لسانیات

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
یہاں جائیں: رہنمائی، تلاش کریں

لسانیات (Linguistics) ایک ایسا مضمون ہے جس میں انسانی زبانوں کا ، زبانوں کی موجودہ صورت کا اور زبانوں میں وقت کے ساتھ ساتھ ہونے والی تبدیلیوں کا مطالعہ کیا جاتا ہے۔ اس علم میں مختلف زبانوں کی آپس میں مشابہت کے بارے میں مطالعہ کے ساتھ ساتھ اس چیز کا بھی مطالعہ کیا جاتا ہے کہ زبانوں کا اس دنیا کی دیگر چیزوں کے ساتھ کیا تعلق ہے۔ گویا لسانیات در اصل وہ علم ہے جس میں صرف انسانی زبان پر بحث کی جاتی ہے اور اس کے علاوه کسی دوسری نظام کا مطالعہ نہیں کیا جاتا۔

وجۂ تسمیہ[ترمیم]

اردو میں اسم" لسان" کے ساتھ "یات" بطور لاحقۂ نسبت لگانے سے لسانیات کی اصطلاح بنتی ہی ۔ یہ اصطلاح اردو میں بطور اسم استعمال ہوتی ہے اور علم اللسان یا علمِ زبان کے معنوں میں مستعمل ہے۔ گویا یہ علم زبان کی تاریخ اور تشکیل کو موضوع گفتگو بناتا ہے۔ بالفاظ دیگر لسانیات میں زبان کا عمومی اور نظریاتی مطالعہ کیا جاتا ہے جس کے ذریعے یہ معلوم ہوتا ہے کہ زبان کیا ہے، زبان کا نظام اور اس کے اجزائے ترکیبی (Components) کس طرح کام کرتے ہیں اوران کا باہمی ربط و عمل کیا ہے۔ اس نظریاتی مطالعے کا مقصد زبان کی مختلف سطحوں صوتیاتی، صرفی، نحوی اور معنیات کے بارے میں کُلّی (Universal) قواعد و اصول وضع کرنا ہے جن کا اطلاق دنیا کی زیادہ سی زیادہ زبانوں پر ہو سکے۔ جدید ماہرین لسانیات عہد حاضر کی لسانیاتی تحقیقات کی روشنی میں اب از سر نو زبان کی حقائق و معارف کی جستجو میں لگے ہوئے ہیں جس کی وجہ سی لسانیات کی وسعت اور مقبولیت میں بڑی تیزی سی ترقی ہو رہی ہے۔ ان تفصیلات سے اندازا ہوتا ہے کہ سائنسی طریقی سے زبان کا مطالعہ لسانیات کہلاتا ہے۔ لسانیات کی خاص شاخیں مندرجۂ ذیل ہیں:

یک زمانی لسانیات (SYNCHRONIC LINGUISTICS)[ترمیم]

خالص لسانیات میں زبان کا مطالعہ خالص لسانیاتی نقطہ نظر سے کیا جاتا ہے. اس کی کئی سطحیں ہیں جو درج ذیل ہیں:

صوتیات ( فونیٹیکس)[ترمیم]

صوتیات میں زبان میں آوازوں کی ادائیگی کا مطالعہ کیا جاتا ہے اور یہ دیکھا جاتا ہے کہ یہ آوازیں کیسے پیدا ہوتی ہیں اور ان کی درجہ بندی کس طرح کی جا سکتی ہے.

فونیمات: ( فونولوجی)[ترمیم]

فونیمات میں ان طریقوں کا مطالعہ کیا جاتا ہے جن سے کسی ایک زبان کی تخالفی اور امتیازی اصوات کی اکاییوں کو معلوم کیا جاتا ہے.فونیم سے امتیازی آوازوں کی وه تعداد مراد ہے جو کسی بھی زبان میں محدود ہوتی ہے.

صرف (مارفالوجی)[ترمیم]

صرف میں کسی زبان میں موجود چھوٹی چھوٹی صرفی اکاییوں کا مطالعہ ہوتا ہے.اصل میں یہ لفظ کی سطح تک زبان کا صرفی مطالعه ہے.

نحو: ( سینٹیکس)[ترمیم]

علم نحو کسی زبان کے جملوں کی ساخت اور جملوں میں لفظوں کی ترتیب کے قاعدوں کا مطالعہ ہے.

معنیات: (سیمینٹکس)[ترمیم]

معنیات میں ان طریقوں کا مطالعہ کیا جاتا ہے جن سے زبان میں معنی سمجھنا مقصود ہو۔