ڈی این اے تنسخ
ڈی این اے تنسخ (tanassukh) کو سادہ الفاظ میں ---- ڈی این اے کی تکرار کرنا ---- کہا جا سکتا ہے اور اس کا مطلب ہے، ڈی این اے کو بنانا یا تیار کرنا۔ اس کو انگریزی میں DNA replication یا DNA synthesis کہا جاتا ہے۔ ایک جاندار کے خلیات میں یہ عمل بہت سے مراحل پر کیا جاتا ہے جس میں سے ایک اہم مثال خلیاتی تقسم ہے۔ ہر خلیہ کا دو بند DNA سالمہ (double stranded DNA molecule)، خلیہ کی تقسیم سے قبل کاپی یا نقل تیار کرکے اپنی اصل مقدار کا دگنا کر لیا جاتا ہے اور پھر یہ آدھا آدھا نئے بننے والے دونوں خلیات میں چلا جاتا ہے۔ حقیقی المرکز خلیات (یعنی ایسے خلیات جن میں مرکزہ پایاجاتاہے) میں یہ تنسخ کا عمل انقسام (mitosis) اور انتصاف (meiosis) سے قبل، خلیہ کی دوران خلیہ کے S مرحلہ پر انجام دیاجاتا ہے۔ اس طرح ایک دوبند DNA سے، دو نئے، دوبند DNA کے جو سالمے بنتے ہیں ان میں سے ہر ایک میں، دو میں سے ایک بند، اصل ہوتا ہے جو اولین خلیہ سے آتا ہے اور دوسرا بند، نیا نقل کرکے تیار کیا ہوا ہوتا ہے --- گویا مزید سادہ الفاظ میں یوں کہیئے کہ نئے بننے والے دو DNA کے سالموں میں سے ہر ایک میں آدھا حصہ (ایک بند) پرانا اور اصل ہوتا ہے اور آدھا حصہ (دوسرابند) نیا اور نقل ہوتا ہے --- اس لحاظ سے دیکھا جائے تو چونکہ اس تنسخ کے دوران آدھا DNA محفوظ رہتا ہے اس لیے اس کو نیم محافظ (semiconservative replication) بھی کہا جاتا ہے۔ |