمپردائے کے گیانیوں نے خدا کے پانچ اوتاروں کی صفات پر مبنی متعدد رسائل تصنیف کیے، تذکرہ نگاری کے ذریعے سنتوں کے حالاتِ زندگی جمع کیے اور فرقے کی تاریخ پر مبنی یاداشتیں قلمبند کیں۔ قرونِ وسطیٰ میں مہانوبھاؤ مفکرین نے مراٹھی زبان میں بیش بہا علمی ذخیرہ تخلیق کیا، جن میں "بھگود گیتا"، "لیلا چرتر" اور "سوتر پاٹھ" کی تفاسیر؛ شری کرشن کی زندگی پر مبنی رزمیہ داستانیں اور مختلف حوالہ جاتی کتب مثلاً لغات، وقائع نگاری، سوانح عمری، سفرنامے اور شجرۂ نسب قابل ذکر ہیں۔ مہانوبھاؤ مراٹھی ادب میں حکایات، تمثیل، لوک گیت، مناجات، حمد و ثنا، منظوم کلام اور وظائف جیسی متنوع اصنافِ سخن ملتی ہیں۔ ان ادیبوں نے قدیم مراٹھی زبان کے قواعد اور اشتقاقیات پر بھی کام کیا۔ اس کے علاوہ انھوں نے پرانوں کو سامنے رکھ کر متعدد ایسے رسائل بھی لکھے جو مہانوبھاؤ سمپردائے کے فلسفے کی تشریح میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ مراٹھی کو ادبی زبان کے طور پر برتنے والے یہ اولین مصنفین تھے۔ انھیں مراٹھی نثر کا بانی یا "نقیب" کہا جا سکتا ہے؛ انھوں نے مراٹھی میں پہلی بار کئی نثری اصناف متعارف کرائیں۔ قدیم مراٹھی کا نثری ادب تقریباً تمام کا تمام مہانوبھاؤ ادیبوں کا مرہونِ منت ہے۔[5] مراٹھی زبان کی خالص شکل مہانوبھاؤ ادب میں جا بجا بکھری نظر آتی ہے۔ مراٹھی کو ان کے ہاں مذہب اور پوجا کی زبان کا درجہ حاصل ہے، یہاں تک کہ وہ پیروکار جن کی مادری زبان مراٹھی نہیں ہے، وہ بھی مراٹھی ہی میں "سوتر" پڑھتے اور مناجات کرتے ہیں۔
"لیلا چرتر" مراٹھی زبان میں لکھی گئی اولین سوانح عمریوں میں سے ایک مانی جاتی ہے۔ یہ مہانوبھاؤ سمپردائے کا پہلا صحیفہ ہے جسے مہائیم بھٹ نے مرتب کیا۔ ان کی دوسری اہم تخلیق "شری گووند پربھو چرتر" یا "رُدھی پور چرتر" ہے، جو ان کے گرو شری گووند پربھو کی سوانح عمری ہے اور 325 واقعات (اعمال) پر مشتمل ہے۔ یہ کتاب غالباً 1288ء میں شری پربھو کی وفات کے فوراً بعد لکھی گئی۔
لیلا چرتر کے علاوہ کیشو راج سوری (کیشی راج ویاس)، جنھیں کیسوباس بھی کہا جاتا ہے، انھوں نے چکردھر سوامی کے ملفوظات اور ارشادات کو "سدھانت سوتر پاٹھ" کے نام سے جمع کیا۔ انھوں نے لیلا چرتر کے واقعات کا رتن مالا کے نام سے سنسکرت میں ترجمہ بھی کیا۔ ان کی ایک اور تصنیف "درشٹانت پاٹھ" ہے جو 1280ء میں مرتب ہوئی، اس کا سنسکرت نسخہ "درشٹانت استوترم" کے نام سے معروف ہے۔ سمپردائے کے پہلے آچاریہ ناگدیو اچاریہ نے اپنے مریدوں اور رفیقوں کو اس امر کی ترغیب دی کہ وہ سروگیہ چکردھر کی تعلیمات پر رسائل لکھیں۔ ناگدیو کی یاداشتیں نریندر، مالوباس اور پارس رام باس نے 1312ء میں مرتب کیں، جو "اسمرتی استھل" کے نام سے مشہور ہیں۔ بائی دیو باس نے "پوجا وسر" لکھی جس میں چکردھر سوامی کے روزمرہ کے معمولات کا ذکر ہے۔
