پرنس جارج، برٹش کولمبیا

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے


پرنس جارج نامی شہر جس کی کل آبادی 80981 افراد پر مشتمل ہے، کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے شمال میں واقع ہے اور اسے برٹش کولمبیا کا شمالی دار الخلافہ بھی کہتے ہیں۔ فریزر اور نچیکو دریاؤں کے سنگم پر واقع اور ہائی وے نمبر 16 اور 97 کے سنگم پر موجود یہ شہر صوبے کی معیشت اور ثقافت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

معیشت[ترمیم]

پرنس جارج کی معیشت 21ویں صدی میں خدمات کے شعبے کی مرہون منت ہے۔ ناردرن ہیلتھ اتھارٹی جو پرنس جارج میں قائم ہے، سالانہ 45 کروڑ ڈالر کا بجٹ رکھتی ہے اور اس کی سرمایہ کاری 10 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہے۔

شہری معیشت میں تعلیم کے شعبے سے بھی کافی رقم آتی ہے۔ تعلیم کے شعبے سے شہری معیشت میں سالانہ 78 کروڑ ڈالر سے زیادہ شامل ہوتے ہیں۔ 20ویں صدی کے دوران مقامی معیشت پر جنگلات اور اس سے متعلقہ صنعتوں کا غلبہ رہا تھا۔ اس میں پلائی وڈ بنانے والے، بہت ساری آرا ملیں اور لکڑی کے گودے کی تین فیکٹریاں اہم آجرین اور صارفین کا درجہ رکھتی تھیں۔ 1980 اور 1990 کی دہائیوں میں آنے والے ماؤنٹین پائن بگ کی وباء نے اس صنعت میں عارضی طور پر تیزی پیدا کی کیونکہ بے شمار اداروں نے سوکھے ہوئے درختون کو کاٹنے کے ٹھیکے لینے شروع کر دیے۔ معدنیات کی تلاش اور کان کنی اب اس علاقے کے مستقبل میں اہم حیثیت رکھتی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق نچاکو بیسن کے علاقے میں 50 لاکھ بیرل سے زیادہ خام تیل موجود ہے۔ دیگر اہم صنعتوں میں دو کیمیائی مواد تیار کرنے والے کارخانے، شراب کی فیکٹری، ڈیری، مشینیں بیچنے والی دکانیں، المونیم کی کشتیاں بنانے والی کمپنیاں، لکڑی کے تنوں سے گھر بنانے والی کمپنیاں اور جنگلات سے متعلق صنتعیں شامل ہیں۔

ذرائع نقل و حمل[ترمیم]

ہائی وے نمبر 16 اور 97 کے سنگم پر واقع ہونے کی وجہ سے پرنس جارج شمالی برٹش کولمبیا کا اہم مرکز ہے۔ گرے ہاؤنڈ کی جانب سے یہاں بسیں چلتی ہیں جو وینکوور سے لے کر پرنس رُپرٹ، ایڈمنٹن اور فورٹ سینٹ جان تک جاتی ہیں۔ یہاں ایک بندرگاہ بھی موجود ہے جہاں کینیڈین ریلوے سفری سہولیات مہیا کرتی ہے۔ پرنس جارج کا ہوائی اڈا شہر سے 7 کلومیٹر دور ہے جہاں کسٹم کی سہولیات بھی موجود ہیں۔ کینیڈین نیشنل ریلوے کی جانب سے یہاں مال برداری کی سہولیات مہیا کی جاتی ہیں اور وی آئی اے بھی یہاں کام کرتی ہے۔