نیتیش کمار
ہندوستانی سیاستدان۔صوبہ بہار کے وزیراعلی اور جنتا دل (یونائٹڈ) کے صف اوّل کے رہنماء۔نیتیش کمار کی پیدائش یکم مارچ 1951 کو بختیارپورضلع کے حقیقت پور گاؤں میں ہوئی۔ انہوں نے بہار کالج آف انجینیئرنگ، پٹنہ سے انجینیئرنگ کی تعلیم حاصل کی۔سن 75-1974 کی جے پی تحریک کے کارکنوں کے طور پر سامنے آنے والے نیتیش کو 1974 میں اندرونی تحفظ قانون کے تحت جیل جانا پڑا۔ وہ سمتا پارٹی کے قائم کرنے والوں میں سے ہیں۔ بعد میں اس پارٹی کا جنتادل (یو) میں انضمام ہو گیا۔ سن 1985 میں وہ پہلی بار بہار اسمبلی میں آئے اور 88-1987 میں یُوا لوک دل کے صدر بنے۔ سن 1989 میں وہ جنتادل بہار اکائی کے جنرل سکریٹری بنے اور نویں لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے۔ سن 2000 میں وہ بہار کے وزیراعلی بنے لیکن صرف سات دن تک کیونکہ وہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ اس کے بعد 2005 میں ہونے والے بہار کے اسمبلی انتخابات میں ان کے حلیفوں کو اکثریت ملی اور وہ وزیراعلی بنے۔ان کی شبیہ ایک شیریں سخن اور ہوشیار حکمراں کی ہے۔