ڈوئچے ویلے

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
ڈوئچے ویلے
قسمبین الاقوامی عوامی نشریاتی ادارہ
ملکجرمنی
قائم3 مئی 1953ء
صدر دفاتربون، جرمنی
براڈ کاسٹ دائرۂ کار
قومی اور بین الاقوامی
تاریخ شروعات
3 مئی 1953ء
اشتراکولڈ ریڈیو نیٹ ورک
باضابطہ ویب سائٹ
DW.com

ڈوئچے ویلے وفاقی جمہوریہ جرمنی کا بین الاقوامی نشریاتی ادارہ ہے۔ یہ ادارہ ٹی وی، ریڈیو اور انٹر نیٹ کے ذریعے پوری دنیا میں تیس مختلف زبانوں میں اپنے ناظرین، سامعین اور انٹر نیٹ صارفین کے لیے عالمی حالات و واقعات کی مفصل کوریج فراہم کرتا ہے۔ اس ادارے کا قیام 3مئی 1953ء کو اولین شارٹ ویو براڈ کاسٹ کے طور پر جرمنی کے شہر کولون میں عمل میں آیا۔ اس ادارے کے صدر دفاتر جرمنی کے شہر برلن اور بون میں واقع ہیں۔ 1953ء میں یہ ادارہ صرف جرمن زبان میں ہی اپنی نشریات پیش کرتا تھا۔

نشر کی جانے والی دیگر زبانیں[ترمیم]

ڈوئچے ویلے کے زیر اہتمام نشر کی جانے والی دیگر زبانوں کی تفصیل بمطابق سال آغاز، مندرجہ زیل ہے:

  • 1953ء : جرمن
  • 1954ء : انگریزی،فرانسیسی،اسپانوی اور پرتگالی
  • 1962ء : فارسی، ترکی، روسی، پولش، چیک، سلاواکی، ہنگری، سربیائی اور کروشین
  • 1963ء : سواہیلی، ہوسا، انڈونیشیائی، بلغاری، رومانیائی اور سلو ینی
  • 1964ء : اردو، یونانی، اطالوی اور ہندی
  • 1970ء : پشتو اور دری
  • 1992ء : البانوی اور مقدونيائی

اور

  • 2000ء : يوکرينی زبان کی نشریات کا آغاز ہوا۔

وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کچھ زبانوں کی ریڈیائی نشریات کو مختلف وجوہات کی بنا پر بند کر دیا گیا۔ مثلا ً 1998ء میں ڈینش، نارویجن، ڈچ اور اطالوی ریڈیو کی خدمات کو بند کیا گیا۔ اسی طرح 1999ء جاپانی، سلاواکی، سلو ینی، ہسپانوی، چیک اور ہنگری زبان کی ریڈیائی خدمات کا آخری سال ٹھہرا۔

ڈوئچے ویلے اردو[ترمیم]

ڈوئچے ویلے شعبہ اردو نشریات کا آغاز 14 اگست 1964ء کو ہوا تھا جب روزانہ مختصر دورانیہ کی صرف ایک مجلس پیش کی جاتی تھی۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جب ایک زبان کے طور پر اردو کی عالمی اہمیت میں بھی اضافہ ہوتا گیا اور پاکستان کی جغرافیائی اور سیاسی حیثیت بھی زیادہ سے زیادہ اہم ہوتی گئی تو نتیجے میں ڈوئچے ویلے کی اردو سروس کی نشریات کے دورانیہ میں بھی مسلسل اضافہ کیا گیا۔ اس ضمن میں ڈوئچے ویلے نے اپنی اردو ویب سائٹ کو ایک جامع انداز میں لانچ کرتے ہوئے دنیا بھر، خاص کر جنوبی ایشیا، جرمنی اور یورپ کے بارے میں اپنے آن لائن صارفین کو مہیا کی جانے والی خبروں، رپورٹوں اور معلومات میں بہت زیادہ اضافہ کر دیا اور ساتھ ہی خبروں اور حالاتِ حاضرہ کی پوڈ کاسٹنگ بھی شروع کر دی۔ ڈوئچے ویلے کی اردو ویب گاہ کے صارفین میں پاکستان اور بھارت کے علاوہ یورپی اور شمالی امریکی بر اعظموں میں موجود جنوب ایشیائی تارکین وطن کی کثیر تعداد شامل ہے۔

اردو مجلس کے اہم پروگرام[ترمیم]

ڈوئچے ویلے شعبہ اردو کی نشریات میں خبریں، حالات حاضرہ کے پروگراموں سمیت دیگر پروگراموں میں آپ کی بات آپ کے ساتھ، آن ٹریک، تندرست رہیے، جہانِ مغرب، دھرتی آسمان، ذرا ہٹ کے، جنوبی ایشیااور جرمن پریس، ستاروں سے آگے اور جرمن زبان سکھانے کا خصوصی پروگرام جرمن کیوں نہیں، شامل ہیں۔ اردو مجلس کے یہ پروگرام ریڈیو کے علاوہ ڈوئچے ویلے شعبہ اردو کی ویب گاہ ڈوئچے ویلے پر بھی سُنے جا سکتے ہیں۔

بیرونی روابط[ترمیم]