بم سائیکلون (2022)

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

بم سائیکلون‘: امریکا، کینیڈا کو اپنی لپیٹ میں لینے والا شدید برفانی طوفان جو دسمبر 2022ء میں آیا ہے -

اس برفانی طوفان نے شدت اختیار کرتے ہوئے امریکا اور کینیڈا کے کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس نے لگ بھگ 14 کروڑ افراد کی زندگیوں کو متاثر کیا ہے جبکہ اس طوفان کے نتیجے میں تقریباً 15 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہیں۔ دونوں ملکوں کے ساحلوں سے جڑے اور میکسیکو کی سرحد تک پھیلے اس طوفان کے نتیجے میں اب تک امریکا میں مختلف حادثوں میں کم از کم چھ اموات ہوئی ہیں۔

مسیحی تہوار کرسمس کی چھٹیوں، جو سفر کے اعتبار سے سال کا سب سے مصروف حصہ ہوتی ہیں، کے دوران قریب 20 کروڑ افراد کو خراب موسم سے متعلق متنبہ کر کے سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

برفانی طوفان کے زور پکڑنے پر کینیڈا اور امریکا کے بڑے ہوائی اڈوں پر پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ امریکا کی 60 فیصد آبادی اس طوفان سے متاثر ہوئی ہے جبکہ تیز ہواؤں سے کئی پاور لائنز کو نقصان پہنچا ہے۔ ٹورنٹو اور دیگر شہروں میں بعض تعلیمی اداروں کو بند رکھا گیا ہے۔

موسم کی پیشگوئی کرنے والے اداروں نے کہا ہے کہ بعض حصوں میں منفی 57 ڈگری سیٹی گریڈ کا درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔

نیو یارک کے علاقے میں 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی برفانی ہوائیں

چند منٹوں میں فراسٹ بائٹ کا خدشہ

ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ اس قدر سرد موسم میں باہر نکلنے پر صرف پانچ سے 10 منٹ کے اندر اندر فراسٹ بائٹ ہو سکتی ہے، یعنی جسم کی جِلد اور ٹشو جم سکتے ہیں۔ اس حالت میں سب سے زیادہ ناک اور ہاتھ پیر کی انگلیاں متاثر ہوتی ہیں۔

دراصل فراسٹ بائٹ جسم کا شدید سردی کے خلاف ایک قدرتی رد عمل ہے۔ اس کے شکار افراد میں جسم کے سب سے آخری حصوں تک خون کی روانی انتہائی کم ہو جاتی ہے۔ اس کی علامات میں ٹھنڈ سے سوجن اور درد شامل ہیں۔ انتہائی درجے کے کیسز میں ٹشو ضائع ہو جاتی ہیں اور سرجری کی مدد سے انھیں جسم سے ہٹانا پڑتا ہے۔

اگر کوئی فراسٹ بائٹ سے متاثر ہوتا ہے تو اسے فوراً گرم ماحول میں لے جا کر طبی ماہرین سے رجوع کرنا چاہیے۔

بم سائیکلون جو امریکا، کینیڈا میں دھماکے کی طرح شدت اختیار کر رہا ہے

ماہر موسمیات نے سردی کے اس طوفان کو ’بم سائیکلون‘ کا نام دیا ہے، یعنی یہ طوفان کی دھماکے کی طرح ہے جس کی شدت مسلسل بڑھتی رہتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں ہوا کا دباؤ کم از کم 24 ملی بارز تک گِرا ہے۔

صدر جو بائیڈن نے جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ کوئی عام دن نہیں جس میں برفباری ہوتی ہے۔ جیسا کہ تب ہوتا تھا جب آپ ایک بچے تھے۔ یہ سنگین معاملہ ہے۔ ‘

امریکا کی نیشنل ویدر سروس (این ڈبلیو ایس) کا کہنا ہے کہ یہ طوفان منگل کو بحر الکاہل کے شمال مغرب سے شروع ہوا۔ اس کے مطابق یہ ’ایک نسل کی زندگی میں موسم سرما کے دوران ایک ہی بار ہونے والا‘ واقعہ ہے۔

