ہمالین گورال
ہمالین گورال یا سرمئی گورال (Grey Goral)کا سائنسی نام Naemorhedus goral ہے، ایک چھوٹا اور شرمیلا جانور ہے جس کا منہ ہرن جیسا جبکہ باقی تمام خصوصیات بکریوں جیسی ہوتی ہیں۔ہمالین گورال کا قد 60 سے 70 سنٹی میٹر اور وزن 25 سے 28 کلوگرام تک ہو سکتا ہے۔اس کے جسم کا زیادہ تر رنگ گہرا سرمئی نیلا ہوتا ہے۔ بالغ جانوروں کا رنگ زیادہ گہرا ہوتا ہے۔ دم بکریوں کی نسبت لمبی ہوتی ہے۔ ان کی ٹانگوں کے سامنے والے حصے پر ایک نمایاں کالا نشان ہوتا ہے۔ سینگ نر اور مادہ دونوں میں پائے جاتے ہیں۔ ان کے سینگ چھوٹے، کون نما اور پیچھے کو مڑے ہوتے ہیں۔ بکریوں کے برعکس ان کے نروں میں داڑھی نہیں ہوتی۔ ان کے کان چوڑے اور گھنٹی نما ہوتے ہیں۔ مادہ میں چار تھن ہوتے ہیں۔پاکستان میں سرمئی گورال کوہ ہمالیہ کی فٹ ہلز یعنی مارگلہ کی پہاڑیوں، ہزارہ، مالاکنڈ اور وادئ نیلم (آزاد کشمیر) میں پایا جاتا ہے۔ 1973 میں مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے قیام کے بعد مارگلہ کی پہاڑیوں میں ان کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔ لیکن مجموعی طور پر پاکستان میں گورال کا مستقبل خطرے سے دوچار ہے۔ سرمئی گورال بھارت اور نیپال میں کوہ ہمالیہ کے ساتھ ساتھ آسام کی مشمی پہاڑیوں تک پایا جاتا ہے۔ یہ گروپ میں نہیں رہتے لیکن پھر بھی آپ دو یا تین کو اکھٹا دیکھ سکتے ہیں۔ ان میں افزائش کا موسم نومبر اور دسمبر ہے۔ مادائیں جولائی اور اگست میں صرف ایک بچے کو جنم دیتی ہیں۔