ایف بی آئی اکیڈمی

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

ایف بی آئی اکیڈمی ریاستہائے متحدہ امریکا کے ادارے فیڈرل بیورو آف انوسٹی گیشن (ایف بی آئی) میں بھرتی ہونے والے نئے خصوصی ایجنٹوں اور تجزیہ کاروں کا تربیتی مقام ہے، جو کوانٹیکو، ورجینیا میں بحری افواج کے اڈے پر واقع ہے۔ اس کا آغاز سب سے پہلے 1972 میں 385 ایکڑ رقبے کے جنگلی علاقے پر ہوا۔ یہاں ایف بی آئی کے قانون نافذ کرنے والے افسران اور انسداد منشیات ادارے کے ارکان کو تربیتی کورس کروائے جاتے ہیں۔ ایف بی آئی ایجنٹوں کے لیے موجودہ تربیتی کورس کی مدت 20 ہفتے ہے۔

عمارات[ترمیم]

ایف بی آئی اکیڈمی کا مرکزی تربیتی حصہ ساٹھ اقامتی عمارتوں، ایک کھانے کے کمرے، کتب خانے، کمرۂ جماعت پر مشتمل عمارت، ایک فورنسک سائنس ریسرچ اور ٹریننگ سینٹر، ہزار نشستوں پر مشتمل آڈیٹوریم، گرجا، انتظامی دفاتر، ایک بڑے جمنازیم اور ایک گیراج پر مشتمل ہے۔ مرکزی حصے کے علاوہ، وہاں ایک جعلی شہر بھی آباد ہے، جسے ہوگنز ایلی کہا جاتا ہے۔ اس شہر کا حلیہ ایک چھوٹے قصبے کا منظر پیش کرتا ہے۔ ہوگنز ایلی کے ظاہری ڈھانچے کو نئے ایجنٹوں کی تربیت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جب کہ ان کے پیچھے تمام سہولیات سے آراستہ کمرۂ جماعت، آڈیو ویژیول سہولیات، ذخیرہ کاری کے مقامات اور انتظامی دفاتر موجود ہیں۔ ہوگنز ویلی کی دوسری طرف تقریباً ایک میل طویل ڈرائیونگ ٹریک موجود ہے جس پر دفاع یا تعاقب کے لیے گاڑی دوڑانے کی تربیت دی جاتی ہے۔

ایف بی آئی اکیڈمی ایک محفوظ مقام ہے اور وہاں عوامی دورے نہیں کروائے جاتے۔