اسکرپٹمنٹ

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

اسکرپٹمنٹ (scriptment) سے مراد فلم یا ٹیلی ویژن کے منظر نگار کا وہ مخصوص تحریر کردہ کام ہے جو اسکرپٹ اور ٹریٹمنٹ کے عناصر، خصوصاً مکالموں، کو یکجا کرتا ہے۔ ٹریٹمنٹ کے عمومی مسودے کے مقابلے میں یہ مزید تفصیلی دستاویز کی مانند ہوتا ہے جس کے اجزا بالکل اسی طرح تحریر کیے جاتے ہیں جیسے کہ وہ منظرنامے میں تحریر ہوتے ہیں۔ ایک طویل اسکرپٹمنٹ، اسکرپٹ سے ملتا جلتا ہو سکتا ہے جس کی بنیاد پر لکھاری کے نام کو فلم میں منظر نگار کے نام کے تحت بھی جگہ دی جا سکتی ہے، بہ صورتِ دیگر اُس کا نام صرف کہانی تحریر کرنے والوں میں شامل ہوتا ہے۔ بعض فلمیں صرف اسکرپٹمنٹ کی بنیاد پر فلمائی گئی ہیں۔

ماخذ[ترمیم]

اسکرپٹمنٹ کی اصطلاح فلم ساز جیمز کیمرون کی اختراع ہے، جو ممکنہ طور پر اسپائڈر-مین فلمی سلسلے کے منصوبے میں اُن کی ابتدائی شمولیت کے دوران گھڑی گئی۔ اس ضمن میں، فلم دا ٹرمنیٹر (1984ء) کی کام یابی کے بعد، کیمرون نے اسپائڈر-مین فلم کا 47 صفحات پر مشتمل ایک اسکرپٹمنٹ شائع کیا، جس کی بنیاد پر فلم کے منظر نگار ڈیوڈ کوئپ نے پہلا مسودہ تیار کیا تھا جو تقریباً حرف بہ حرف اسی اسکرپٹمنٹ پر مبنی تھا۔

فلم ٹائٹینک (1997ء) کے لیے کیمرون کا اسکرپٹمنٹ 131 صفحات پر مشتمل تھا۔ اس اصطلاح کو عام مقبولیت تب ملی جب فلم اواتار کے لیے 1994ء میں کیمرون کا لکھا جانے والا اسکرپٹمنٹ قبل از پروڈکشن انٹرنیٹ پر سامنے آگیا۔ اگرچہ دیگر ہدایت کار، جیسے جون ہیوز اور زیک پین، پہلے ہی اسکرپٹمنٹ تحریر کرچکے تھے، لیکن فلم اواتار کا اسکرپٹمنٹ اور اس کی تشہیر مذکورہ اصطلاح کے عام ہونے کا سبب بنی۔