پیغام آفاقی

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

پیغام آفاقی قلمی نام، اصل نام اختر علی فاروقی ہے - ان کی پیدائش سنہ 1956ء میں موضع چانپ، ضلع سیوان، بہار (انڈیا) میں ہوئی -

تعلیم[ترمیم]

ابتدائی تعلیم سیوان میں اور اعلی تعلیم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ہوئی جہاں سے انھوں نے انگریزی ادب میں بی-اے- آنرز اور تاریخ میں ایم- اے - کیا - وہ مشہور زمانہ ادب قاضی عبد الستار و شہریار اور مورخ عرفان حبیب کے شاگرد رہے ہیں - یونیورسٹی کے زمانے میں وہ علی گڑھ مسلم یونیورستی کے لٹریری سوسائٹی کے سکریٹری رہے -

ادبی سفر[ترمیم]

انھوں نے یونیورسٹی کے زمانے میں دو ناولٹ اور چند افسانے اور کچھ نظمیں لکھیں جنہیں زبردست پذیراائی ملی اور ان کے کچھ افسانے اور نظمیں موقر رسالوں جیسے 'آج کل'، ' آہنگ' اور 'تحریک' وغیرہ میں شائع ہوئیں - ان کی یہ ابتدائی تخلیقات اس بات کی غمازی کرتی ہیں کہ انھوں نے ابتدا سے ہی ترقی پسند تحریک یا جدیدیت سے متاثر ہوئے بغیر اپنے لیے نئی راہ نکالی اور ان کی یہ روش آگے چل کر وہاں کے آزاد خیال نوجوانوں کے ایک کارواں میں تبدیل ہو گئی - طالب علمی ے دور کے بعد وہ کل ہند امتحان میں شریک ہوکر پولس سروس میں آ گئے اور اس کے بعد وہ بیشتر دہلی میں مقیم رہے ہیں - اردو اور ہندوستان کے ادبی حلقوں میں ان کی شہرہ آفاق حیثیت ان کے ناول 'مکان' کی اشاعت سے قائم ہوئی جس کے سر اردو ناول کی تجدید نو کا سہرا جاتا ہے - یہ ناول نہ صرف اردو میں ایک بڑی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے بلکہ سنہ 2012ء میں اس کو امریکی حکومت کی مشہور ادبی تنظیم National Endowment for Arts نے دنیا کے چند عظیم ناولوں کے طور پر منتخب کرکے امریکی عوام کے مطالعے کا حصہ بنانے کے لیے ترجمہ کا فیلو شپ دیا جو امریکی ادیب و شاعر Matt Reeck نے کیا ہے اور اس کے اقتباس مشہور امریکی رسالہ TWO LINES نے بطور خاص شائع کیا - اس کے علاوہ یہ ناول فیمنزم کے موضوع پر دنیا کے چند اہم کتابوں میں شمار کیا جاتا ہے - پیغام آفاقی کا دوسرا ناول 'پلیتہ' سنہ 2011ء میں شائع ہو ا جس کو مکان کی طرح ہی پزیرائی ملی ہے اور اسے بھی موضوع اور تکنیک دونوں اعتبار سے منفرد تسلیم کیا گیا ہے - اس کے علاوہ ان کے افسانوں کا ایک مجموعہ 'مافیا کے نام سے چھپ چکا ہے اور ان کا شعری مجموعہ ' درندہ' کے نام سے شائع ہو چکا ہے -

وفات[ترمیم]

20 اگست، 2016ء کو پیغام آفاقی کا انتقال ہو گیا۔

مزید دیکھیے[ترمیم]

حوالہ جات[ترمیم]

 یہ ایک نامکمل مضمون ہے۔ آپ اس میں اضافہ کر کے ویکیپیڈیا کی مدد کر سکتے ہیں۔