صارف:Minhajian/اردو وکیپیڈیا : جائزہ اور تجاویز

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

اردو وکیپیڈیا کا آغاز ہوئے کئی سال بیت گئے مگر دیگر زبانوں کی نسبت اس وکیپیڈیا کی تعمیر انتہائی سست روی کا شکار ہے۔ اتنی سست رفتار کہ 5 سال میں ہم 10 ہزار مقالات تک بھی نہیں پہنچ پائے۔ راقم نے اس کے اسباب کھوجنے کی کوشش کی اور کچھ نکات تیار کئے، جو موجودہ و سابقہ منتظمین سے پیشگی معذرت کے ساتھ پیش خدمت ہیں۔

موازنہ اعدادوشمار وکیپیڈیا[ترمیم]

بتاریخ 23 مارچ 2009ء انگریزی عربی فارسی اردو
مواد
کل مضامین 2,802,894 92,303 57,495 9,933
کل تدوینات 294,264,252 4,009,975 2,022,411 175,509
کل فائلیں 843,348 5,011 10,736 2,775
صارفین
کل صارفین 9,249,276 184,987 121,814 4,672
متحرک صارفین 164,842 2,137 1,161 78
منتظمین
کل منتظمین 1,631 23 8 13
بیورو منتظمین 30 4 2 4
قابل غور نتیجہ
اوسط متحرک صارفین 1.78 فیصد 1.16 فیصد 0.95 فیصد 1.67 فیصد
مضامین فی صارف 0.30 0.50 0.47 2.13
مضامین فی منتظم 1,718.51 4,013.17 7,186.88 764.08
صارفین فی منتظم 5,670.92 8,042.91 15,226.75 359.38
متحرک صارفین فی منتظم 101.07 92.91 145.13 6.00

موازنے کا جائزہ[ترمیم]

آپ ملاحظہ کر سکتے ہیں کہ اردو وکیپیڈیا میں کل صارفین کے مقابلے میں متحرک صارفین کی اوسط تعداد نہ صرف عربی اور فارسی سے زیادہ بلکہ انگریزی سے کسی قدر قریب تر ہے۔ یہ بات مزید خوش آئند ہے کہ مضامین فی صارف میں اردو نے تینوں زبانوں کو مات کر دیا اور اردو صارف اوسطاً 2.13 مضامین تحریر کر رہا ہے۔

متحرک صارف کی حد تک تو معاملہ ٹھیک ہے، اب ذرا ایک نظر منتظمین پر بھی ڈالتے ہیں۔

  • اردو میں مضامین فی منتظم کی تعداد انتہائی کم یعنی صرف 764.08 ہے جبکہ انگریزی میں یہ شرح 1,718.51 ہے۔
  • اسی طرح اردو میں صارفین فی منتظم صرف 359.38 ہیں جبکہ انگریزی میں یہ شرح 5,670.92 ہے۔
  • اس سے بڑھ کر مزید حیران کن حقیقت یہ ہے کہ اردو میں ہر 6 متحرک صارفین کے مقابلے میں ایک منتظم ہے، جبکہ انگریزی میں ایک منتظم کو 100 سے زیادہ صارفین سے سابقہ پڑتا ہے۔
  • بیورو منتظمین کی تعداد بھی اردو سے 10 گنا زیادہ مواد کے حامل عربی وکیپیڈیا کے برابر یعنی 4 ہے۔

ایک بار پھر اوپر دیئے گئے جدول کا بغور جائزہ لیں اور سوچیں کہ متحرک صارفین کی معقول شرح ہونے کے باوجود اردو وکیپیڈیا ان مسائل سے کیوں دوچار ہے۔ کہیں پاکستان کی زرخیز سیاسی سرزمین کی طرز پر عہدوں کی تقسیم اور منتظمین کی ناقص حکمت عملی اس کا سبب تو نہیں۔ جب متحرک صارفین کے مقابلے میں منتظمین کی شرح اس غیرضروری حد تک زیادہ ہو گی تو یقیناً ایسے ہی مسائل پیش آئیں گے۔

متحرک منتظمین کی ضرورت[ترمیم]

