ادیب صابر ترمذی

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

شرف الادباء شہاب الدین بن اسماعیل، معروف بہ ادیب صابر ترمذی، بارہویں صدی عیسوی کے مشہور فارسی گو شاعر تھے۔ وہ ایک اہلِ علم و ادب خاندان میں پیدا ہوئے تھے اور اُن کے والد ادیب اسماعیل بھی علم و ادب کی وجہ سے شہرت رکھتے تھے۔ تذکرہ نویسوں کو ادیب صابر کے جائے تولد کے بارے میں اختلاف ہے۔ دولتشاہ کے مطابق وہ بخارا سے تھے، جبکہ رازی اور کازرونی انھیں ترمذ سے سمجھتے ہیں۔ تقی الدین کاشانی نے خلاصۃ الاشعار میں لکھا ہے کہ انھوں نے بخارا میں تربیت پائی تھی، لیکن ان کی اصل ترمذ سے ہے۔ صابر آغازِ جوانی میں تحصیلِ علم کے لیے ہراتگئے۔ بعد میں نیشابور گئے اور وہاں ترمذ کے سردار ابو القاسم علی بن جعفر کے مصاحبوں میں شامل ہو گئے۔ ابو القاسم علی بن جعفر کہ جو اپنے گہرے نفوذ کی وجہ سے رئیسِ خراسان پکارے جاتے تھے، سلجوقی سلطان معزالدین احمد سنجر اور اس کے دربار سے نزدیکی ارتباط رکھتے تھے اور سنجر انھیں 'برادر' کہا کرتا تھا۔ ادیب بھی اُن کے توسط سے دربارِ سنجر تک پہنچ گئے۔ کچھ ہی دیر بعد ادیب کو سلطان کے سامنے منزلت حاصل ہو گئی اور انھوں نے مدیحہ سرائی کے علاوہ امورِ سیاسی میں بھی حصہ لینا شروع کر دیا اور یہی چیز ان کی جان لے گیا۔ اُن دنوں خوارزمشاہ بادشاہ علاءالدین سلطان آتسز اور سلطان سنجر سلجوقی کے درمیان اختلافات میں اضافہ ہوا تھا جو سر انجام 538ھ میں جنگ پر منتج ہوا۔ آتسز کو اس جنگ میں شکست ہوئی۔ بعد ازاں، سلطان سنجر کی جانب سے ادیب پیغاموں اور نصیحتوں کے ہمراہ بطور سفیر اور بعض لوگوں کے ادعا کے مطابق، جاسوسی کے لیے خوارزم بھیجے گئے۔ جب ادیب خوارزم میں تھے تو آتسز نے دو آدمیوں کو سنجر کے قتل پر آمادہ کیا۔ ادیب آتسز کی اس سازش سے آگاہ ہو گئے اور انھوں نے ان دونوں قاتلوں کے بارے میں لکھ کر سنجر کے پاس خط بھیج دیا۔ خط کے وصول ہونے کے بعد سنجر نے ان دو آدمیوں کی تلاش کروائی اور ان کے ملنے کے بعد انھیں اعدام کروا دیا۔ جب آتسز کو اس پورے وقوعے کے متعلق معلوم ہوا تو اُس کے حکم پر ادیب صابر کو دریائے جیحون میں غرق کر دیا گیا۔ گمان ہے کہ یہ افسوس ناک حادثہ 538ھ اور 542ھ کے درمیان وقوع پزیر ہوا ہو گا۔

ادیب صابر کے اپنے کئی ہم عصر شعرا جیسے انوری، رشید وطواط، سوزنی سمرقندی، عبدالواسع جبلی، فتوحی مروزی وغیرہ سے دوستانہ تعلقات تھے اور ادیب کی ان سے باہمی شاعرانہ رقابت بھی تھی۔ ان مذکورہ شعرا میں سے اکثر نے ادیب کی ستائش میں اشعار بھی کہے ہیں۔ ادیب صابر اپنے ہم عصروں میں اتنے ممتاز تھے کہ انوری نے، اپنی تمامتر شاعرانہ قابلیت اور استادی کے باوجود، خود کو ادیب سے کمتر جانا ہے۔

ادیب صابر سبکِ خراسانی میں شعر کہنے والے شعرا میں سے تھے۔ اُن کے اشعار میں وہی خصوصیات ہیں جو پانچویں اور چھٹی صدی ہجری کے شعرا، خصوصاً خراسان کے شعرا میں نظر آتی ہیں۔ ان کی لطیف غزلیں اپنی روانی، فصاحت اور سلاست کے باعث فارسی ادب میں قدرے مشہور رہی ہیں۔ اُن کے اشعار سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ریاضی و فلسفہ کے مبادیات اور زبان و ادبیاتِ عربی پر کامل تسلط رکھتے تھے۔ انھوں نے اپنے اشعار میں عرب کے برزگ شعرا مثلاً اخطل، اعشیٰ، عجاج، ابوتمام وغیرہ کو یاد کیا ہے اور متنبی کے شعر کی تضمین بھی کہی ہے۔

ادیب کے اشعار لفظ، معنی اور موضوع کے نکتۂ نظر سے فرخی سیستانی کے اسلوب سے نزدیک ہیں۔ ان کے کچھ قصائد منوچہری، عنصری، مسعود سعد، انوری اور معزی کے طرز میں بھی ہیں۔ انھوں نے اپنے ایک شعر میں معزی اور مسعود کو خود پر مقدم جانا ہے۔

حوالہ جات[ترمیم]

انسائیکلوپیڈیا ایرانیکا

دائرۃ المعارفِ بزرگِ اسلامی

بیرونی روابط[ترمیم]

دیوانِ ادیب صابر ترمذی