مندرجات کا رخ کریں

میلو ڈراما

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

میلو ڈراما کا مطلب گیتوں بھرا ڈراما ہے۔ سولھویں صدی عیسوی کے بالکل آخر میں جب اٹلی میں اوپیرا لکھنے کا آغاز ہوا تو میلو ڈراما بھی سامنے آیا۔ اوپیرا کلاسیکی المیے میں نئی جان ڈالنے کی کوشش تھی۔ موسیقی اور ڈرامے کا یہ آمیزہ یا اوپیرا ہوتا تھا یا میلو ڈراما۔ اٹھارویں صدی عیسوی کے آخر میں فرانسیسی ڈراما نگاروں نے میلو ڈرامے کی کایا ہی پلٹ دی۔ ظاہری شان و شوکت، پُر جوش عمل، تشدد، سنسنی اور لفاظی کے اس معجونِ مرکب نے بڑی مقبولیت حاصل کر لی۔ انیسویں صدی عیسوی میں گوتھک ناول کے فروغ سے میلو ڈرامے کو مزید تقویت ملی۔

اب میلو ڈراما سے ایسا ڈراما (یا ناول جس میں میلو ڈرامائی رنگ پایا جائے) مراد ہے جس کے مرکزی کردار سراپا خیر ہوں یا شر اور جس میں رونگٹے کھڑے کر دینے والے واقعات قتل و غارت، تشدد اور مار دھاڑ ٹھونس دیے گئے ہوں اور حسب ضرورت، رنگ چوکھا کرنے کی غرض سے، بھوتوں، غولوں، ویمپائر اور اسی قبیل کی ما فوق الفطرت مخلوق سے بھی مدد لی گئی ہو۔ جس میلو ڈرامے پر واقعیت پسندی کا رنگ غالب ہو ان میں کردار نشے میں دھت نظر آتے ہیں اور جوئے اور قتل جیسی گری ہوئی حرکتوں کا ارتکاب کرتے ہیں۔ مختصر یہ کہ میلو ڈراما وہ ہے جس میں ڈراؤنے واقعات اور سنسنی خیزی کی بھر مار ہو اور عبارت آرائی سے کام لیا گیا ہو۔[1]

حوالہ جات

[ترمیم]
  1. سہیل احمد خان؛ محمد سلیم الرحمٰن، مدیران (2005)۔ منتخب ادبی اصطلاحات۔ لاہور: شعبۂ اردو، جی سی یونیورسٹی۔ ص 133