مندرجات کا رخ کریں

کھاری باؤلی

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
کھاری باؤلی
نواحِ دہلی
اوپر: کھاری باؤلی کی ایک دکان میں کھجوروں کی فروخت؛ نیچے: پرانی دہلی کی کھاری باؤلی بازار میں کیلیفورنیائی بادام فروخت ہوتے ہوئے۔
ملک بھارت
ریاستدہلی
زبانیں
 • دفتریہندی
منطقۂ وقتبھارتی معیاری وقت (UTC+5:30)

کھاری باؤلی دہلی، بھارت کی ایک مشہور گلی ہے جو اپنے تھوک مسالا بازار کے لیے جانی جاتی ہے۔ یہ بازار نہ صرف بھارت بلکہ ایشیا کا سب سے بڑا تھوک مسالا بازار ہے جہاں مسالا جات، خشک میوہ جات، جڑی بوٹیاں اور چاول و چائے جیسی اشیائے خور و نوش کی وسیع اقسام فروخت کی جاتی ہیں۔[1]

یہ بازار سترھویں صدی عیسوی سے سرگرم عمل ہے اور دہلی کے تاریخی لال قلعے کے قریب چاندنی چوک کے مغربی کنارے پر واقع فتح پوری مسجد کے ساتھ کھاری باؤلی روڈ پر واقع ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ بازار نہ صرف تجارتی اہمیت کا حامل رہا بلکہ پرانی دہلی کے تاریخی و ثقافتی سیاحتی راستوں میں شامل ہونے کے باعث سیاحوں کی توجہ کا مرکز بھی بن چکا ہے۔[2][3][4]

تاریخ

[ترمیم]
کھاری باؤلی کے سیڑھی دار کنویں کا کتبہ
کھاری باؤلی، پرانی دہلی میں چائے پتی فروخت کرنے والی دکان
کھاری باؤلی میں مسالا جات فروخت کرنے والی دکان
کھاری باؤلی سڑک پر مسالا بازار میں کھڑی گاڑیاں

کھاری باؤلی کی سیڑھی دار کنویں (باولی) کی بنیادیں خواجہ عبد اللہ لاذر قریشی نے اسلام شاہ (سلیم شاہ)، فرزند شیر شاہ سوری کے عہد میں رکھیں۔ اس عمارت کا کام سنہ 1551ء میں مکمل ہوا۔ آج اس باولی کا کوئی اثر باقی نہیں، سوائے ان کتب میں محفوظ کتبوں کی نقلوں کے جو ’’آثار الصنادید‘‘ (از سر سید احمد خان) اور ’’مفتاح التواریخ‘‘ جیسی تصانیف میں محفوظ ہیں۔[5]

کتبوں کا فارسی متن (متعلقہ بالا تصویر ملاحظہ ہو)
  • بالائی کتبہ: جو کنویں کے دوسرے درجے کی جنوبی دیوار پر گیارہوھں زینے کے قریب نصب تھا:

بِسم الله الرحمن الرحیم در عهد زمان شاه سلطان السلاطین و المظفر اسلام شاه بن شیر شاه سلطان خلد الله ملکه و سلطانه بنا کرده این چاه بتوفیق الله و بروح رسول الله ملک عماد الملک عرف خواجه عبد الله لاذر قریشی بدار الملک حضرت دهلی فی سنه اثنی و خمسین و تسعمأته.

ترجمہ:

”اللہ کے نام سے جو نہایت مہربان، بے حد رحم فرمانے والا ہے۔ سلطان السلاطین اور المظفر اسلام شاہ بن شیر شاہ کے دور میں اللہ کی توفیق سے اور رسول اللہ کی روح کی برکت سے اس کنویں کو ملک عماد الملک المعروف خواجہ عبد اللہ لاذر قریشی نے دار الملک حضرت دہلی میں سنہ 952 ہجری (موافق 1551ء) میں تعمیر کیا۔“

  • زیریں کتبہ: جو داخلی دروازے کے اوپر کہیں نصب تھا:

بِسم الله الرحمن الرحیم و به یبقنی یا رب بعونت تمام شُد این باولی و چاه در ماهِ رمضان سنه نهصد و پنجاه و هشت هجری بروح محمد مصطفی رسول درگاه حضرة اله در زمان عادل اسلام شاه بن شیر شاه بنا کرده کار گردِ دین از جمله بیشی خواجه عماد المُلک عرف لاذر قریشی بنده کار گردِ باوری اُمید وار عنایت و برحمتک گردد با برسری بالیستک

ترجمہ:

”اللہ کے نام سے جو مہربان ہے رحم فرمانے والا ہے اور تیری مدد سے اے پروردگار، یہ باؤلی اور کنواں رمضان المبارک کے مہینے میں سنہ 958 ہجری (1551ء) میں مکمل ہوئے۔ اللہ کے رسول محمد مصطفی کی روح کے نام پر عادل اسلام شاہ بن شیر شاہ کے عہد میں خواجہ عماد الملک المعروف لاذر قریشی نے یہ دینی خدمت سر انجام دی۔ میں اس باولی کا بندہ خدمت گزار اللہ کی عنایت اور رحمت کا امیدوار ہوں۔“

