کند مچھلی
کُند مچھلی (انگریزی: Barracuda، بیراکوڈا) نمکین پانی کی مچھلی ہے جس کا تعلق اسفرینی ڈائی (Sphyraenidae) خاندان سے ہے۔ یہ ایک لمبی اور نازک مچھلی ہے جس کے دانت تیز اور لمبے ہوتے ہیں۔ کند مچھلیاں تمام دنیا کے گرم سمندروں کے ساحلی پانیوں میں پائی جاتی ہیں۔ شمالی امریکا میں اس کی پانچ انواع ملتی ہیں۔ بڑی کند مچھلی جو فلوریڈا کے ساحل پر ہے، اس کی لمبائی 2.5 میٹر [8 فٹ] تک ہوتی ہے۔ اگرچہ سمندر میں غوطہ خوری کرنے والے اسے بہت خطرناک سمجھتے ہیں، لیکن ابھی تک اس بات کی کوئی شہادت نہیں ملی کہ کسی کند مچھلی نے کبھی کسی انسان پر حملہ کیا ہو۔ پاکستانی حکومتی ادارے مرین فشریز ڈیپارٹمنٹ کراچی کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں کند کی کُل 29 اقسام پائی جاتی ہیں اور پاکستان اس کے 9 انواع کا وجود ہے، تاہم پاکستان میں تجارتی بنیادوں پر اور کھائے جانے کے حوالے سے اس کی 2 اقسام مشہور ہیں، کالا کند اور سفید کند۔[1] کند کو انگلش میں Barracuda کہتے ہیں جب کہ بھارت میں اسے کئی ناموں سے پکارا جاتا ہے لیکن 2 مشہور اور عام نام ’شیلا‘ یا ’سیلا‘ اور ’ڈانڈوشی‘ ہیں۔
پہچان اور رنگت
[ترمیم]کند کا منھ لمبا، نوکدار اور بڑا ہوتا ہے جس میں دانت کے دو سیٹ ہوتے ہیں۔ بیرونی آری نما چھوٹے تیز دانت شکار کو پھاڑنے کے لیے جبکہ اندرونی بڑے دانت چھیدنے اور چبانے کے کام آتے ہیں۔ اس کے نوکیلے لمبے دانت مخالف جبڑے کے سوراخوں میں فٹ ہو جاتے ہیں، جو کند کو اپنا منھ مکمل طور پر بند کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ یہ شکار کے دوران چھوٹے شکار کو زندہ نگلنے جبکہ بڑی مچھلی کو دو حصے کر کے نگلنے میں مدد دیتے ہیں۔ کند ایک حملہ آور شکاری مچھلی ہے اور ہمیشہ گھات لگا کر اور موقع دیکھ کر عام طور پر عقب یا اطراف سے شکار کرتی ہے۔ بعض اوقات نیزه بردار مچھیروں (Spear Fishers) یا غوطہ خور مچھیروں سے مچھلی چوری کرنے کی کوشش کرتی ہئ اور زیادہ تر چمکیلی چیزوں کی جانب لپکتی ہے۔ اسی وجہ سے بنسی باز اس کا شکار اکثر پتاشوں یا اسپون (Spoon) کے ذریعے کرتے ہیں۔