اس طرح سات اہم کتابیں بھی تحریر کی گئیں جنھیں "ستی گرنتھ" کہا جاتا ہے اور فرقے کے پیروکار انھیں مستند تسلیم کرتے ہیں۔ ان کتابوں اور ان کے مصنفین کی تفصیل درج ذیل ہے:
- نریندر : رکمنی سویمور (1292ء)
- بھاسکر بھٹ بوریکر : شیشوپال ودھ (1312ء)
- بھاسکر بھٹ بوریکر : ادھو گیتا (1313ء)
- دامودر پنڈت : وچھ ہرن (1316ء)
- راولوباس : سہیادری ورنن (1353ء)
- ناروباس بہالیہ : رُدھی پور ورنن (1418ء)
- وشوناتھ بالا پورکر : گیان پربودھ (1418ء)
نریندر اور ان کے بھائی سالا اور نرسنہ رام دیو راؤ یادو کے درباری شعرا تھے۔[13] دامودر پنڈت اور بھاسکر بھٹ بوریکر کا شمار قدیم ترین مہانوبھاؤ شعرا میں ہوتا ہے۔ مہدمبا (جو مہدائیسہ کے نام سے بھی معروف ہیں) اس سمپردائے کی ممتاز شاعرہ تھیں اور انھیں تیرھویں صدی کی مراٹھی زبان کی پہلی معلوم شاعرہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ مہانوبھاؤ شاعری مختلف اسالیب اور اصنافِ سخن میں ملتی ہے۔ کئی شعرا نے اپنا کلام سنسکرت میں بھی تخلیق کیا۔
بعد کے ادوار میں ہئے گریواچاریہ نے "بھاگوت" کے دسویں باب پر مبنی "گڈیا راجا" لکھی۔ پنڈت بھیشم منی نے چودھویں صدی میں قدیم مراٹھی کی قدیم ترین دستیاب گرامر "پنچ ورتیکا" تصنیف کی۔ اسی صدی کے آخری نصف میں نیائے باس نے "لیلا چرتر" کی شرح "ہیتو استھل" لکھی اور بھیشم اچاریہ ویندیشکر نے "نِرُکت شیش" تحریر کی۔ چودھویں اور پندربویں صدی عیسوی کے درمیان "استھان پوتھی" اور "تیرتھ مالیکا" جیسے سفرنامے مرتب ہوئے۔ گجرات سے تعلق رکھنے والے ایک آچاریہ گجر شیو باس نے پندرھویں صدی عیسوی میں سدھانت سوتر پاٹھ کی تین تفاسیر لکھیں جن کے نام "آچار استھل"، "وچار استھل" اور "لکشن استھل" ہیں۔ انھوں نے "مہا واکیہ پرمیہ" اور "تھورلی پرساد سیوا" بھی تصنیف کیں۔ گجر شیو باس کے بھتیجے سونگو باس نے "انویا استھل" کے ذریعے اپنے عہد تک کی مہانوبھاؤ تاریخ کو قلم بند کیا۔ پندرھویں صدی عیسوی کے نامور ادیب چل ہنا نے "ستوانوواد" اور "گیان پرکاش" جیسے شاہکار تخلیق کیے۔ ان کے شاگرد نرسنہ پنڈت نے "سنکیت گیتا" لکھی۔ اننت منی کرنجکر نے سمپردائے کی مشہور یاداشتیں "وردھ اچار" کے عنوان سے مرتب کیں۔ مزید برآں وشواناتھ باس بڈکر، اودھوت منی ویندیشکر اور دت راج مراٹھے جیسے مفکرین نے بھی سوتر پاٹھ کی اہم تفاسیر لکھیں۔