اردو وکیپیڈیا کو مزید متحرک منتظمین کی سخت ضرورت ہے، جو نہ صرف نئے آنے والے صارفین کو کام کا طریق کار سمجھائیں اور مناسب طریقوں سے ان کی حوصلہ افزائی کریں بلکہ سیکڑوں کی تعداد میں لکھے گئے لاوارث مضامین میں مناسب مواد کا اضافہ بھی کریں۔ لاوارث مضامین سے راقم کی مراد ایسے مضامین ہیں، جن میں صرف ایک آدھ جملہ لکھا ہوتا ہے اور وہ کسی طرح بھی انسائیکلوپیڈیا کا مضمون کہلانے کے حق دار نہیں ہوتے۔ اس کے علاوہ یہاں ایسے صفحات کی بھی کمی نہیں جن میں صفحے کے اوپر صرف ایک سرخی نظر آتی ہے اور سارا صفحہ خالی ہوتا ہے۔ ایسے ادھورے مضامین اور محض سرخی پر مبنی صفحات میں مواد ڈالنے کی سخت ضرورت ہے اور یہ کام نہ صرف منتظمین کو خود کرنا چاہیئے بلکہ متحرک صارفین کو بھی اس طرف توجہ دلانے کی ضرورت ہے۔

اس کے علاوہ مختلف مضامین کو مناسب زمروں میں ظاہر کرنے کا انتظام بھی کرنا چاہیئے۔ اگرچہ یہ بنیادی طور پر مضمون نگار کی ذمہ داری ہے مگر ہر صارف اس کا طریقہ نہیں جانتا اور اکثر صارفین اپنے مضامین کو غلط زمروں سے منسوب کر دیتے ہیں۔ منتظمین کا یہ فرض بنتا ہے کہ صارفین کو اس سلسلے میں رہنمائی دیں اور خود بھی مضامین کو مناسب زمروں میں اور ذیلی زمروں کو بڑے زمروں میں شامل کریں تاکہ وکیپیڈیا میں مضامین منظم انداز میں ہونے کی بناء پر قارئین کو سہولت ملے۔

غیرجانبدار منتظمین کی ضرورت[ترمیم]

اختلافی موضوعات پر انگریزی اور عربی ویکیپیڈیا کی طرز پر ہر مکتبہ فکر اور ہر مذہب کے لوگوں کو لکھنے کی آزادی دینے کی ضرورت ہے۔ جب کسی اختلافی موضوع پر موافق اور مخالف ہر قسم کی آراء ایک ساتھ موجود ہوں گی تو قارئین خود بہتر فیصلہ کر سکیں گے کہ حقیقت کیا ہے اور اختلاف کا سبب کیا ہے۔

یہ بھی ضروری ہے کہ منتظمین صرف صارفین کو ہی غیرجانبداری کا درس نہ دیں بلکہ خود بھی غیرجانبداری کا ثبوت دیں اور اختلافی موضوعات میں اپنی مرضی ٹھونسنے کی بجائے برداشت اور ہمت سے کام لیں۔

  • اسی طرح ’’دیوان عام‘‘ میں ’’وکیپیڈیا پر صوفیوں کا حملہ‘‘ جیسے عنوانات سے لکھے جانے والے پیغامات منتظمین کی کھلی جانبداری کے عکاس ہیں کہ وہ اپنے مخصوص نظریات کے سوا کسی دوسرے نظریہ کی بات لکھنے کو ’’حملہ‘‘ سے تعبیر کرتے ہیں۔

واضح ہو کہ یہ کوئی بلاگ نہیں جہاں چند مخصوص لوگ صرف ’’اپنی مرضی کی تحریر‘‘ ضروری قرار دیں۔ آزاد انسائیکلوپیڈیا ہونے کارن ہر صارف کو اس بات کا حق ہے کہ وہ کسی بھی مضمون کو بہتر کرنے کے لئے منتظمین کے نظریہ کے موافق یا مخالف اضافہ جات کرے۔ اگر کوئی خلافِ حقیقت تحریر کرتا ہے تو آپ غصے میں آ کر اسے صوفی ہونے کا طعنہ دینے کی بجائے پیار سے بھی سمجھا سکتے ہیں کہ وہ غیرجانبدار انداز اختیار کرے اور اپنے مضمون پر کسی خاص مکتبہ فکر کی چھاپ نہ لگنے دے۔ اگر منتظمین ہی غصے میں بے قابو ہو کر دیوان عام میں الٹا سیدھا لکھنے لگیں تو الامان والحفیظ۔ اگر تو صرف منتظمین نے ہی اردو وکیپیڈیا میں اضافہ کرنا ہے اور باقی سب کے ہاتھ کاٹ دینے ہیں تو اس کا اللہ ہی حافظ۔ راقم کی دانست میں منتظمین کی رائے کے خلاف لکھنے والے صارفین کی حوصلہ افزائی بھی اسی قدر ضروری ہے جتنا کہ موافق لکھنے والوں کی۔ اگر منتظمین ایسے صارفین کے ساتھ اختلاف رائے کی بناء پر بداخلاقی سے پیش آنا شروع کر دیں تو یقیناً اس سے ان کی حوصلہ شکنی ہو گی اور وہ بددل ہو کر یہاں حصہ لینا چھوڑ جائیں گے۔

