نظمِ نو

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

سہ ماہی’’ نظم نو‘‘کے نام سے ہی یہ بات عیاں ہو جاتی ہے کہ یہ ایک نظم کا جریدہ ہے جس کا آغاز اپریل 2011ء میں اپنے پہلے شمارے ن م راشد نمبر سے ہوا،’’ نظم نو‘‘ کا پہلا شمارہ 286 صفحات پر مشتمل تھا اور ان صفحات میں نئے اور پرانے نظم گو شعرا کی نظموں کے علاوہ نظم کے حوالے سے مضامین بھی شامل کیے گئے تھے، چونکہ ’’ نظم نو‘‘کا پہلا شمارہ ن،م ،راشد نمبر تھا اس لیے راشد پر لکھے گئے مضامین اور ان کی چنیدہ نظمیں بھی اس شمارے میں شامل تھیں۔’’ نظم نو‘‘کی اشاعت اپنی نوعیت کی پہلی کوشش تھی جس میں فقط شاعری کی ایک صنف’’نظم ‘‘ کو فوکس کیا گیا تھا اور صدیوں سے رائج ادبی جرائد کی روایت کو توڑا گیا تھا۔ یہ تجربہ نہایت کامیاب رہا جس کی ضمانت اس کے بعد شائع ہونے والے ’’کہانی کار‘‘ اور ’’کہانی گھر‘‘ نامی دو ادبی جرائد ہیں جنھوں نے ’’ نظم نو‘‘کی تقلید کرتے ہوئے ادب کی ایک صنف ’’کہانی‘‘ کو فوکس کیا ۔ ’’ نظم نو‘‘ کا دوسرا شمارہ جولائی 2011ء میں شائع ہوا اور یہ شمارہ 256 صفحات پر مشتمل تھا اور ان صفحات میں نظموں اور نظموں سے متعلق مضامین شامل کیے گئے تھے اور اس کے علاوہ یہ کوشش کی گئی تھی کہ نظم پر بحث کا آغاز کیا جائے جس سے یقینی طور پر نظم کو فائدہ ہوگا، اس ضمن میں ایک مضمون خاص طور پر اس شمارے میں شامل کیا گیا تھا اس کے ساتھ ساتھ اس شمارے میں ایک سلسلہ بھی شروع کیا گیا تھا جس کے مطابق ایک نظم پر دو تنقید نگاروں کا تبصرہ پیش کیا جائے گا، اس سلسلے کی خاص بات یہ ہے کہ نہ تو نظم گو کو یہ بتایا جاتا ہے کہ نظم پر تبصرہ کن حضرات سے کروایا جائے گا اور نہ ہی تبصرہ کرنے والے کو شاعر کے نام سے آگاہی دی جائے گی۔’’ نظم نو‘‘کا دوسرا شمارہ ’’مجید امجد‘‘ نمبر تھا جس کی نسبت سے ’’ مجید امجد ‘‘پر لکھے گئے مضامین اور ان کی چنیدہ نظمیں بھی شمارے میں شامل کی گئیں۔ دوسرے شمارے میں تبرکاً’’ مجید امجد ‘‘ کے وہ سہرے بھی شامل کیے گئے تھے جو اس شمارے کی اشاعت تک غیر مطبوعہ تھے۔ ’’ نظم نو‘‘کا سفر جاری ہے اور وہ اپنی منازل کی طرف گامزن ہے’’ نظم نو‘‘کی ویب گاہ اور آن لائن ’’نظم نو‘‘ جس کاثبوت ہیں اور ہماری کوشش رہے گی کہ ہم اپنے قاری کو یہ ثبوت تسلسل کے ساتھ فراہم کرتے رہیں۔ ’’نظم نو‘‘ اپنے پہلے شمارے سے ہی نہ صرف تمام نظم گو شعرا بلکہ ادب سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کی توجہ حاصل کر چکا ہے، دعا کیجیے گا کہ ’’ نظم نو‘‘ اسی وقار کے ساتھ نظم کی ترویج و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے۔

حوالہ جات[ترمیم]