سولھویں صدی میں کرشن منی ڈمبھا ایک ممتاز شاعر کے طور پر ابھرے۔ انھوں نے "پھلتان مہاتمیہ" لکھی، جو چکرپانی پربھو کی سوانح عمری ہے۔ ان کی دیگر کتب میں "سادھن امرت استوتر" اور "بھگود گیتا مہاتمیہ" شامل ہیں۔ چکرپانی ویاس نے جو راجستھان کے ایک سرسوت براہمن تھے اور بعد میں ردھی پور میں سکونت اختیار کر لی تھی، سولھویں صدی کے اواخر میں "درشٹانت استھل" تحریر کی۔ اس صدی کے دیگر اہم شعرا میں لکشادھیر، مراری مل، نورس نارائن اور ایلہنا شامل ہیں۔ لکشادھیر کی کتاب "مہاراشٹر کاویہ دیپیکا" ایک عظیم علمی کارنامہ ہے جس میں مراٹھی کی شعری اصناف اور "اووی" (Ovi) کی اقسام بیان کی گئی ہیں۔ نورس نارائن نے مراٹھی میں مہا بھارت لکھی، جس کا بدقسمتی سے آج صرف ایک باب دستیاب ہے۔ اٹھارھویں صدی میں ایک مسلم آچاریہ شاہ منی نے مہانوبھاؤ فلسفے کے اصولوں کی تشریح کے لیے "سدھانت بودھ" کے نام سے ایک رسالہ تحریر کیا۔[9]
مہانوبھاؤ ادیبوں نے ہندی، پنجابی اور گجراتی زبانوں میں بھی بہت کام کیا۔ قرونِ وسطیٰ میں شمالی ہند کے مہانوبھاؤ ادیبوں میں ناگ راج ویاس اور گورسوامی نمایاں ہیں۔ برطانوی عہد میں ہری راج مہاتما مسافر، چکردھری بیزار اور گوپی راج بابا جیسے مصنفین نے گراں قدر خدمات انجام دیں۔
اپنے ادب کی حفاظت اور اسے دوسروں کی نظروں سے پوشیدہ رکھنے کے لیے مہانوبھاؤ فرقے نے کئی خفیہ رسم الخط (Code-scripts) مثلاً 'سکل لپی'، 'سندری لپی'، 'شونیہ لپی' اور 'آنکا پلّوی لپی' وغیرہ وضع کیے تھے۔ مہانوبھاؤ شعرا نے مراٹھی، سنسکرت اور دیگر زبانوں میں پنج کرشن اوتاروں کی شان میں بے شمار مناجات اور بھجن بھی تخلیق کیے جو عقیدت و محبت کا بہترین نمونہ ہیں۔
مطبوعات
[ترمیم]مہانوبھاؤ پنتھ "مہانوبھاؤ سندیش" کے نام سے ایک اخبار مراٹھی اور ہندی زبانوں میں شائع کرتا ہے۔ مستقبل میں انگریزی ایڈیشن کا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے۔[14]
حوالہ جات
[ترمیم]- ↑ Saryu Doshi (1985ء)۔ Maharashtra۔ Marg Publications۔ ص 61۔ OCLC:473550290
- ↑ Anne Feldhaus (1983ء)۔ The religious system of the Mahānubhāva sect: the Mahānubhāva Sūtrapāṭha۔ South Asian studies, 12۔ New Delhi: Manohar۔ ISBN:9780836410051
- ↑ Kumar Ravi Priya؛ Ajit Kumar Dalal (2016ء-04-01)۔ Qualitative Research on Illness, Wellbeing and Self-Growth: Contemporary Indian Perspectives۔ Routledge۔ ISBN:978-1-134-93347-1
{{حوالہ کتاب}}: تحقق من التاريخ في:|تاریخ=(معاونت) - 1 2 Indian History۔ Allied Publishers۔ 1988ء۔ ISBN:9788184245684
- 1 2 S. G. Tulpule, Mahānubhāva pantha āṇi tyāce vāṅmaya (महानुभाव पंथ आणि त्याचे वाङ्मय), Venus Prakashan, Pune, 1976, pp. 2-9
- 1 2 "Mahanubhav Panth". Hinduism Facts | Facts about Hindu Religion (بزبان امریکی انگریزی). 15 June 2011. Archived from the original on 2019ء-01-17. Retrieved 2019ء-01-11.
