مندرجات کا رخ کریں

کارکن انسانی حقوق

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

کارکنِ انسانی حقوق[1] (Human rights activist) یا مدافعِ انسانی حقوق (Human rights defender) وہ شخص ہوتا ہے جو انفرادی طور پر یا دوسروں کے ساتھ مل کر انسانی حقوق کے فروغ یا تحفظ کے لیے سرگرم ہوتا ہے۔ یہ صحافی، ماحولیاتی کارکن، انکشاف کنندگان (Whistleblowers)، مزدور یونین کے کارکن، وکلا، اساتذہ، رہائشی حقوق کے لیے مہم چلانے والے، براہِ راست اقدام میں شریک افراد یا بس تنہا کام کرنے والے لوگ ہو سکتے ہیں۔ وہ اپنے پیشہ ورانہ دائرۂ کار میں یا رضاکارانہ طور پر حقوق کا دفاع کرتے ہیں۔

اپنی سرگرمیوں کے نتیجے میں انسانی حقوق کے محافظین یا مدافعین (HRDs) کو اکثر انتقامی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جن میں بہتان تراشی، نگرانی، ہراسانی، جھوٹے الزامات، من مانا حراست میں لینا، انجمن سازی کی آزادی پر پابندیاں، جسمانی حملے اور حتیٰ کہ قتل تک شامل ہیں۔[2] 2020ء میں 25 ممالک میں کم از کم 331 انسانی حقوق کے کارکن قتل کیے گئے۔ بین الاقوامی برادری اور بعض قومی حکومتوں نے ان کے تحفظ کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں تاہم انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف تشدد میں اضافہ جاری ہے۔

خواتین انسانی حقوق کے کارکنوں اور ماحولیاتی حقوق کے کارکنوں (جو اکثر مقامی برادریوں سے تعلق رکھتے ہیں) کو دیگر شعبوں میں کام کرنے والے محافظین یا کارکنان کے مقابلے میں زیادہ جبر اور خطرات کا سامنا ہوتا ہے۔

سنہ 1998ء میں اقوامِ متحدہ نے انسانی حقوق کے کارکنان کے بارے میں ایک اعلامیہ جاری کیا تاکہ ان کے کام کو قانونی حیثیت دی جا سکے اور انسانی حقوق کی سرگرمیوں کے تحفظ کو وسعت دی جا سکے۔ اس اعلامیے کے بعد، کارکنوں کی بڑی تعداد نے انسانی حقوق کے مدافع (HRD) کا عنوان اختیار کیا؛ خاص طور پر وہ افراد جو انسانی حقوق کے پیشہ ور کارکن ہیں۔

حوالہ جات

[ترمیم]
  1. "'حقوق انسانی کے کارکن مشکلات سے دوچار'"۔ بی بی سی اردو۔ 8 دسمبر 2011۔ اخذ شدہ بتاریخ 2025-06-21
  2. Amnesty International (2017). Human rights defenders under threat – A shrinking space for civil society (بزبان انگریزی).