صارف:سمرقندی/دائرۃ المعارف اصطلاحات
دائرۃ المعارف یعنی اردو ویکیپیڈیا کے بارے میں ایک تاثر یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہاں استعمال ہونے والی اصطلاحات نا صرف یہ کہ مشکل ہیں بلکہ ان میں سے اکثر غیراردو ہیں؛ اب جہاں تک رہی بات مشکل کی تو اس بارے میں وضاحت کے لیے یہ صفحہ تحریر کیا جارہا ہے اور امید ہے کہ قاری کے ذہن میں مشکل اصطلاح اور آسان اصطلاح کا فرق واضح ہو جائے گا ، اور جہاں ہے بات غیراردو اصطلاحات کی تو اس بارے میں خاصی وضاحت لکھی جاچکی ہے اور اسے مضمون اردو غیر اردو میں دیکھا جاسکتا ہے۔ اصل مسئلہ جب پیدا ہوتا ہے جب عام رائج اردو کی پستی کو نظر انداز کرتے ہوئے ہر اس اصطلاح کو عربی یا فارسی کہہ کر غیر اردو کہہ دیا جاتا ہے جو کہ موجودہ اردو کی عمومی پسماندگی کی وجہ سے عام طور پر استعمال نہیں ہوتی اور اس کے برعکس مشکل ترین انگریزی اصطلاح کو انگریزی ہی تلفظ میں (عربیزدہ) کر کے لکھ دیا جائے تو اس کو غیر اردو نہیں کہا جاتا اور اس قسم کی مثالوں سے موجودہ (رائج) اردو کے رسائل ، کتب اور اخبارات بھرے ہوئے ہیں۔ اس دائرۃ المعارف پر تمام اقسام کی (بطور خاص سائنسی) اصطلاحات کو منتخب کرتے وقت بہت سے (بلکہ حق یہ ہے سائنسی انداز سے ترجمہ سازی کے تمام) پہلوؤں کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔
اصطلاح سازی کا سائنسی پہلو
[ترمیم]اصطلاح سازی سے یہاں اصل میں مراد ترجمے کی ہے اور کسی تحریر کا ایک زبان سے دوسری زبان میں ترجمہ اگر جدید سائنسی اصولوں کے بغیر کیا جائے گا تو اس کی حیثیت محض وقتی ضرورت پورا کرنے اور صفحات کو کالا کرنے سے زیادہ کچھ نہیں ہوگی۔ ترجمے کو اس کی وسعت کے لحاظ سے کم از کم دو بڑے گروہوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے؛ اول، وہ ترجمہ جو کہ کسی ایک کتاب ، یا کسی ایک مضمون کا کیا جائے اور دوم، وہ ترجمہ جو کسی ایک کتاب یا مضمون تک محدود نا ہو بلکہ اسکا ہدف کسی ایک زبان کے مکمل تحریری اور علمی مواد کو کسی دوسری زبان میں منتقل کرنا ہو۔ اور یہ قسم دوم ہی ہے کہ جہاں ترجمے میں اصطلاح سازی کی اہمیت بنیادی کردار ادا کرتی ہے، اگر اصطلاح سازی درست نا ہوگی تو ترجمے کی تعریف کے مطابق ایسا ترجمہ ناممکن ہو جائے گا کہ جس میں ہر کوئی (فرد ہو یا ادارہ) متن کی ہر جگہ اور ہر مرتبہ (بلا کسی ابہام کے) معادل و مساوی انداز میں تفسیر ، اصل زبان کے عین مطابق (یا کم از کم اس کے قریب ترین) رہتے ہوئے کرسکے۔