سیکرٹ ونڈو (فلم)
سیکرٹ ونڈو | |
---|---|
سیکرٹ ونڈو فلم پوسٹر | |
ہدایت کار | ڈیوڈ کویپ |
پروڈیوسر | گیون پولون ازرا سویرڈلو |
منظر نویس | ڈیوڈ کویپ |
ماخوذ از | سیکرٹ ونڈو، سیکرٹ گارڈن از اسٹیفن کنگ |
ستارے | جونی ڈیپ جان ٹرٹرو ماریا بیلو ٹموتھی ہٹن |
موسیقی | فلپ گلاس جیف زینلی |
سنیماگرافی | فریڈ مرفی |
ایڈیٹر | جل سیوٹ |
تقسیم کار | کولمبیا پکچرز |
تاریخ نمائش | 12 مارچ 2014ء |
دورانیہ | 96 منٹ |
ملک | ریاستہائے متحدہ |
زبان | انگریزی |
بجٹ | $40 ملین |
باکس آفس | $92,913,171 |
سیکرٹ ونڈو (انگریزی: Secret Window؛ اردو: خفیہ کھڑکی) سال 2014ء میں نمائش کے لیے پیش ہونے والی امریکی نفسیاتی ہیجان خیز فلم ہے، جس میں جونی ڈیپ اور جان ٹرٹرو جلوہ گر ہوئے ہیں۔ یہ اسٹیفن کنگ کے ناولٹ سیکرٹ ونڈو، سیکرٹ گارڈن (Secret Window, Secret Garden) پر مبنی ہے، جب کہ ڈیوڈ کویپ نے اس کی فلمی تشکیل کے ساتھ ہدایات بھی دی ہیں۔ یہ کہانی اسٹیفن کنگ کے مجموعے فور پاسٹ مڈنائٹ (Four Past Midnight) میں شائع ہوئی تھی۔ فلم 12 مارچ 2004ء کو کولمبیا پکچرز نے جاری کی اور ناقدین کی ملی جلی آرا ملنے کے باوجود باکس آفس پر معقول کام یابی حاصل کی۔
خاکہ
[ترمیم]مورٹ رینی (جونی ڈیپ) اپنی بیوی ایمی رینی (ماریا بیلو) کے ٹیڈ مائلنر(ٹموتھی ہٹن) نامی شخص کے ساتھ تعلقات کے باعث نفسیاتی توقف کا شکار ہے۔ وہطلاق کی قانونی کارروائی کو مؤخر کرنے کے لیے اپ اسٹیٹ نیو یارک کی ٹیشمور جھیل کے دیہی علاقے میں الگ تھلگ واقع اپنے گھر میں پناہ اختیار کرلیتا ہے۔ ایسے میں اداس اور پریشان حال مورٹ کو ایک دن جان شوٹر (جان ٹرٹرو) نامی ایک پُر اسرار شخص ملنے آتا ہے اور اُس پر ادبی سرقے کا الزام لگاتا ہے۔ اگرچہ مورٹ اُس کی کوئی بھی بات سننے سے انکار کردیتا ہے لیکن وہ بہ ہر حال اپنی کہانی ’’سوینگ سیزن‘‘ (Sowing Season یا کاشت کاری کا موسم) کا مسودہ اُس کے پاس چھوڑ جاتا ہے جس کے بارے میں اُس کا دعوا ہے کہ مورٹ نے چرایا ہے۔ مورٹ مسودہ اٹھاکر پھینک دیتا ہے لیکن گھر کی صفائی کرنے والی خاتون اسے مورٹ کا مسودہ سمجھ کر دوبارہ اٹھاکر رکھ دیتی ہے۔ بعد ازاں جب مورٹ تجسس میں اس کا مطالعہ کرتا ہے تو اس پر حیرت انگیز انکشاف ہوتا ہے کہ وہ کہانی اُس کی اپنی ایک کہانی ’’سیکرٹ ونڈو‘‘ سے بے حد مشابہت رکھتی ہے۔