این ڈبلیو ایس نے کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں یومیہ سرد موسم کے 100 سے زیادہ ریکارڈ برابر ہو سکتے ہیں یا ٹوٹ سکتے ہیں۔

حتی کہ فلوریڈا، جسے گرم ساحلی ریاست سمجھا جاتا ہے، میں گذشتہ 30 سال کی سب سے سرد کرسمس کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ وائیومنگ کے شہر شاین میں ایک گھنٹے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت گِرنے کا ریکارڈ اس وقت ٹوٹا جب صرف 30 منٹ کے اندر اندر درجہ حرارت 43 سے تین فیرن ہائٹ ہو گیا۔ اس مغربی ریاست میں درجہ حرارت منفی 35 ڈگری فارن ہائٹ تک بھی گیا ہے۔

پڑوسی ریاست مونٹانا میں بھی درجہ حرارت کے قریب ایک درجن سے زیادہ ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان ہے۔ شکاگو میں سنیچر تک برفانی طوفان کی تنبیہ جاری کی گئی ہے جہاں کئی انچ تک برف کی تہ جم چکی ہے اور 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

جمعے کو کولمبس، اوہایو، نیو یارک اور واشنگٹن ڈی سی میں شام کے اوقات میں درجہ حرارت قریب 10 فارن ہائٹ تک گِر جاتا ہے۔ کینیڈا کے علاقوں انٹاریو اور کیوبک میں شدید برفباری، تیز ہوائیں اور جما دینے والی بارشیں ہو رہی ہیں۔

امریکی ریاستوں نیویارک، ویسٹ ورجینیا، کینٹکی، جورجیا، نارتھ کیرولائنا اور اوکلاہوما میں ریاستی ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ ادھر وسکانسن میں توانائی کی ایمرجنسی لگائی گئی ہے۔

کرسمس کی چھٹیاں سفری حادثات سے متاثر

مغربی نیو یارک اور ساؤتھ ڈکوٹا میں خطرناک سفری حالات کی وجہ سے بین الاریاستی ہائی ویز بند کر دی گئی ہیں۔

جمعے کو امریکا کے مشرقی ساحل پر سمندری طوفان کے باعث سیلاب بھی آیا اور لانگ آئی لینڈ ریل روڈ پر ٹرین کی سروس بند کر دی گئی۔ امریکا اور کینیڈا کی سرحد پر واقع انٹاریو جھیل میں 37 فٹ اونچی لہریں بن سکتی ہیں۔

اوہایو کے گورنر مائیک ڈی وائن نے اس موسم کو ’غیر معمولی اور خطرناک‘ حالات سے جوڑا ہے۔ انھوں نے ایسے افراد کو متنبہ کیا ہے جو کرسمس پر اپنے پیاروں سے ملنے کے لیے سفر کر رہے ہیں۔

ریاست کولوراڈو سے کنساس اور پھر وائیومنگ تک اور ادھر شمال میں منیسوٹا میں طوفان سے بڑی تباہی ہوئی ہے۔

وائیومنگ کے ہائیوے پیٹرول کو مدد کی 787 کالز موصول ہوئی ہیں اور اس نے 12 گھنٹوں میں 104 حادثات ریکارڈ کیے ہیں۔

جمعے کی صبح سے انٹاریو میں کینیڈین پولیس کو شدید بارش، برفباری اور ژالہ باری سے قریب 100 حادثات کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

فلائٹ ٹریکنگ ویب گاہ فلائٹ اویئر کے مطابق امریکا میں 6900 سے زیادہ پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔ کینیڈا میں جمعے کو صرف ویسٹ جیٹ نے 266 پروازیں منسوخ کی ہیں۔

سفری حالات کی خرابی کی پیش نظر یونائینڈ، ڈیلٹا اور امریکن ایئرلائنز نے پہلے ہی مسافروں کے لیے پروازوں کی ری شیڈولنگ فیس میں کٹوتی کر دی ہے۔

کینیڈا اور امریکا کے بڑے ہوائی اڈوں پر ہزاروں پروازیں منسوخ کی گئی ہیں