جزائر نخیل

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

جزائر نخیل Palm Islands دنیا کے تین سب سے بڑے مصنوعی جزیرے ہیں جنہیں متحدہ عرب امارات کے تعمیراتی ادارہ نخیل پراپرٹیز نے دبئی میں۔تیار کیا ہے ۔ یہ تینوں جزیرے کھجور کے درخت اور ہلال کی شکل کے ہیں جہاں رہائشی عمارات اور ہوٹل تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

جزائر نخیل کا ڈیزائن

ان جزائر کی تعمیر کا مقصد دبئی میں سیاحت کو فروغ دینا ہے کیونکہ متحدہ عرب امارات کی تمام ریاستوں میں تیل کے سب سے کم ذخائر دبئی میں ہیں اور خدشہ ہے کہ 21 ویں صدی کی دوسری دہائی میں یہ ذخائر بھی ختم ہوجائیں گے۔

ان جزائر میں سے دو النخیل، جمیرہ اور النخیل، دیرہ ہالینڈ کی کمپنی وان اورڈ تیار کر رہی ہے جبکہ النخیل، جبل علی جین ڈی نول تیارکر رہی ہے۔

تعمیر[ترمیم]

جزائر نخیل تکنیکی طور پر مصنوعی جزیرہ نما ہوں گے جنہیں خلیج فارس کی تہ سے نکالی گئی مٹی سے بنایا جا رہا ہے۔ یہ مٹی مخصوص جہازوں (ڈریجر) کے ذریعے خلیج کی تہ سے نکالی گئی اور گلوبل پوزیشننگ سسٹم (جی پی ایس) کی مدد سے اسے جزائر کی تعمیر کے لیے استعمال کیا گیا۔ اس عمل کو Raindbowing کا نام دیا گیا۔ ہر جزیرے کے بیرونی دائرے میں موجود ہلال کے گرد پتھر کی دیوار تعمیر کی گئی ہے تاکہ جزائر سمندری آفات سے محفوظ رہ سکیں۔ بیرونی ہلال میں دو جگہ پر اضافی نہریں رکھی گئی ہیں تاکہ جزیرے پر موجود پانی تبدیل ہوتا رہے۔

النخیل، جمیرہ[ترمیم]

زیرتعمیر النخیل، جمیرہ کا خلاء سے منظر

النخیل، جمیرہ کی تعمیر کا آغاز جون 2001ء میں ہوا اور امید تھی کہ یہ 2006ء مکمل ہو جائے گا لیکن ڈیزائن میں حالیہ تبدیلی کے باعث اس کی تعمیر دسمبر 2007ء تک مکمل ہوگی۔ اس جزیرے پر تین 5 ستارہ ہوٹلوں کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ اس جزیرے پر پرآسائش رہائشی مکانات بھی زیر تعمیر ہیں۔ 2004ء میں جب ان مکانات کو فروخت کے لیے پیش کیا گیا تو محض تین دن میں تمام گھر فروخت ہو گئے۔ انگلینڈ کے مشہور زمانہ فٹ بالر ڈیوڈ بیکہم بھی جزیرے کے ایک مکان کے مالک ہیں۔

النخیل، جبل علی[ترمیم]

النخیل، جبل علی اور دبئی واٹر فرنٹ، بعد از تکمیل تصوراتی خاکہ

النخیل، جبل علی کی تعمیر کا آغاز اکتوبر 2002ء میں ہوا اور یہ 2007ء کے اواخر میں مکمل ہو جائے گا۔ اسے تعطیلات منانے والے سیاحوں کے لیے آرام دہ اور پرسکون مقام کی حیثیت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ تکمیل کے بعد اس کے گرد دبئی واٹر فرنٹ پروجیکٹ تعمیر ہوگا جو کئی مصنوعی جزائر کا مجموعہ ہوگا۔

النخیل، دیرہ[ترمیم]

النخیل، دیرہ کا تصوراتی خاکہ

النخیل، دیرہ کی تعمیر کا آغاز نومبر 2004ء میں ہوا لیکن تعمیراتی مسائل کے باعث اس میں مزید 5 سال کے تعطل کا امکان ہے۔ دیرہ جزیرہ تینوں جزائر میں سب سے بڑا ہوگا اور یہ نیویارک کے مرکزی علاقے مین ہٹن سے بھی وسیع علاقے پر محیط ہوگا۔

مزید دیکھیے[ترمیم]

برج العرب: دنیا کا سب سے پرتعیش اور دنیا کا سب سے بلند ہوٹل

جزائر عالم: دبئی میں مصنوعی جزائر کا ایک اور منصوبہ The World Islands

برج دبئی: تعمیراتی تکمیل کے بعد دنیا کی سب سے بڑی عمارت

دبئی مال: تعمیر مکمل ہونے کے بعد دنیا کا سب سے بڑا شاپنگ مال

نگار خانہ[ترمیم]

بیرونی روابط[ترمیم]

نخیل پراپرٹیزآرکائیو شدہ (Date missing) بذریعہ nakheel.ae (Error: unknown archive URL)

آفیشل ویب گاہ جزائر نخیلآرکائیو شدہ (Date missing) بذریعہ thepalm.ae (Error: unknown archive URL)

جزائر نخیل کا خلائی منظر