چودھری غلام محمد

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

چودھری غلام محمد(یکم اکتوبر 1916ء جالندھر29 جنوری 1970ء، کراچی) جماعت اسلامی پاکستان کے اولین اراکین میں سے ایک اور معروف رہنما تھے۔ آپ 1953ء میں صوبہ سندھ و حلقہ کراچی کے امیر منتخب ہوئے تھے اور 1957ء میں دو ماہ کے لیے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر بنے۔ زیادہ تر عرصہ وہ جماعت اسلامی کراچی کی امارت کے عہدے پر فائز رہے۔

جماعت کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے میں چودھری غلام محمد کا اہم کردار رہا ہے اور آپ نے متعدد بین الاقوامی اسلامی کانفرنسوں میں جماعت اسلامی کی نمائندگی کی۔ 1959ء میں شاہ ولی اللہ اورینٹل کالج، منصورہ، سندھ، 1963ء میں ادارۂ معارف اسلامی، کراچی، 1970ء میں روزنامہ جسارت، 1970ء میں بنگلہ زبان کے روزنامہ سنگرام، ڈھاکہ اور ماہنامہ چراغ راہ کے اجرا میں اہم کردار ادا کیا۔

سواحلی زبان میں قرآن مجید کا ترجمہ آپ کی نگرانی میں شایع ہوا۔

سرطان کے مرض کے باعث 29 جنوری 1970ء کو کراچی میں انتقال کر گئے۔ نماز جنازہ امیر جماعت اسلامی سید ابو الاعلیٰ مودودی نے پڑھائی۔

آپ کی اہم ترین تصنیف The Middle East Crisis ہے۔ اس کے علاوہ متعدد کتابچوں بھی تحریر کیے۔