{{حوالہ ویب}}: تحقق من التاريخ في:|تاریخ رسائی=and|آرکائیو تاریخ=(help) - ↑ R. C. Dhere, Chakrapani, Vishwakarma Sahityalay, 1977ء, pp. 211-213
- ↑ Kunda Chaudhari (1982) Mahanubhavanchi Pujasthananirmiti. In V. B. Kolte, Nagrajbaba Mahanubhav, Y. M. Pathan and P. C. Nagpure (eds.). Shrichakradhara Darshana (श्रीचक्रधर दर्शन), Maharashtra Rajya Sahitya Sanskruti Mandal. pp. 400-406
- 1 2 Yashwant Khushal Deshpande (1916ء)۔ Mahanubhaviya Marathi Vangamaya (महानुभावीय मराठी वाङ्मय)۔ Vidarbha Sahitya Sangh۔ ص 30–100۔ ISBN:978-1179081137
- ↑ Rosalind O'Hanlon؛ David Washbrook (2 جنوری 2014)۔ Religious Cultures in Early Modern India: New Perspectives۔ Routledge۔ ص 201۔ ISBN:9781317982876۔ اخذ شدہ بتاریخ 2014-01-02۔
دیشستھ براہمن سوامی چکردھر کے بارے میں مشہور ہے کہ انھوں نے 1267ء میں قریبی مقام پیتھن میں اپنی مہانوبھاؤ برادری کی بنیاد رکھی۔
- ↑ R. B. Meshram, Bharatiya Darshane ani Mahanubhava Tattvadnyana (भारतीय दर्शने आणि महानुभाव तत्त्वज्ञान), Mahanubhav Sahitya Prakashan, Malwadgaon, 2006, pp.20-21
- ↑ V. B. Kolte, Mahanubhava Tattvadnyana (महानुभाव तत्त्वज्ञान), Arun Prakashan, Malkapur, 1956.
- ↑ V. B. Kolte, Rukminiswayamvara (रुक्मिणीस्वयंवर), Arun Prakashan, Malkapur, 1966, p.9.
- ↑ "Mahanubhava Sandesh website"۔ 2015-05-30 کو اصل سے آرکائیو کیا گیا۔ اخذ شدہ بتاریخ 2015-05-30
حواشی
[ترمیم]- "History of Mahanubhava via Dandvat.Com"۔ 31 دسمبر 2015ء۔ 2024-11-27 کو اصل سے آرکائیو کیا گیا۔ اخذ شدہ بتاریخ 2026-02-22
- "بی بی سی ریڈیو 4 - ان آور ٹائم، بھگود گیتا" (بزبان انگریزی).
مزید پڑھیے
[ترمیم]- Ayyappappanikkar (1997ء)، Medieval Indian Literature Volume 2، Sahitya Academy، ISBN:81-260-0365-0
- B.B.Gaikwad (2004ء)، Sarvdnya، Shrikrushna Prakashan
- Sisir kumar Das (2005ء)، A History of Indian Literature, 500-1399: From Courtly to Popular، Sahitya Academy، ISBN:81-260-2171-3