نیش خلیہ داران
نیش خلیہ داران یا نیڈیریا (انگریزی: Cnidaria) عالم حیوانات کی ایک قوم ہے۔ اس کو بعض اوقات مرجانیہ (Coelenterata) کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے۔ اس فائیلم (قوم) میں 11000 انواع پائی جاتی ہیں جو زیادہ تر سمندری ماحول میں ملتی ہیں۔ پھول مونگا (Sea-anemone) مرجان (Coral)، جیلی فش اور ہائیڈرا نیش خلیہ داران کے اہم ارکان ہیں۔ یہ خرد بینی سائز سے لے کر تقریبا 2 میٹر قطر تک کے ہوتے ہیں۔ یہ بہت سادہ جانور ہیں اور حیوانی ترقی کے دوسرے مرحلے کے نمائندہ جاندار ہیں جن کے خلیے مل کر بافت بناتے ہیں۔
نیش خلیہ داران کا جسم ایک کھوکھلے تھیلے کی طرح ہوتا ہے۔ یہ حیوانات خوراک اندر لے جانے اور فاضل مواد (ویسٹ) باہر نکالنے کے لیے ایک ہی سوراخ استعمال کرتے ہیں، جس کے گرد موجود گیرے (ٹینٹی کل) خوراک پکڑتے اور منھ میں لے جاتے ہیں۔ نیش خلیہ داران چھوٹے غیر فقاریہ حیوانات اور مچھلیاں کھاتے ہیں۔ کچھ نیش خلیہ داران کے نیش خلیے (اِسٹنگنگ سیل) ان کے گیروں میں بھی پائے جاتے ہیں جو نیش کیسے (نیمٹوسِسٹ) کہلاتے ہیں۔ یہ نیش کیسے چھوٹے چھوٹے نیزوں کی طرح ہوتے ہیں۔ شکار کا لمس پا کر یہ نیش کیسے اسے ڈنک سے بے ہوش کر دیتے ہیں۔ نیش خلیہ داران جنسی اور غیر جنسی دونوں طرح سے تولید کر سکتے ہیں۔ پولپ (Polyp) ایک تھیلا نما جاندار ہے، جو پانی میں پتھروں پر لنگر ڈالے ہوتا ہے اور ایک پودے کی طرح دکھائی دیتا ہے۔ ان سے جیلی فش جیسے نجم البحر پیدا ہوتے ہیں۔ یہ نجم البحر پانی میں تیرتے ہوئے کسی پتھر پہ یتیم ہو جاتے ہیں اور مزید پولپ بنانا شروع کر دیتے ہیں۔[1]