صارفین میں اضافہ کی ضرورت[ترمیم]

اردو وکیپیڈیا پر کل صارفین کے تناسب سے متحرک صارفین کی شرح مناسب ہے، البتہ نئے صارفین کی شمولیت کی رفتار نہایت کم ہے۔ یہی وجہ سے کہ گزشتہ 5 سالوں میں 5 ہزار صارفین بھی شامل نہیں ہو پائے۔ اس کے لئے راقم کی تجویز ہے کہ نئے صارفین کی تلاش میں انٹرنیٹ پر موجود تمام یونیکوڈ اردو چوپالوں میں وکیپیڈیا کا مؤثر تعارف شائع کیا جائے، جس میں نہ صرف اردو وکیپیڈیا اور دنیا کی دیگر زبانوں (کم از کم انگریزی وکیپیڈیا) کا تعارف بھی شامل ہو بلکہ وہیں وکیپیڈیا اور چوپال میں فرق بھی واضح کر دیا جائے تاکہ نئے آنے والے صارفین اسے محض ایک چوپال سمجھتے ہوئے یہاں کا ماحول خراب نہ کریں۔

اسی طرح چوپالوں کے علاوہ دیگر یونیکوڈ اردو ویب سائٹس سے رابطہ کر کے وہاں اردو وکیپیڈیا کا ربط لگوانے کی کوشش بھی کی جا سکتی ہے، مگر اس کے لئے پہلے منتظمین کو اردو وکیپیڈیا کی ساکھ بہتر بنانا ہو گی۔

پرانے صارفین سے رابطہ[ترمیم]

منتظمین کو پرانے صارفین کے پلٹ کر نہ آنے کے اسباب تلاش کر کے اس کا مناسب سدباب کرنا چاہیئے۔ اگر فہرست ڈاک (نیوزلیٹر) جیسے منصوبہ سے صارفین سے رابطہ کیا جا سکے تو بھی بہتر ہوگا۔ اگر وکیپیڈیا کے قوانین اجازت دیں تو غیرمتحرک صارفین کو ماہانہ یا کم از کم سہ ماہی بنیادوں پر ایک یادہانی مراسلہ بھیجا جائے، جس میں پچھلے ایک / تین ماہ میں اردو وکیپیڈیا میں ہونے والے اضافہ جات کے اعدادوشمار بھی شامل ہوں تاکہ انہیں رغبت ملے۔

مشکل اردو الفاظ بارے تجویز[ترمیم]

مشکل اردو الفاظ کا استعمال بھی اردو وکیپیڈیا کی سست روی کا ایک بڑا سبب سمجھا جاتا ہے۔ بنیادی طور پر راقم کو اردو اصطلاحات سازی سے اتفاق ہے، مگر یہ بات راتوں رات ساری قوم کی سمجھ میں نہیں آ سکتی۔ زبان میں تبدیلی یکدم نہیں لائی جا سکتی اور اس میں یقینا وقت لگے گا۔

راقم کی رائے میں اردو میں ہر سائنسی و غیر سائنسی اصطلاح کا غیر انگریزی ہونا ضروری نہیں۔ جہاں آپ 99 الفاظ عربی سے لیتے ہیں، وہیں ’’ڈیسک‘‘ جیسا ایک آدھ لفظ انگریزی سے لے لینے میں بھی حرج نہیں۔ اس کے لئے آپ ایک اصول وضع کر سکتے ہیں کہ انگریزی کے وہ الفاظ جنہیں اردو میں وارد ہوئے کم از کم 100 یا 80 سال گزر چکے ہوں انہیں بطور اردو تسلیم کر لیا جائے اور بلاوجہ ان کا متبادل تلاش نہ کیا جائے۔

معذرت[ترمیم]

اگر راقم کی معروضات سے کسی کو دکھ پہنچا ہو تو وہ ایک بار پھر معذرت خواہ ہے اور امید کرتا ہے کہ بڑے ہونے کارن آپ شفقت اور درگزر سے کام لیں گے۔