معاونت:ہدایات اور پالیسیوں کا تعارف/3

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے



ہدایات اور پالیسیاں
ان کا مقصد وجود؟


مندرجات
مضمون نویسی کے بنیادی اصول و ضوابط


طرز عمل
دیگر صارفین سے کیسا برتاؤ رکھیں؟


خلاصہ
اپنی حاصل کردہ معلومات کا جائزہ لیں





ویکیپیڈیا پر آپ تنہا مسافر نہیں، یہاں آپ کو متعدد رفقا ملیں گے جن کے ساتھ رہ کر آپ کو سفر کی منزلیں طے کرنی ہیں اور انسانی فطرت کے مطابق سرد و گرم سہنا ہے۔ چنانچہ اس ہمکارانہ فضا میں دو باتوں کو خصوصی طور پر ملحوظ رکھیں: جرات کا مظاہرہ کریں اور شائستہ لب و لہجہ اختیار کریں۔ اس اجمال کی تفصیل حسب ذیل ہے۔


دوران ترمیم میں مختلف اندیشوں کو پس پشت ڈال کر پوری ہمت و جرات کے ساتھ تبدیلی، اصلاح اور اضافہ کریں۔ یہ سچ ہے کہ بیشتر تبدیلیاں دائرۃ المعارف کی تعمیر میں معاون ثابت ہوتی ہیں، تاہم اگر آپ سے کوئی غلطی یا چوک ہو جائے تو اسے واپس پھیر دینے کا اختیار موجود ہے۔ ویکی گشت کے دوران میں آپ کو کہیں محسوس ہو کہ اس عبارت کی اصلاح کی ضرورت ہے تو بلا جھجھک کر گزریں اور کسی قسم کا خوف نہ کھائیں۔ اگر آپ کی ترمیم ویکی روح سے متصادم نہ ہو اور دیگر تجربہ کار صارفین کی نگاہ میں مفید قرار پائے تو اسے باقی رکھا جائے گا، بصورت دیگر وہ اسے واپس پھیر دیں گے۔


اس ویکی سفر میں آپ کے ہم رکاب دیگر صارفین سے گفتگو کرتے وقت شائستگی، خوش اخلاقی، نرم خوئی اور کشادہ دلی آپ کے زاد راہ ہیں جو آپ کی تعمیری شخصیت کے آئینہ دار بھی ہوتے ہیں جبکہ ان کے برعکس بد مزاجی، ترش روئی، ناشائستگی، بیہودہ گوئی اور دھمکی بھرا تخاطب آپ کی تخریبی شخصیت کی عکاسی کریں گے۔ تاہم شائستگی اختیار کرنے سے یہ مفہوم قطعاً نہیں کہ آپ گفتگو سے کلی گریز برتیں اور اپنی رائے پیش نہ کریں، بلکہ دوسروں کی مخالف آرا کے مکمل احترام کے ساتھ اپنی رائے کو مہذب لب و لہجہ میں پیش کرنا بھی شائستگی میں داخل ہے۔ نیک نیتی فرض کرنے کا مفہوم یہ ہے کہ ہم دوسرے صارفین کی نیتوں سے بدگمان نہ ہوں بلکہ ہمیشہ یہ سوچیں کہ ان کے ارادے نیک اور عزائم تعمیری ہیں گوکہ ان کی ترامیم بعض اصولوں کے خلاف نظر آئیں۔ اگر نقد و تبصرہ یا اصلاح و ترمیم ناگزیر ہو تو ان صارفین کی کارروائیوں پر گفتگو کریں لیکن بغیر کسی واضح ثبوت کے ان کی نیتوں پر حملہ نہ کریں۔


ویکیپیڈیا کے تمام امور صارفین کے اتفاق رائے سے انجام پاتے ہیں (پالیسی)۔ عموماً جب آپ کسی صفحہ میں کوئی ترمیم کرتے ہیں تو اسے پڑھنے والے ہر شخص کو یہ اختیار حاصل ہے کہ اسے تبدیل کرے یا باقی رکھے۔ باقی نہ رکھے جانے کی صورت میں آپ ہرگز دل برداشتہ نہ ہوں بلکہ متعلقہ صفحہ کے تبادلہ خیال پر اپنے معاملہ کو پوری شائستگی کے ساتھ پیش کریں (ہدایت) اور صارفین کی جانب سے کسی پہلو پر اتفاق رائے کا انتظار کریں۔ تاہم ایسی ناپسندیدہ صورت حال خال خال ہی پیش آتی ہے۔