اُشنان

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

اشنان (potash) اصل میں ایک کیمیائی مرکب، اشنانیم فحمیت (potassium carbonate) اور ایسے معدنی نمکیات کا نام ہے جن میں بنیادی عنصر اُشنانیم (potassium) شامل ہوتا ہے۔ انگریزی لفظ potash اپنی اصل میں pot اور ash سے مل کر بنا ہے کیونکہ قدیم زمانوں میں اسے لکڑی کی راکھ کو پانی میں بھگو کر حاصل کیا جاتا تھا اور چونکہ یہ راکھ (ash) بھگونے کا عمل ایک برتن (pot) میں کیا جاتا تھا اسی لیے اس کا نام pot+ash اختیار کر لیا گیا۔ اشنان کا لفظ یہاں الف پر پیش کے ساتھ ادا کیا جاتا ہے اور اپنی اساس میں اردو کے دیگر بے شمار الفاظ کی طرح عربی سے ماخوذ ہے جبکہ اعراب کے بغیر انہی ابجد کی ترتیب سے ایک اور لفظ بھی اردو میں مستعمل ہے جو غسل کے معنوں میں آتا ہے اور الف پر زبر کے ساتھ ادا کیا جاتا ہے یہ غسل کے معنوں کا لفظ اپنی اساس میں سنسکرتی ہے جس کی کیمیائی اشنان سے تفریق پیش کو تلفظ میں ادا کر کے لازم آتی ہے۔