خون
| خون دم | |
|---|---|
سرنجوں میں وریدی (ہلکا) اور شریانی (گہرا) خون | |
| تفصیلات | |
| شناخت کنندگان | |
| لاطینی | sanguis |
| قدیم یونانی | αἷμα (ہیما) |
| میش | properties |
| TA98 | A12.0.00.009 |
| TA2 | properties |
| FMA | 9670 |
| تشریحی اصطلاحات | |
خون (بلڈ / blood) کئی طرح کے خلیوں پر مشتمل ایک بافت ہے جو پلازما نامی سیال میں معلق ہو کر جسم میں گردش کرتی ہے۔ خون کے خلوی اجزا میں سرخ خلیے، سفید خلیے اور صفیحات (پلیٹلیٹس) شامل ہیں۔[1] سرخ خلیے ماحول اور جسم کے درمیان گیسی تبادلے کے ذمہ دار ہیں۔ یہی خلیے خون کو اس کا سرخ رنگ دیتے ہیں۔ سفید خلیے جسم کے دفاعی نظام کا اہم حصہ ہیں جبکہ صفیحات لختۂ خون (کلاٹ) بنانے میں معاون ہوتے ہیں۔
خون سے متعلق طبی اصطلاحات ہیمو (Hemo) یا ہیماٹو (Hemato) سے شروع ہوتی ہیں۔ یہ اصطلاحات خون کے لیے استعمال ہونے والے یونانی لفظ αἷμα (ہیما) سے ماخوذ ہیں۔ تشریح (اناٹومی) کے نقطۂ نظر سے خون اصل اور فعل ہر طرح سے ایک واصلی بافت ہے۔[2]
افعال
[ترمیم]خون جسم میں مندرجہ ذیل افعال کا ذمہ دار ہے:
- بافتوں کو آکسیجن کی فراہمی (یہ کام سرخ خلیوں میں موجود ہیموگلوبِن کرتی ہے)۔
- بافتوں کو گلوکوز، امائنو ایسڈ اور فیٹی ایسڈ جیسے غذائی اجزا کی فراہمی (یہ اجزا آنتوں سے خون میں جذب اور حل ہو کر یا پلازما کے ساتھ وابستہ ہو کر سفر کرتے ہوئے بافتوں تک جاتے ہیں)۔
- کاربن ڈائی آکسائیڈ، یوریا اور یورک ایسڈ جیسے فاضل مادوں کا نکاس۔
- مدافعتی وظائف: خون یہ کام سفید خلیوں اور اینٹی بایوٹک کے ذریعے انجام دیتا ہے۔
- خون کا انجماد: یہ کام جسم کے خود مرمتی نظام کا ایک حصہ ہے۔
- پیغام رسانی: اس میں ہارمونوں کی نقل و حمل اور بافتی توڑ پھوڑ کے متعلق پیغام شامل ہیں۔
- جسم میں pH کی تنظیم اور استقرار۔
- جسمانی درجۂ حرارت کا انضباط۔
- جسم کے کچھ حصوں میں ہائیڈرالک افعال۔
دل کی پمپنگ کے باعث خون جسم اور پھیپھڑوں میں گردش کرتا ہے۔ عضلات اور تجاذب بھی خون کی واپسی کے عمل میں معاون ہوتے ہیں۔ عروق شعریہ کی دیواروں سے ہونے والی فلٹریشن کی وجہ سے بین الخلوی مواد یعنی لمف ہمہ وقت بنتا ہے۔ ممالیہ کے جسم میں خون ہمیشہ لمف کے ساتھ توازن کی حالت میں ہوتا ہے ۔ پلازما قنات الصدر (تھوریسک ڈکٹ) کے ذریعے دوبارہ خون کو لوٹا دیا جاتا ہے۔ لمف کی گردش کو خون کے متوازی دوسری گردش اور ٹانگوں اور بازوؤں کے عضلات کو دوسرا دِل قرار دیا گیا ہے۔
اجزا
