رومانو پروڈی
وکیپیڈیا سے
پیدائش: 9 اگست 1939ء، سکاندیانو (Scandiano)، ایمیلیا رومانیا، اٹلی
رومانو پروڈی (اطالوی، انگریزی Romano Prodi) اطالوی سیاستدان ہیں جو 17 مئی 2007ء سے اطالوی وزیراعظم اور وزیروں کی کونسل کے صدر رہے ہیں۔ انکی یہ حکومت اپریل 2006ء کے اطالوی انتخابات میں کامیابی کے نتیجہ میں قائم ہوئی جس میں انکی سربراہی میں قائم اتحاد نے سابقہ وزیر اعظم سلویو برلسکونی کو شکست دی۔ اس سے پہلے بھی رومانو پروڈی 1996ء کے انتخابات میں کامیابی کے بعد 1998ء تک بطور اطالوی وزیر اعظم خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 1999ء سے 2004ء تک وہ یورپی کمیشن کے صدر بھی رہے ہیں۔
جنوری 2008ء میں انکی حکومت کے وزیر انصاف اور سیاسی جماعت ادیور پارٹی (UDEUR) کے صدر چلیمینتے ماستیلہ (Clemente Mastella) اس وقت مستعفی ہو گۓ جب انکی بیوی کو بدعنوانی کے الزامات کے تحت گھر پر نظر بند کر دیا گیا۔ وزیر انصاف کے مستعفی ہونے پر انکی سیاسی جماعت ادیور پارٹی (UDEUR) کے حکومتی اتحاد سے علیحدگی کی وجہ سے وزیراعظم پرودی کو قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے کہا گیا۔ وہ ایوان زیریں سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے لیکن ایوان بالا سے ادیور پارٹی کی علیحدگی کی وجہ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے، انکے حق میں 156 جب کہ مخالفت میں 161 ووٹ پڑے، جسکے نتیجہ میں انہیں وزارت عظمی سے مستعفی ہونا پڑا۔ استعفی کو منظور کرتے ہوۓ اطالوی صدر جیورجیو ناپولیتانو (Giorgio Napolitano) نے پروڈی کو ہی نۓ انتخابات تک نگران وزیر اعظم مقرر کیا۔