حیاتی کیمیا

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

حیات کی کیمیائی ترکیب کا مطالعہ حیاتی کیمیا (Biochemistry) کہلاتا ہے۔ یہ شعبہءعلم حیاتیات اور کیمیاء کے درمیان ایک پل یا بندھن کا کام کرتا ہے۔ حیات دراصل جوہروں اور سالمات کی ایک نہایت مربوط اور نہایت پیچیدہ تنظیم کے نتیجے میں ہی وجود میں آتی ہے اور حیاتی کیمیا کا مطالعہ اسی پیچیدگی اور اس میں ہونے والے کیمیائی عوامل (chemical reations) کو سمجھنے کی ایک انسانی کوشش ہے۔

حیات کی ساخت میں استعمال ہونے والے سالمات کی تعداد بہت کثیر ہے بلکہ اگر حقیقت میں غور کیا جائے کہ تمام کی تمام حیات یا زندہ جسم بنا ہی سالمات سے ہے، جو پھر بذات خود جوہروں سے ملکر بنتے ہیں۔ آسانی کی خاطر ان حیاتی سالمات کی مختلف انداز میں جماعت بندی کی جاتی ہے، ایک جماعت بندی کے تحت ان کو دو بڑے گروہوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے

  1. موحود (monomer) ؛ یعنی ایسے سالمات جو ایک اکائی کے طور پر موجود ہوں اور واحد سالمہ ہوں، ظاہر ہے کہ یہ جسامت میں چھوٹے ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر امائنو ترشے۔
  2. مکثورہ (polymer) ؛ یعنی ایسے سالمات کہ جو چھوٹے موحود سالمات کی ایک زنجیر سے بنے ہوں اور ظاہر ہے کہ یہ بہت بڑے ہوتے ہیں مثال کے طور پر امائنو ترشوں کی زنجیر سے بنے ہوئے لحمیات (protein) کے سالمات۔