[ترمیم]خون کا 45 فیصد حصہ خلوی اجزا پر جبکہ 55 فیصد حصہ پیلاہٹ مائل سیال خون مایہ (پلازما) پر مشتمل ہے۔[3] خون کا پی ایچ 7.40 ہے۔ اس اعتبار سے یہ ہلکا سا الکلی مائع ہے۔ نظام تنفس اور نظام اخراج خون میں اساس اور تیزاب کا توازن قائم رکھتے ہیں۔ انسان کے وزن کا 7 فیصد خون پر مشتمل ہے۔ اس اعتبار سے ایک عام بالغ انسان میں پانچ لیٹر خون ہوتا ہے۔ کل خلوی مشمولات کا 96 فیصد سرخ خلیوں (ارتھروسائٹ) پر مشتمل ہے۔[4] ممالیہ کے فعال سرخ خلیے میں مرکزہ اور دیگر اجسام نہیں ہوتے۔ ان میں آکسیجن کی ترسیل کی ذمہ دار ہیموگلوبن ہوتی ہے۔[5] خون کی گروپنگ کی ذمہ دار گلائیکو پروٹین بھی ان خلیوں کی بیرونی جھلی پر ہوتی ہے۔
خون کے سفید خلیے (لیوکوسائٹ) خلوی مشمولات کا تین فیصد ہیں۔ یہ انسانی دفاعی نظام کا حصہ ہیں اور انفیکشن کے ذمہ دار بیماری پیدا کرنے والے مادوں (پتھروجن / مرض زا) کو تباہ کرتے ہیں۔
خون کے خلیوں کا ایک فیصد حصہ صفیحات پر مشتمل ہے۔ یہ خلیے خون کے جمنے اور اس کے لختۂ خون (کلاٹ) بننے کے ذمہ دار ہیں۔ خون کا پلازما ساخت کے اعتبار سے آبی محلول ہے۔ یہ 92 فیصد پانی اور باقی 8 فیصد بعض دیگر اجزا پر مشتمل ہے۔ ان اجزا میں البومین، خون جمانے والے مادے، اینٹی باڈی، ہارمون، مختلف لحمیات اور سوڈیم اور کلورین جیسے الیکٹرولائیٹ شامل ہیں۔ جب پلازما میں سے خون جمانے والا پروٹین نکال لیا جاتا ہے تو باقی بچ جانے والا مادہ مصل الدم (سیرم) کہلاتا ہے۔ خون کے خلیے ہڈیوں کے گودے (بون میرو) میں پیدا ہوتے ہیں۔ یہ عمل تکون الدم (Hematopoiesis) کہلاتا ہے۔ لحمیاتی اجزا زیادہ تر جگر میں تیار ہوتے ہیں۔ ہارمون جسم کے دروں افرازی نظام سے خون میں شامل ہوتے ہیں۔
مزید دیکھیے
[ترمیم]حوالہ جات
[ترمیم]- ↑ "Definition of red blood cell". National Cancer Institute (بزبان انگریزی). 2 Feb 2011. Archived from the original on 2022-04-25. Retrieved 2022-04-28.
- ↑ William J. Krause (2005). Krause's Essential Human Histology for Medical Students (بزبان انگریزی) (3rd ed.). Universal-Publishers. p. 67. ISBN:978-1-58112-468-2. Archived from the original on 2023-04-26. Retrieved 2022-06-21.
- ↑ The Franklin Institute Inc. "Blood – The Human Heart" (بزبان انگریزی). Archived from the original on 2009-03-05. Retrieved 2009-03-19.
- ↑ Sagar Aryal (3 Jan 2017). "Blood cells and its types with functions". Microbiology Info.com (بزبان امریکی انگریزی). Archived from the original on 2022-04-12. Retrieved 2022-04-28.
- ↑ "Low Hemoglobin: Causes & Symptoms". Cleveland Clinic (بزبان انگریزی). Archived from the original on 2022-04-28. Retrieved 2022-04-28.
| ویکی ذخائر پر خون سے متعلق سمعی و بصری مواد ملاحظہ کریں۔ |