مندرجات کا رخ کریں

مارفیمیات

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

مارفیمیات لفظ انگریزی کے "مارفولوجی" (morphology) کا اردو مترادف ہے، جو لسانیات کی ایک اہم شاخ ہے۔ اردو میں اسے صرفیات یا صرف بھی کہا گیا ہے، تاہم گیان چند جین نے نیا لفظ استعمال کرنے کی بجائے اسے "مارفیمیات" کے نام سے موسوم کرنے کی تجویز دی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ "صرف" قواعد کی ایک شاخ ہے، جب کہ "مارفیمیات" صَرف ہوتے ہوئے بھی تھوڑی سی مختلف ہوتی ہے۔ اس لیے مارفیمیات کا استعمال زیادہ مناسب سمجھا گیا۔ اگرچہ اردو میں بعض مصنفین نے اسے تشکیلیات بھی کہا ہے، لیکن عتیق احمد صدیقی نے ایچ اے گلیسن کی کتاب کے اردو ترجمہ میں بھی اسے "مارفیمیات" کا نام دیا ہے، جو اس مفہوم کے لحاظ سے درست معلوم ہوتا ہے، کیونکہ اس سے "صرف" اور "مارفیمیات" کے درمیان تفریق واضح ہو جاتی ہے۔

تعریف

[ترمیم]

مارفیمیات یا مارفولوجی (morphology) کی اصطلاح بالعموم جرمن ادیب اور فلسفی گوئٹے سے منسوب کی جاتی ہے جنھوں نے یہ اصطلاح انیسویں صدی عیسوی میں علم حیاتیات (biology) کے تناظر میں وضع کی تھی۔ اس انگریزی لفظ کا اشتقاق دیکھا جائے تو اس میں مارف (-morph) یونانی زبان کا ہے جس کے معنی ہیں شکل، وضع، ظاہری ہیئت، گویا مارفولوجی شکلوں یا ہیئتوں کے مطالعہ کا علم ہے۔ لیکن لسانیات میں مارفولوجی سے مراد ہے وہ ذہنی نظام جو لفظ کی شکل بنانے سے متعلق ہے اور اس کے دوسرے معنی ہیں لسانیات کی وہ شاخ جو لفظوں، ان کی اندرونی ساخت اور اس امر سے بحث کرتی ہے کہ ان کی تشکیل کیسے ہوتی ہے۔

مارفیمیات کی تعریف کئی کتابوں میں ملتی ہے جن میں سے ایک یہ ہے:

«Morphology is the study of the internal structures of words.»

یعنی مارفیمیات لفظوں کی اندرونی ساخت کا مطالعہ ہے۔ لیکن یہ تعریف جو بظاہر سیدھی سی ہے اختلاف کا باعث بھی ہے کیونکہ لفظ لفظ کی متفقہ تعریف لسانیات کے ماہر اب تک طے نہیں کر سکے۔

مختصر یہ کہ مارفیمیات لفظوں اور مارفیموں (morphemes) کی ساخت، ان کے بننے کے اصولوں اور ان کے باہمی تعلق کا مطالعہ ہے، یعنی مارفیمیات اس امر کا بھی مطالعہ کرتی ہے کہ مارفیم آپس میں مل کر کیسے لفظ بناتے ہیں۔

حوالہ جات

[ترمیم]