ویکیپیڈیا:ایک لاکھ مضامین/بالا

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

متناسق عالمی وقت کے مطابق اردو ویکیپیڈیا نے مورخہ 29 دسمبر 2015ء بروز منگل بوقت 18 بج کر 25 منٹ پر ایک لاکھ مضامین کا اہم ترین سنگ میل عبور کیا۔ اس موقع پر اردو ویکیپیڈیا کی جانب سے اس کے تمام صارفین اور منتظمین کو دلی مبارکباد اور اس سنگ میل کے عبور کرنے میں ان کی انتھک محنت، جدوجہد اور کاوشوں پر صدہا آفرین۔

ویکیپیڈیا انسانی تاریخ کا عظیم ترین اور وسیع ترین علمی دائرۃ المعارف تیار کرنے کی ایک تحریک ہے، ایسا دائرۃ المعارف جو بیک وقت مختلف الجہات، متعدد الفنون اور کثیر الالسنہ بھی ہو نیز تعلیم یافتہ افراد اور کم پڑھے لکھے قارئین ہر دو طبقہ کے لیے یکساں مفید بھی۔ اس منصوبہ کی ابتدا جنوری 2001ء میں ہوئی، جبکہ اس تحریک کے پرچم تلے اردو زبان نے اپنی ویکیپیڈیا کا آغاز جنوری 2004ء میں کیا۔ اردو ویکیپیڈیا نے اپنے آغاز ہی سے خاصا سرد و گرم ماحول دیکھا اور انتہائی صبر آزما مراحل سے دوچار رہا، آج جو اردو ویکیپیڈیا ہمارے سامنے ہے یہ ان افراد کی بے پناہ قربانیوں کا صلہ ہے جن کی زندگی کی اولین ترجیح اردو ویکیپیڈیا کی ترقی رہی، اور اس راہ میں ان افراد نے اپنے مال و زر اور وقت و صلاحیتوں کو بے دریغ استعمال کیا۔ ہمیں افسوس ہے ان دیرینہ رفقا میں سے بیشتر ساتھی اب اس علمی قافلہ کے ہم سفر نہیں رہے اور غم روزگار نے انہیں اس کاروان علم کے ہم رکاب نہ رہنے دیا۔ ان رفقاء گرامی میں بانی اردو ویکیپیڈیا اعلی حضرت شمس الدین محمد، سیف اللہ ثاقب سعود، سمرقندی اور فہد کیہر سرفہرست ہیں، ان کے علاوہ بھی صارفین و منتظمین کی ایک بڑی تعداد ہے جو اب متحرک نہیں رہی۔ اردو ویکیپیڈیا ان بچھڑے ساتھیوں کے تئیں گہرے رنج کا اظہار کرتا ہے اور ان کے لیے دست بدعا ہے کہ وہ زندگی کے تمام مراحل میں سرخرو اور کامیاب ہوں اور زندگی انہیں اتنی فرصت مہیا کردے کہ وہ دوبارہ لیلائے ویکیپیڈیا کی گیسوؤں کو سنوارنے کے لیے یہاں وارد ہوں اور اپنی مفید و تعمیری سرگرمیوں کو جاری کر سکیں۔

خوشی کے اس موقع پر اردو ویکیپیڈیا اپنے تمام رفقاء کار سے دست بستہ گذارش کرتا ہے کہ خدارا ماضی کی تمام تلخ یادوں اور مباحثات کو فراموش کر کے نئے عزم و استقلال اور تازہ ولولوں کے ساتھ ایک بار پھر اس منصوبہ کے ہمنوا بنیں اور اس دائرۃ المعارف کو اردو زبان کا منفرد موسوعہ بنانے میں تعاون فرمائیں، ہماری آنے والی نسلیں اس منصوبہ سے استفادہ کر کے ہماری شکرگزار ہو گی۔ ہمیں امید ہے جملہ صارفین و منتظمین اس پر مسرت موقع سے لطف اندوز ہونگے اور کسی طرح کی تلخی کو اب روا نہ رکھیں گے۔

اطلاع: تمام احباب سے گذارش ہے درج ذیل طریقہ پر ان لمحات کے متعلق اپنے تاثرات کو قلمبند فرمائیں، آپ کے یہ تاثرات اردو ویکیپیڈیا کی تاریخ میں محفوظ ہوکر امر بن جائیں گے۔

اپنا تاثراتی پیغام درج کرنے سے قبل اپنے پیغام کا مناسب سا عنوان درج کریں، پھر پیغام اور تاثرات درج کریں، نیز اردو ویکیپیڈیا کی ترقی وترویج کے لیے مناسب تجاویز بھی تحریر کرسکتے ہیں، اس کے بعد اپنی دستخط لازماً شامل کریں۔