مندرجات کا رخ کریں

گیمطریا

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

گیمطریا (عبرانی: גימטרי، انگریزی: Gematria) یہودیت میں حروف اور کلمات کے اعداد مقرر کرنے کے علم یا طریقے کو کہا جاتا ہے۔ اور اس بارے میں یہ عقیدہ ہے کہ ہم عدد حروف، کلمات اور عبارات کا آپس میں ایک خاص ربط ہوتا ہے۔ اور اس کے علاوہ وہ اپنے ربط اعداد کے بارے میں کہتے ہیں کہ ممکنہ طور پر یہ کسی شخص کی عمر، سال اور عادات و فطرت سے بھی آگاہ کرتے ہیں۔ اسی طرز اعداد گری کو یہودی تاویلات و دانش مذہبی سے استدلال کرتے ہیں اور انہی خطوط پر وہ مستقبل شناسی اور پیش گوئیوں کو استدراج کرتے ہوئے واقعات آئندہ کی تعبیر بھی کرتے ہیں۔ یہ طریقہ کار اکثر احادیث و روایات توراتی (تالمود) کی شرح و بسط میں مستعمل رہا ہے۔ گیمطریا عربی کے علم الاعداد و حروف "حساب جُمَل" اور یونانی علم عدد شناسی ایزوپسفی کا ہمسر و مقابل علم ہے۔ اگرچہ یہ لفظ عبرانی الاصل ہے لیکن اس بات کے امکانات ہیں کہ اس کا ماخذ یونانی لفظ γεωμετρια (گئومتریا)[1] یا پھر انگریزی لفظ geometry جو ہندسہ کے معنی دیتے ہیں ہو سکتا ہے کیونکہ نوعیت کے اعتبار سے گیمطریا ہندسہ سے بحث کرتا ہے اور صوتی طور پر مذکورہ بالا یونانی اور انگریزی ناموں سے قریب تر ہے۔ جبکہ کچھ دانشوروں کے خیال میں جماتریا یونانی کلمہ گراماتیا[2] سے لیا گیا ہے۔ ہر دو صورتوں میں امکان غالب یہی ہے کہ اس عبرانی لفظ کی صورت گری دونوں الفاظ کی مرہون منت ہے۔ (بہت سے اس بات کے قائل ہیں کہ گاما جو یونانی ابجد کا تیسرا حرف ہے اور تریا سے تخلیق ہوا ہے: گاما+تریا)۔[3]

انگریزی زبان میں یہ لفظ سترھویں صدی عیسوی کے مترجم جیووانی پیکو دلا مراندولا کے تراجم سے متعارف ہوا تھا۔ اگرچہ یہ احتمال اپنی جگہ موجود ہے کہ یہ لفظ یعنی جماتریا یونانی الاصل ہے یا کم از کم یونانی زبان سے صوتی مشابہت رکھتا ہے اس کے باوجود گیمطریا یہودی مخطوطات و الواح اور قبالہ میں کثرت سے استعمال ہوا ہے۔

حوالہ جات

[ترمیم]
  1. geōmetriā
  2. gēmaṭriyā
  3. gamma + tria