جاوید فاضل
پاکستان فلمی صنعت کے ہدایت کار۔ پنے کیرئر کی ابتدا انیس سو باسٹھ میں فلم ’دامن‘ میں بطور اسٹنٹ ڈائریکٹر کی، اس فلم کے ڈائریکٹر قدیر غوری تھے۔ بطور ڈائریکٹر ان کی پہلی فلم ’میرے جیون ساتھی‘ تھی، جس کی پروڈیوسر اور ہیروئین دیبا تھیں جبکہ ہیرو وحید مراد تھے، یہ وحید مراد کی بھی پہلی فلم تھی مگر ریلیز نہیں ہو سکی۔ جاوید فاضل نے تقریباً پچیس فلموں میں ہدایت کاری کی، ان فلموں میں گونج، آہٹ، دہلیز، بازار حسن، استادوں کے استاد، فیصلہ اور بلندی بھی شامل ہیں۔ انھوں نے ہی نامور اداکارہ ریما اور اداکار شان کو پہلی مرتبہ فلم ’بلندی‘ میں متعارف کرایا۔ اس کے علاوہ انھوں نے فلموں اور ڈراموں میں عمر شریف، شکیلہ قریشی، بازغاہ، سیمی زیدی اور نتاشہ سمیت متعدد اداکاروں اور اداکاراؤں کو بھی متعارف کرایا۔ پاکستان میں نجی ٹی وی چینلز کی آمد کے بعد ان کا رجحان ڈراموں کی طرف زیادہ تھا، انھوں نے کئی درجن ڈرامے ڈائریکٹ کیے، جن میں سری نگر، گھر گلیاں اور راستے، بری عورت، انجان، لکیر، داغِ دل شامل ہیں۔28 دسمبر 2010 ء کو کراچی میں انتقال کر گئے۔