مندرجات کا رخ کریں

معاونت:تبادلۂ خیال صفحات کا تعارف/1

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے



تبادلۂ خیال صفحات
باہمی گفت و شنید



خاکہ
خوش نما اور مرتب گفتگو


نمونے
مرتب گفتگو کے مزید نمونے


خلاصہ
حاصل کردہ معلومات پر ایک نظر





ویکیپیڈیا کے مضامین کو صارفین کی ایک جماعت مل کر لکھتی اور تیار کرتی ہے۔ بعض صارفین مواد فراہم کرتے اور اسے مضمون کی شکل میں لکھتے ہیں، جبکہ بعض اس کی ویکائی کرتے اور نوک پلک سنوارتے ہیں اور کچھ اس میں تصویروں اور سانچوں وغیرہ کو شامل کرکے اس کی ظاہری خوب صورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔ یوں کئی صارفین کی مشترکہ کاوشوں سے یہ مضامین اپنے ظاہری و باطنی حسن کے ساتھ ویکی صفحات پر جلوہ گر ہوتے اور تشنہ لب قارئین کو سیراب کرتے ہیں۔

لیکن انسانی کاوشیں خامیوں اور نقائص سے پاک ہوتی ہیں اور نہ ویکی نویسوں کو اس کا دعویٰ ہے۔ نیز اردو ویکیپیڈیا پر افرادِ کار کے شدید بحران کے باعث شاید ہی کوئی مضمون مکمل یا خامیوں سے مبرا ہو۔ چنانچہ جب آپ ان مضامین کا مطالعہ کریں تو بہت سے مقامات پر آپ کو محسوس ہوگا کہ ان میں ترمیم، تبدیلی، درستی یا اضافہ کی خاصی گنجائش موجود ہے۔ اب آپ کے سامنے دو صورتیں ہیں:

  1. آپ خود آگے بڑھیں اور مطلوبہ ترمیم، تبدیلی، درستی یا اضافہ کر دیں۔ ہم اسی صورت کو اختیار کرنے کا مشورہ دیں گے۔
  2. بصورت دیگر آپ مضمون کے تبادلۂ خیال پر تشریف لے جائیں اور اپنی معروضات پیش کریں۔ آئندہ سطروں اور صفحات میں ہم اسی دوسری شکل یعنی تبادلۂ خیال کے اسلوب اور طریقہ پر مبسوط گفتگو کریں گے۔


جیسا کہ آپ اوپر کی تصویر میں دیکھ رہے ہیں، کسی بھی مضمون کے عنوان کے اوپر دائیں جانب دو ٹیب ہوتے ہیں جن میں پہلا ٹیب مضمون کا ہوتا ہے اور دوسرا تبادلۂ خیال کا۔ تصویر میں اس دوسرے ٹیب کو مربع کی مدد سے نمایاں کیا گیا ہے۔ اس ٹیب پر کلک کرکے آپ مضمون کے تبادلۂ خیال صفحہ پر پہنچ جائیں گے۔ اگر ٹیب سرخ رنگ میں ہو تو یہ سمجھیں کہ اب تک اس مضمون پر کسی نے تبصرہ نہیں کیا ہے؛ آپ بلا جھجھک تبادلۂ خیال صفحہ کا آغاز کر سکتے ہیں۔


جب آپ تبادلۂ خیال صفحہ پر پہنچیں گے تو نیا موضوع شروع کرنے کی ضرورت ہوگی۔ اس کے لیے آپ عنوان کے اوپر کی پٹی پر نظر دوڑائیں، "نیا موضوع" کے نام سے ایک نیا آپشن دکھائی دے گا۔ مزید وضاحت کے لیے ذیل کی تصویر ملاحظہ فرمائیں:

اس پر کلک کرنے کے بعد آپ خانہ ترمیم میں ہوں گے جہاں سرخی کے تحت اپنی معروضات کا عنوان درج کریں اور بڑے خانہ ترمیم میں اپنے تبصرے درج کرکے "شائع کریں" کی بٹن پر کلک کر دیں۔


اگر آپ کسی دوسرے صارف کے تبصرے کا جواب دینا چاہتے ہیں تو متعلقہ قطعہ کے عنوان کے پاس موجود "[ترمیم]" یا "[ترمیم ماخذ]" کی بٹن پر کلک کریں اور جس تبصرہ کا جواب دینا ہو اس کے نیچے اپنا جواب درج کریں۔


خیال رہے کہ تبصرے درج کرنے کے بعد اپنے دستخط کرنا کبھی نہ بھولیں، یہ لازمی ہے۔ دستخط کرنے کے لیے اپنی معروضات کے آخر میں بس ان علامتوں ~~~~ کو ہو بہو نقل کر دیں تو خودکار طور پر آپ کے دستخط مع تاریخ اور وقت درج ہو جائیں گے۔ اگر ویکیپیڈیا پر آپ کا کھاتا ہو تو اپنے دستخط کو حسب مرضی تبدیل و خوش نما بھی بنا سکتے ہیں؛ بصورت دیگر آپ کے انٹرنیٹ کنکشن کے نمائندہ نمبرات بطور دستخط درج ہوں گے۔