نوری سیلان

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

نوری سیلان (انگریزی: luminous flux) ضیا پیمائی میں نوری سیلان یا نوری طاقت روشنی کی طاقت کے ادراک کی پیمائش ہے۔ یہ اشعاعی سیلان (radiant flux) سے مختلف ہے جس میں برق مقناطیسی اشعاع (بشمول زیریں سرخ، بالا بنفشی اور مرئی روشنی) کی کی کل طاقت کی پیمائش کی جاتی ہے۔ اس میں انسانی آنکھ کی مختلف طول موج کی روشنی کے لیے بدلتی ہوئی حساسیت کے مطابق نوری سیلان کو ڈھالا جاتا ہے۔ سادہ الفاظ میں نوری سیلان کسی خاص ذریعے سے دیدنی توانائی کی ترسیل کی شرح وقت کو کہتے ہیں جسے عموماً نورانیہ (لیومن) میں ظاہر کیا جاتا ہے۔

اکائیاں[ترمیم]

بین الاقوامی نظام اکائیات میں نوری سیلان کی اکائی نورانیہ، (لیومن (lumen)) ہے۔ جسے (lm) سے ظاہر کیا جاتا ہے۔ ’’ایک نورانیہ یا لیومن کسی روشنی کے ماخذ سے پیدا شدہ روشنی کا وہ نوری سیلان ہے جو ایک سٹریڈین ٹھوس زاویہ سطح پر ایک کینڈیلا شدت کی روشنی خارج کرے۔‘‘ دوسرے نظامِ اکائیات (system of units) میں نوری سیلان کی طاقت کی اکائیاں استعمال ہو سکتی ہیں۔