آلیساندرو منزونی

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے


منزونی، آلیساندرو (1873 - 1785 Manzoni, Alessandro,) منزونی اٹلی کا شاعر و ناول نگار ہے۔ نوجوانی میں منزونی الفیے ری (Alfieri) اور پیری نو (Parino) جیسے مصنفوں سے متاثر ہوا اور حریت پسندی، وطن دوستی اور آزاد خیالی کو اپنایا۔ والٹیر (Voltaire) کے اثر نے اسے عقیدے سے برگشتہ (Sceptial) بنا دیا۔ 1792 میں اس کے والدین نے ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ 1805 میں منزونی اپنی ماں اور اس کے عاشق کے ہاں پیرس چلا گیا۔ 1808 میں شادی کی اور بیوی کے اثر میں آ کر کیتھولک مذہب اختیار کیا۔ منزونی کی باقی زندگی ایک گہری مذہبیت کی حامل ہے۔ اس کا گہرا ایمان اس کی ساری تصنیفوں میں نمایاں ہے۔ منزونی نے کیتھولک اخلاقیات پر ایک رسالہ لکھا اور 1804 میں اپنے اشعار کا مجموعہ "انی ساکری" (Inni Sacri) یعنی "مناجات" (Sacred Hymns) شائع کیں۔ 1832 سے 1839 تک اس کا مشہور زمانہ ناول "آئی پرومیسی سپوزی" (I Promesti Spose) یعنی "دو منگیتر" تین جلدوں میں شائع ہوا۔ اس کا انگریزی ترجمہ The Betrothed کے نام سے 1851 میں چھپا۔ یہ ناول ابتدائی سترہویں صدی کے لمبارڈی (Lombardi) جنگ سی سالہ اور پلیگ کی وبا کے پس منظر کے ساتھ دو دہقانی کرداروں کی داستان ہے جو ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں اور شادی کرنا چاہتے ہیں لیکن ایک مقامی صاحب اقتدار کا جبر و ظلم اور بستی کے پادری کی بزدلی ان کی زندگیوں اور ارادوں میں حائل ہوتے ہیں۔ منزونی کا تاریخی تبحر، غریب کسانوں سے ہمدردی اور اس کی گہری مسیحیت اس ناول میں اپنے عروج پر پہنچ جاتی ہے۔ اس کتاب کا کئی زبانوں میں ترجمہ ہوا اور اس کے سبب منزونی کو یورپی شہرت حاصل ہوئی۔ منزونی نے بڑی طویل عمر پائی۔ بہت دکھ جھیلے۔ اس کی دو بیویاں اور کئی بچے اس کی زندگی میں نذر اجل ہو گئے لیکن منزونی کے عقیدے اور ایمان میں کبھی تزلزل نہیں آیا۔ منزونی کی اہم تصنیفیں Operetic Varic کے نام سے 1870 میں یکجا شائع کی گئیں۔