اگلے دن شوٹر سے دوبارہ ملاقات کے دوران، مورٹ اُسے بتاتا ہے کہ اُس نے یہ کہانی شوٹر کے لکھنے سے دو سال پہلے لکھی تھی اور 1995ء میں ایک جریدے میں شائع بھی ہو چکی تھی تو شوٹر اُسے وہ جریدہ بطور ثبوت دکھانے کے لیے تین دن کا الٹی میٹم دیتا ہے۔ شوٹر اُسے جتاتا ہے کہ مورٹ نے کہانی کا انجام صحیح نہیں کیا اور کہانی کا درست انجام شوٹر نے لکھا ہے جسے مورٹ کو اپنانا چاہیے۔ اُس رات مورٹ کو اپنا آسٹریلوی مویشی کتا، چیکو مردہ ملتا ہے جس کی گردن میں اسکروڈرائیور پیوست ہوتا ہے۔ مورٹ کا پہلا شک شوٹر ہی پر جاتا ہے اور وہ اگلے دن اس واقعے کی اطلاع شیرف ڈیو نیوسم (لین کاریو) کو دیتا ہے، مگر وہ اس بارے میں زیادہ دل چسپی کا اظہار نہیں کرتا۔
مورٹ متعلقہ جریدے کا نسخہ لینے کے لیے ایمی کے گھر جاتا ہے تو اُسے ایمی اپنے نئے محبوب، ٹیڈ کے ساتھ باہر جاتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔ پھر مورٹ نیو یارک شہر کے ایک نجی سراغ رساں، کین کارش (چارلس ایس ڈٹن) سے رابطہ کرکے اُسے تمام تر صورتِ حال سے آگاہ کرتا ہے۔ مورٹ اسے بتاتا ہے کہ ایک بار شوٹر سے گفتگو کرتے ہوئے اُسے ٹام گرین لیف (جان ڈن ہل) نے دیکھا تھا۔ اپنے کیبن لوٹنے پر، مورٹ کو ایمی کی فون کال موصول ہوتی ہے جو اسے اپنا گھر جل جانے کی اطلاع دیتی ہے۔
مورٹ کو شک ہونے لگتا ہے کہ شوٹر کو دراصل ٹیڈ نے بھرتی کیا ہے تاکہ وہ اُسے ہراساں کرسکے۔ مورٹ کا ادبی ایجنٹ مطلوبہ جریدے کا ایک نسخہ بذریعہ یونایٹڈ پارسل سروس ارسال کرتا ہے، لیکن جب مورٹ اپنی کار میں بیٹھ کر لفافہ دیکھتا ہے تو وہ پہلے ہی ادھ کھلا ہوتا ہے اور جریدے میں اپنا مضمون تلاش کرتے ہوئے وہ یہ دیکھ کر حیران و پریشان رہ جاتا ہے کہ کوئی اس کے مضمون پر مشتمل صفحات پھاڑ چکا ہے۔
کیبن واپسی پر، مورٹ کو شوٹر کی فون کال موصول ہوتی ہے اور وہ جنگل میں ملاقات کا کہتا ہے۔ مورٹ جب مقررہ مقام پر پہنچتا ہے تو وہ سراغ رساں کین اور ٹام، دونوں کو ٹام کے ٹرک میں مردہ پاتا ہے۔ شوٹر، مورٹ کو خبردار کرتا ہے کہ ٹام کے سر میں پیوست اسکروڈرائیور مورٹ ہی کا ہے اور اس واقعے میں مورٹ ہی مشکوک قرار پائے گا۔ چناں چہ شوٹر کے چلے جانے پر مورٹ اس واقعے کو چھپانے کی کوشش کرتا ہے اور ٹرک کو دھکا دیتا ہوا پانی میں گرا دیتا ہے، لیکن اس تمام تر عمل میں اُس کی اپنی گھڑی میں ٹرک ہی میں گر جاتی ہے۔
