اظہاریت
باطن نگاری یا (اظہاریت Expressionism)، مصوری سنگ تراشی کی وہ صنف جس میں ظاہری رنگ و روپ اور دیگر قدرتی صفات کو معنی خیز طور پر مسخ کیاجاتا ہے۔ تاکہ کسی خاص منظر کی خارجی حقیقت پر پانی پھیر دیا جائے۔ اور اس طرح اس کی صداقت یا جذباتی ماہیت تک رسائی ہو سکے۔ باطن نگاری تصور کشی کا نام نہیں۔ باطن نگاری تجزیہ کرتی ہے اور کسی چیز یا اس کی ہیئت میں سرایت کرنا چاہتی ہے۔ تاکہ مصور اپنے مشاہدے میں کھوجائے اور اپنے وجود سے کسی زیادہ بااختیار چیز کا روپ دھار لے۔ یہ قلب ماہیت مختلف صورتیں اختیار کرتی ہے۔ کبھی تو مصور اپنے آپ کوفطرت کی پنہائی سے تعبیر کرتا ہے اور کبھی کسی شہر، کسی خوفناک عفریت یا کسی مسکین صورت جانور یا سادہ دل کسان سے اپنے آپ کو ہم آہنگ پاتا ہے۔ باطن نگار مصوروں کا موضوع ہمیشہ دکھ درد رہا ہے۔ لیکن شخصی غم واندوہ نہیں۔ بلکہ پوری مخلوق کا رنج و الم۔ باطن نگاری کی تحریک وسطی یورپ کی تحریک ہے جس نے جرمنی آسٹریا میں جنم لیا۔ تاہم بہت سے غیر جرمن بھی اس تحریک کے پیرو ہیں۔