کھاری باؤلی کا بازار فتح پوری مسجد کے ارد گرد وجود میں آیا جو سنہ 1650ء میں مغل بادشاہ شاہ جہاں کی زوجہ فتح پوری بیگم نے تعمیر کروائی۔ شاہ جہاں کے عہد میں ہی اس جگہ کا نام ’’کھاری باؤلی‘‘ پڑا جس میں باؤلی سے مراد سیڑھی دار کنواں ہے اور کھاری یا کھارا کا مطلب نمکین ہے۔ یہ باؤلی جانوروں کے پانی اور نہانے کے لیے استعمال ہوتی تھی۔

اس مقام پر مغربی کنارے پر ایک مضبوط دروازہ بھی بنایا گیا تھا جو لاہوری دروازہ کے نام سے مشہور تھا کیونکہ یہاں سے گزرنے والی سڑک شہر لاہور (موجودہ پاکستان) کو جاتی تھی۔ یہ دروازہ شاہجہان آباد یعنی دہلی کے قلعہ بند شہر کے چودہ دروازوں میں سے ایک تھا۔ آج یہ دروازہ اور باؤلی دونوں موجود نہیں اور ان کے آثار بازار کی مرکزی سڑک کے نیچے دفن ہو چکے ہیں۔[6][7]

سنہ 1936ء میں پنجاب حکومت کے وزیر چودھری چھوٹو رام نے ایک قانون نافذ کیا جس کے تحت دیہی قرضے معاف کر دیے گئے۔[8] اس کے نتیجے میں بہت سے اگروال تاجر اپنا کاروبار کھو بیٹھے اور دہلی کی طرف ہجرت کر گئے اور کملا نگر، شکتی نگر اور ماڈل بستی جیسی نو آبادیوں میں آباد ہو گئے۔ ان تاجروں نے پرانی دہلی کے فصیل بند علاقوں جیسے چاندنی چوک، کھاری باؤلی، دریبہ کلاں، نئی سڑک، نیا بازار، صدر بازار اور چاوڑی بازار میں کاروبار شروع کیے۔

سترھویں صدی عیسوی سے سرگرم کھاری باؤلی بازار تاریخی پرانی دہلی میں فتح پوری مسجد کے قریب واقع ہے۔

آج بھی یہاں کی کئی دکانیں اپنے سیریل نمبروں سے جانی جاتی ہیں جیسے ’’چاول والے 13‘‘ یا ’’21 نمبر کی دکان‘‘۔ یہ دکانیں سترھویں اور اٹھارہویں صدی عیسوی کے مالکوں کی نویں یا دسویں نسلوں کے زیر انتظام ہیں۔[9] ان میں سے ایک مشہور اچار فروش ادارہ ’’ہرنارائنز‘‘ ہے جس کا آغاز 1860ء کی دہائی میں ہوا تھا اور اب یہ ’’ہرنارائنز انٹرنیشنل‘‘ کے نام سے کام کرتا ہے۔ ان کے اچار جواہر لعل نہرو اور اندرا گاندھی جیسے شخصیات کے دستر خوان کی زینت بھی بنے ہیں۔[10]

حوالہ جات

[ترمیم]
  1. ↑ "How a royal flu spawned a culinary gem". Mint (بزبان انگریزی). 18 Sep 2009. Archived from the original on 2018-06-22. Retrieved 2025-06-28.
  2. ↑ Holly Hughes (4 May 2009). Frommer's 500 Places for Food & Wine Lovers (بزبان انگریزی). Frommer's. p. 11. ISBN:978-0-470-28775-0.
  3. ↑ Patrick Horton, Richard Plunkett, Hugh Finlay (2002). Delhi: Lonely Planet (بزبان انگریزی). Lonely Planet. p. 102. ISBN:1-86450-297-5. Retrieved 2025-06-28.{{حوالہ کتاب}}: اسلوب حوالہ 1 کا انتظام: متعدد نام: مصنفین کی فہرست (link)
  4. ↑ "Khari Baoli". BBC News (بزبان انگریزی). 18 Jul 2009. Retrieved 2025-06-28. Asia's largest wholesale spice market
  5. ↑ دِلّی کے آثارِ قدیمہ۔ ترجمہ از خلیق انجم۔ اردو اکادمی، دہلی۔ ص 34۔ اخذ شدہ بتاریخ 2025-06-28
  6. ↑ Danish Shafi (29 Apr 2007). "Khari Baoli". Indian Express (بزبان انگریزی). Archived from the original on 2007-05-02. Retrieved 2025-06-28.
  7. ↑ Shama Mitra Chenoy (1998). Shahjahanabad, a city of Delhi, 1638–1857 (بزبان انگریزی). Munshiram Manoharlal Publishers. p. 127.
  8. ↑ Madhulika Shankar Singh (5 Oct 2002). "Not all about money: Aggarwals of Delhi". Daily Pioneer (بزبان انگریزی). Archived from the original on 2023-09-29. Retrieved 2025-06-28.
  9. ↑ Manisha Jha (27 May 2008). "Double whammy for wholesalers". The Hindu (بزبان انگریزی). Archived from the original on 2008-05-30. Retrieved 2025-06-28.
  10. ↑ "This sharbat is cool". Deccan Herald (بزبان انگریزی). 6 Jun 2012. Retrieved 2020-02-06.

بیرونی روابط

[ترمیم]