مینڈک
| مینڈک | |
|---|---|
| سرخ آنکھوں والا مینڈک (Agalychnis callidryas)) | |
| سائنسی درجہ بندی | |
| اقلیم: | حیوانات |
| قوم: | Chordata |
| جماعت: | Amphibia |
| فرع: | Salientia |
| فصیلہ: | Anura Duméril، 1806 (بطور Anoures) |
| ذیلی گروہ | |
|
متن دیکھیے | |
| سبز رنگ میں مینڈک کا پھیلاؤ دکھایا گیا ہے | |
مینڈک (Frogs یا Anurans) چھوٹی جسامت والے اور بے دُم فقاری جل تھلیے جانوروں کے ایک متنوع اور زیادہ تر نیم آبی گروہ کے کسی بھی رکن کو کہا جاتا ہے، جو فصیلہ انورا (Anura) سے تعلق رکھتے ہیں (یونانی لفظ ἀνούρα سے ماخوذ، جس کا مطلب ”بے دُم“ ہے)۔ جن انواع کی جلد کھردری ہوتی ہے اور جن میں مسّے جیسے غدود (parotoid glands) پائے جاتے ہیں، انھیں عموماً ٹوڈ (toads) کہا جاتا ہے۔ تاہم مینڈک اور ٹوڈ کے درمیان یہ فرق غیر رسمی اور محض ظاہری ہوتا ہے اور اس کا حیاتیاتی صنف بندی یا ارتقائی تاریخ سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔
انوران (Anurans) پانی اور خشکی والے مینڈک ہیں۔ ان کی پچھلی ٹانگیں انھیں چھلانگیں لگانے میں مدد دیتی ہیں۔ ان کی جسامت بھی مختلف ہوتی ہے۔ ان میں سب سے چھوٹے درختوں والے مینڈک یا شجری غوک جسامت میں 2.5 سینٹی میٹر [1 انچ] لمبے ہوتے ہیں۔ جبکہ ان میں بڑے مینڈک افریقا کے جالوت (Goliath) مینڈک ہیں اور ان کی لمبائی ٹانگوں کے پھیلاؤ سمیت 1 میٹر (3.3 فٹ) ہوتی ہے۔ ان مینڈکوں میں سے اکثر کا تولیدی ملاپ پانی میں ہوتا ہے اور یہ ڈوریوں کی شکل میں جیلی جیسے انڈے دیتے ہیں۔ مینڈکوں کی دو اقسام فراگ یا برساتی مینڈک (پانی میں رہنے والے) اور ٹوڈ یا گھریلو مینڈک (خشکی پر رہنے والے) ہیں۔ یہ دونوں اقسام کیڑے مکوڑے کھاتی ہیں۔ مینڈک اپنا شکار اپنی لیس دار زبان کے ذریعے پکڑتے ہیں۔ پانی میں رہنے والے مینڈک پانی کے نزدیک خشکی پر بھی رہ سکتے ہیں۔ بَرّی یا خشکی پر رہنے والے مینڈک پانی سے دُور بھی جا سکتے ہیں۔