ویکیپیڈیا:منتخب مضامین/2018/ہفتہ 35

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

ڈبلن جمہوریہ آئرلینڈ کا دار الحکومت اور سب سے بڑا شہر ہے۔ ڈبلن آئرلینڈ کے مشرقی ساحل پر صوبہ لینسٹر میں دریائے لفی کے دہانے پر واقع ہے۔ اس کے جنوب میں سلسلہ کوہ ویکلو واقع ہے۔ شہر کے شہری علاقے کی آبادی 1،173،179 ہے۔ کاؤنٹی ڈبلن کی آبادی بمطابق 2016ء 1،347،359 ہے، جب کہ گریٹر ڈبلن علاقہ کی آبادی 1،904،806 نفوس پر مشتمل ہے۔

آثار قدیمہ کے ماہرین میں یہ بات اب بھی زیر بحث ہے کہ ساتویں صدی میں کیلٹک زبان بولنے والوں نے ٹھیک کس مقام پر ڈبلن کو آباد کیا تھا۔ بعد میں اس کی توسیع بطور وائی کنگ آبادی ہوئی، نارمن حملے کے بعد مملکت ڈبلن جزیرہ آئرلینڈ کا مرکزی شہر بنا۔ شہر نے سترہویں صدی کے بعد بہت تیزی سے ترقی کی 1800ء میں یونین ایکٹ 100 سے قبل یہ کچھ عرصہ کے لیے سلطنت برطانیہ کا دوسرا سب سے بڑا شہر تھا۔ 1922ء میں آئرلینڈ کے تقسیم کے بعد ڈبلن آئرش آزاد ریاست (بعد میں نام تبدیل کر کے جمہوریہ آئرلینڈ رکھا گیا) کا دار الحکومت بنا۔

2010ء میں گلوبلائزیشن اینڈ ورلڈ سٹیز ریسرچ نیٹ ورک نے اسے عالمی شہر کا درجہ "الفا" عطا کیا جس سے یہ دنیا کے تیس بہترین شہروں میں شمار ہوتا ہے۔ یہ تعلیم، فنون، انتظامیہ، معیشت اور صنعت کا ایک تاریخی اور معاصر مرکز ہے۔