ویکیپیڈیا:یتیم
یہ ایک صفحۂ معلومات ہے جو قوانین ویکیپیڈیا کے ذیل میں برادری کے اتفاق رائے کو ظاہر کرتا ہے۔ چونکہ بذات خود یہ کسی ہدایت یا حکمت عملی کا حصہ نہیں ہے، بلکہ یہ دیگر ویکیپیڈیا ہدایات اور حکمت عملی کا ضمیمہ ہے؛ اس لیے براہ کرم حالیہ صفحہ اور متعلقہ حکمت عملی صفحہ کے درمیان تضاد کی صورت میں اصل حکمت عملی صفحہ کو ترجیح دیں اور اسی کا حوالہ دیں۔ |
ویکیپیڈیا کی اصطلاح میں یتیم ایسے مضمون کو کہتے ہیں جس کا ربط ویکیپیڈیا کے دیگر مضامین میں موجود نہ ہو۔ ایسے یتیم مضامین کو خانہ تلاش کی مدد سے بھی ڈھونڈ کر نکالا جا سکتا ہے لیکن ویکیپیڈیا کی ترجیح یہی ہے کہ ان مضامین کے روابط کو دیگر متعلقہ مضامین میں شامل کیا جائے۔ اس لحاظ سے ربط کاری کا یہ عمل ویکیپیڈیا کے اہم ترین کاموں میں شمار ہوتا ہے۔
یتیم کیا ہے؟
[ترمیم]ایسے متعدد عوامل ہیں جن کی وجہ سے کسی مضمون یا صفحہ کو یتیم قرار دیا جا سکتا ہے:
- یتیم مضمون: وہ کہلاتا ہے جس کا ربط دیگر مضامین میں نہ ہو۔
- الگ تھلگ مضمون: اس مضمون کو کہا جاتا ہے جس تک صفحہ اول پر موجود روابط کی مدد سے نہ پہنچا جا سکے۔
- فصیل بند باغ: اصطلاح کا اطلاق اس مجموعہ مضامین پر ہوتا ہے جو آپس میں مربوط لیکن ویکیپیڈیا کے دوسرے مضامین سے بالکل کٹے ہوئے ہوں۔ اس صورت میں مضامین کا یہ پورا مجموعہ یتیم ہے۔
- یتیم منصوبہ صفحہ: اس صفحہ کو کہتے ہیں جس کا عنوان "ویکیپیڈیا:" کے سابقہ سے شروع ہو اور وہ دیگر ہم لاحقہ مضامین (یعنی ویکیپیڈیا نام فضا کے مضامین) سے مربوط نہ ہو۔
- یتیم تصویر: سے مراد ایسی تصویر ہے جسے کسی مضمون میں استعمال نہ کیا گیا ہو۔
یتیم مضمون کیوں ناپسندیدہ ہے؟
[ترمیم]چونکہ یتیم مضامین ویکیپیڈیا کے دوسرے مضامین سے مربوط نہیں ہوتے اس لیے ان تک پہنچنا خاصا مشکل ہے بلکہ ان تک محض خانہ تلاش کے ذریعہ یا کسی اتفاق سے ہی پہنچا جا سکتا ہے۔ اس بنا پر بہت کم افراد ان مضامین کے وجود سے واقف ہو پاتے ہیں اور نتیجتاً ان کے قارئین کم اور اصلاح و اضافہ کے مواقع کمتر ہو جاتے ہیں۔
خصوصاً اگر موضوع مبہم ہو تو ان تک پہنچنا مزید دشوار ہوتا ہے۔ اس صورت میں ان مضامین تک پہنچنے کے ذرائع ان کے لکھنے والے صارفین، ویب پر تلاش، زمرہ جات کا مطالعہ، صارفین کی شراکتیں یا جستہ جستہ مطالعہ ہی ہوتے ہیں۔
یتیمی دور کریں
[ترمیم]پہلا قدم: متعلقہ مضمون بنائیں
[ترمیم]اگر کسی مضمون میں {{یتیم}} کا ٹیگ چسپاں نظر آئے تو اس کے موضوع سے متعلق دوسرا مضمون تلاش کریں۔ کوئی مضمون مل جائے تو بہتر ورنہ اس موضوع سے متعلق نیا مضمون تحریر کرنے کی کوشش کریں۔ نیز موضوع سے متعلق موجود مضامین کو یکجا کرکے انہیں ایک ناؤ سانچہ میں بھی رکھا جا سکتا ہے۔ اس طرح مضمون کی یتیمی ختم ہو جائے گی اور وہ ویکیپیڈیا کے دیگر مضامین سے مربوط ہو جائے گا۔
دوسرا قدم: داخلی روابط شامل کریں
[ترمیم]موضوع سے متعلق اپنے بنائے ہوئے مضمون میں اس یتیم مضمون کا ربط شامل کریں خواہ مزید دیکھیے کے قطعہ میں ہی کیوں نہ ہو۔
تیسرا قدم: ٹیگ ہٹائیں
[ترمیم]جب کوئی یتیم مضمون تین مختلف مضامین سے مربوط ہو جائے تو مضمون سے یتیم کا ٹیگ ہٹا دیں اگر وہ موجود ہو۔
یتیمی سے گریز کریں
[ترمیم]اردو ویکیپیڈیا پر جب بھی کوئی نیا مضمون بنائیں تو اس بات کی ضرور کوشش کریں کہ وہ دوسرے متعلقہ مضامین سے کسی نہ کسی طرح مربوط ہو جائے۔ اس طرح اس نئے مضمون کے قارئین میں اضافہ بھی ہوگا اور اس کی اصلاح و ترقی کے امکانات روشن ہوں گے۔
آلات
[ترمیم]مضامین کی یتیمی دور کرنے کے لیے آلہ ربط ساز کی مدد لی جا سکتی ہے جس کے ذریعہ خودکار طور پر یتیم مضمون دیگر متعلقہ مضامین سے مربوط ہو جائے گا۔