اوریسنڈ پل

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
پل کے اوپر کا منظر
سرنگ کے اندر

اوریسنڈ پل (انگریزی: Oresund Bridge، ڈینش: Øresundsbroen، سویڈش: Öresundsbron) ڈنمارک اور سویڈن کے درمیان آبنائے اوریسنڈ پر واقع ایک پُل ہے۔ ریل اور عام ذرائع نقل و حمل کے لیے واقع یہ پل (مع سرنگ) یورپ کا سب سے طویل مشترکہ (سڑک و ریل کا) پل ہے۔ یہ ڈنمارک کے دار الحکومت کوپن ہیگن اور سویڈن کے شہر مالمو کو آپس میں منسلک کرتا ہے۔

تاریخ[ترمیم]

اس پل کی تعمیر کا آغاز 1995ء میں ہوا اور آخری حصہ 14 اگست 1999ء کو تعمیر کیا گیا۔ ڈنمارک کے ولی عہد شہزادہ فریڈرک اور ان کی سویڈش ہم منصب شہزادی وکٹوریا نے پل کے وسط میں اس کی تکمیل کا جشن منایا۔ پل کا باقاعدہ افتتاح یکم جولائی 2001ء کو ڈنمارک کی ملکہ مارگریٹ ثانی اور ان کے سویڈش ہم منصب کارل XVI گسٹاف نے کیا۔ بعد ازاں اسی روز پل کو تمام اقسام کے ذرائع آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا۔ افتتاح سے قبل 12 جون 2000ء کو 79 ہزار 871 افراد نے ڈنمارک سے سویڈن کے درمیان ایک میراتھن دوڑ میں حصہ لیا۔

استعمالات و خصوصیات[ترمیم]

ابتدا میں پل کے زیادہ استعمال کا امکان نہیں تھا لیکن 2005ء اور 2006ء میں پل پر آمدورفت کے حجم میں کافی اضافہ ہوا جس کی وجہ ڈنمارک کے شہریوں کی سویڈن میں رہائش اور پھر ڈنمارک میں کام کرنے کے لیے آمدورفت ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ کوپن ہیگن کے مقابلے میں سویڈن کے شہر مالمو میں رہائشی سہولیات سستی ہیں۔ 2013ء میں پل کو پار کرنے والی کسی ایک گاڑی کو 325 ڈینش کرونا، 375 سویڈش کرونا یا 46 یورو (روز مرہ کے صارفین کو 75 فیصد رعایت دی جاتی ہے) اور ریل کا کرایہ 100 سویڈش کرونا اور 84 ڈینش کرونا ادا کرنا پڑتے ہیں۔ 2007ء میں تقریباً 25 ملین افراد نے پل کو استعمال کیا جس میں سے 15.2 ملین نے گاڑیوں سے اور 9.6 ملین نے ریل گاڑی کے ذریعے اسے پار کیا۔ 2009 میں یہ تعداد 35.6 ملین تک پہنچ گٰئی۔ پل کی کل لمبائی 7845 میٹر ہے جو سویڈن اور ڈنمارک کے درمیانی فاصلے کا تقریباً نصف ہے۔ بقیہ سفر مصنوعی جزیرے Peberholm یعنی جزیرہ پیپر (4055 میٹر) اور 3510 میٹر طویل ایک زیر آب سرنگ کے ذریعے ہوتا ہے۔ پل سطح آب سے 57 میٹر بلند ہے لیکن بیشتر بحری آمدورفت آبنائے ڈروگڈین کے ذریعے ہوتی ہے جہاں سمندر کے نیچے واقع سرنگ سے گذرتا ہے۔ پل کا وزن 82 ہزار میٹرک ٹن ہے۔ اس پل اور سرنگ کی تعمیر پر کل 30.1 ڈینش کرونا کے اخراجات آئے۔ پل پر آنے والے کل اخراجات 2035ء تک نکل جائیں گے۔ سویڈن نے پل سے منسلک کرنے کے نئے ریل ربط کے لیے مالمو شہر میں (2006ء تا 2012ء) ایک سرنگ تعمیر کی ہے جس پر 9.45 ارب سویڈش کرونا خرچ ہو؁ ے ہیں۔

بیرونی روابط[ترمیم]