غصے میں بھری ایمی طلاق کے معاملات کو نتیجے پر پہنچانے کے لیے جب مورٹ کے کیبن پہنچتی ہے تو ہر طرف ایک ہی لفظ ’’شوٹر‘‘ لکھا ہوا نظر آتا ہے۔ ایسے میں اچانک مورٹ نمودار ہوتا ہے اور تب ایمی کو اندازہ ہوتا ہے کہ مورٹ اُسے ہلاک کرنے کے درپے ہے۔
شوٹر کی ٹوپی پہنے مورٹ، اُسی کے انداز میں بولتے ہوئے ایمی کے پیچھے آتا ہے اور اسے پکڑ لیتا ہے۔ اسی دوران ٹیڈ بھی پہنچ جاتا ہے جسے مورٹ قتل کردیتا ہے۔ بعد ازاں، مورٹ ’’سوینگ سیزن‘‘ کی اختتامی سطور دہراتے ہوئے ایمی کو بھی پسِ پردہ قتل کردیتا ہے۔
مورٹ کی زندگی معمول پر آجاتی ہے، تاہم اُسے ملنے شیرف ڈیو آتا ہے اور اسے مطلع کرتا ہے کہ وہ ایمی اور ٹیڈ کی گم شدگی میں مرکزی مشتبہ شخص ہے اور لاشیں ملتے ہی اسے گرفتار کر لیا جائے گا، تاہم مورٹ اس دھمکی کو قطعی نظر انداز کردیتا ہے۔ ڈیو کے چلے جانے پر مورٹ اپنی کہانی کا ’’درست‘‘ اختتام دوبارہ دہراتا ہے۔ تب ایک خفیہ کھڑکی دکھائی دیتی ہے جس کے پیچھے ایک خفیہ باغیچہ ہے۔ گمان گزرتا ہے کہ مورٹ نے لاشوں کو اس باغ میں دفنا دیا ہے جسے اب اناج نے ڈھک دیا ہے۔
اداکار
[ترمیم]- جونی ڈیپ بطور مورٹ رینی
- جان ٹرٹرو بطور جان شوٹر
- ماریا بیلو بطور ایمی رینی
- ٹموتھی ہٹن بطور ٹیڈ مائلنر
- لین کاریو بطور شیرف ڈیو نیوسم
- چارلس ایس ڈٹن بطور نجی سراغ رساں کین کارش
- جان ڈن ہل بطور ٹام گرین لیف
حوالہ جات
[ترمیم]بیرونی روابط
[ترمیم]ویکی اقتباس میں سیکرٹ ونڈو (فلم) سے متعلق اقتباسات موجود ہیں۔ |
- سیکرٹ ونڈو آئی ایم ڈی بی پر (انگریزی میں)
- سیکرٹ ونڈو آل مووی پر
- سیکرٹ ونڈو روٹن ٹماٹوز (Rotten Tomatoes) پر
- سیکرٹ ونڈو میٹاکریٹک (Metacritic) پر
- سیکرٹ ونڈو باکس آفس موجو (Box Office Mojo) پر
- صفحات مع خاصیت 286894
- شخصیات کے بیرونی روابط کے سانچے
- 2004ء کی فلمیں
- 2004ء کی ڈراونی فلمیں
- 2014ء کی فلمیں
- اسٹیفن کنگ کے کام پر مبنی فلمیں
- امریکی فلمیں
- امریکی ہیجان خیز فلمیں
- انگریزی زبان کی فلمیں
- انگریزی فلمیں
- فلپ گلاس کی فلم موسیقی
- مصنفین کے بارے میں فلمیں
- ڈیوڈ کویپ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلمیں
- ہیجان خیز فلمیں
- نیو یارک (ریاست) میں فلم سیٹ
- کولمبیا پکچرز کی فلمیں
- فلموں میں زنا کاری
- 2000ء کی دہائی کی انگریزی زبان کی فلمیں
- 2000ء کی دہائی کی امریکی فلمیں
- ریاستہائے متحدہ میں زنا کے بارے میں فلمیں
- جھیلوں پر سیٹ فلمیں