تحریضی متعدد فعولی جذعی خلیہ

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

تحریضی متعدد فعولی جذعی خلیہ (induced pluripotent stem cell) جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ ایک ایسے جذعی خلیے (stem cell) کو کہا جاتا ہے جس کوسالماتی ہندسیات اور وراثی ہندسیات کی طرازات (techniques) استعمال کرتے ہوئے متعدد فعولی (pluripotent) بننے پر ترغیب دی گئی ہو یا یوں کہہ لیں کہ مذکورہ بالا طرازات کو استعمال کرتے ہوئے کسی خلیے کو متعدد فعولی بنانے کی خاطر تحریض (induction) دی گئی ہو۔ مندرجہ بالا سطور سے یہ بات عیاں ہے کہ تحریضی متعدد فعولی خلیۂ جذعیہ اصل میں کسی عام جسدی خلیۓ (somatic cell) سے مصنوعی طور پر تیار کیا جاتا ہے۔ اس خلیے کے لیے انگریزی میں iPS کا اختصار بکثرت دیکھنے میں آتا ہے۔

آسان بیان[ترمیم]

جذعی خلیات ؛ دنیائے طب میں آج ایک انتہائی سرگرم تحقیقی شعبے میں شمار کیے جاتے ہیں اور ان کی مدد سے بہت سے (موجودہ) لاقابل علاج امراض کا معالجہ ممکن ہونے کی امید قوی محسوس کی جاتی ہے۔ جنینی جذعی خلیات (embryonic stem cells) ایک تو یہ کہ بدقت قابلِ دسترس ہیں اور دوسرے یہ کہ ان کے استعمال پر دنیا بھر میں مذہبی و اخلاقی نقطۂ نظر سے ایک تنازع جاری ہے جس کی وجہ سے ان کو عمومیت سے اختیار کرنا مشکل ہوتا ہے۔ اس مشکل پر قابو پانے کے لیے بالغ جذعی خلیات (adult stem cells) کو تحقیق کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ بالغ جذعی خلیات، عام طور پر متعدد فعولی نہیں ہوا کرتے بلکہ کثیر فعولی (multipotent) ہوتے ہیں؛ متعدد فعولی خلیات وہ خلیات ہوتے ہیں کہ جو اپنی غیر تمیز (un-differentiation) حالت سے بدل کر متعدد (بہت ساری بالغ اقسام) کے تمیزی (differentiation) خلیات میں تبدیل ہو سکتے ہیں جبکہ کثیر فعولی خلیات عام طور پر محض چند بالغ اقسام (جیسے، گوشت، جلد، اعصاب وغیرہ) کے خلیات میں ہی تمیز ہو پاتے ہیں۔ یعنی متعدد فعولی خلیات سے طرح طرح کے (ضرورت کے مطابق) خلیات بنانے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں؛ اسی وجہ سے سائنس دان، ایک عام خلیے کو تحریض یا ترغیب دے کر اسے متعدد فعولی بنانے پر تحقیق میں مصروف ہیں تاکہ اس سے پھر طرح طرح کے ایسے خلیات پیدا کیے جاسکیں جو بیماری یا کسی حادثے کی وجہ سے ختم ہو چکے ہیں۔