مندرجات کا رخ کریں

گھڑ سواری

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

گُھڑ سَواری یا شَہْ سَواری یا فُرُوسِیَت ایسا فن اور عمل ہے جس میں گھوڑے کی سواری، اسے گاڑی میں جُت کر چلانا اور مختلف کرتب دکھانا شامل ہیں۔ اس کی تعریف بہت وسیع ہے، جس میں گھوڑوں کا استعمال عملی کاموں، نقل و حمل، تفریحی سرگرمیوں، فنونِ لطیفہ و ثقافتی مظاہر اور مسابقتی کھیلوں کے لیے کیا جاتا ہے۔

گھڑ سواری کی سرگرمیوں کا جائزہ

[ترمیم]
گھڑ سوار موسیقار، تانگ دور

گھوڑوں کو عملی کاموں کے لیے تربیت دی جاتی ہے اور سواری کی جاتی ہے، جیسے پولیس کے کاموں میں یا فارم پر مویشیوں کے ریوڑ کو قابو میں رکھنے کے لیے۔ ان کا استعمال مختلف مقابلہ جاتی کھیلوں میں بھی ہوتا ہے جن میں ڈریساژ، طویل فاصلے کی گھڑ سواری، ایونٹنگ (گھڑ سواری کے کرتبوں میں شرکت)، ریننگ (گھوڑوں کو مخصوص طریقے سے سدھانا)، شو جمپنگ (گھوڑے پر سوار ہو کر اچکنے کا کرتپ)، نیزہ بازی (ٹینٹ پیجنگ)، والٹنگ (ہتھ ٹیکی گھوڑا)، پولو، گھڑ دوڑ، گھوڑا گاڑی چلانا اور روڈیو شامل ہیں۔ بعض مقبول مقابلہ جاتی شکلوں کو گھوڑوں کی نمائشوں میں اکٹھا کیا جاتا ہے، جہاں گھوڑے مختلف شعبوں میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ گھوڑے (اور دیگر equids یعنی گھڑ خاندان کے جانور مثلاً خچر) غیر مقابلہ جاتی تفریحی سواری کے لیے بھی استعمال ہوتے ہیں، جیسے لومڑی کے شکار کے لیے سواری، جنگلاتی راستوں پر سواری یا عام تفریحی سواری۔ دنیا کے تقریباً ہر حصے میں گھڑ سواری کے لیے راستے عوام کے لیے دستیاب ہیں اور بہت سے پارک، فارم اور عوامی اصطبل رہنمائی شدہ یا خود مختار سواری دونوں کی سہولت دیتے ہیں۔ گھوڑے علاجی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیے جاتے ہیں، خواہ وہ خصوصی پیرا ایکوئیسٹرین مقابلوں میں ہو یا غیر مقابلہ جاتی سواری کے طور پر، تاکہ انسانی صحت اور جذباتی نشو و نما میں بہتری لائی جا سکے۔

گھوڑوں کو رتھ یا گاڑی کھینچنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے، جیسے ہارنس ریسنگ (گھوڑا جوتنے کی حالت میں دوڑ)، گھوڑوں کی نمائشوں یا تاریخی مناظر کی از سرِ نو تشکیل اور سرکاری تقاریب میں۔ دنیا کے بعض حصوں میں اب بھی وہ کھیتی باڑی جیسے عملی کاموں کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔[1]

گھوڑے اب بھی عوامی خدمات میں استعمال ہوتے ہیں، مثلاً روایتی تقاریب (جلوس، جنازے)، پولیس اور رضاکار گھڑ سوار گشت اور گھوڑوں پر مبنی تلاش و بچاؤ کے کاموں میں۔[2]

رائیڈنگ ہالز، جنھیں انڈور ایریناز یا رائیڈنگ اسکولز بھی کہا جاتا ہے، گھوڑوں اور سواروں کی تربیت کو ہر موسم میں ممکن بناتے ہیں، نیز اندرونی مقابلہ جاتی سواریوں کے انعقاد کی سہولت بھی فراہم کرتے ہیں۔[3]

حوالہ جات

[ترمیم]
  1. Stephen Leslie (2015). Horse-Powered Farming for the 21st Century: A Complete Guide to Equipment, Methods, and Management for Organic Growers (بزبان انگریزی). Chelsea Green Publishing. ISBN:978-1-60358-613-9.
  2. "Mounted Forces | The British Horse Society". www.bhs.org.uk (بزبان انگریزی). Retrieved 2024-04-25.
  3. Structures (27 Mar 2023). "Benefits of Training Your Horses in an Indoor Arena". Coastal Steel Structures (بزبان امریکی انگریزی). Retrieved 2024-04-25.