باد


باد یا ہوا، بڑے پیمانے پر گیسوں کی حرکت کا نام ہے۔ زمین پر باد کی تکنیکی تعریف ہواؤں کا بڑے پیمانے پر بہنا ہے۔ خلا میں باد سے مراد یا تو شمسی باد لی جاتی ہے جو گیسوں کا سورج سے خلا میں بہنے کا نام ہے جبکہ سیار یائی باد سے مراد کسی بھی سیارے سے ٹکرا کر واپس آنے والے روشنی اور کیمیائی عناصر کے خلا میں بہاؤ سے لی جاتی ہے۔ باد یا ہواؤں کی درجہ بندی ان کی شدت، رفتار، وجوہات، خطے اور ان کے اثرات کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔ نظام شمسی میں سب سے تیز اور طاقتور ہوائیں نیپچون اور زحل پر چلتی ہیں۔ موسمیات میں باد سے مراد ہواؤں کی شدت سے لی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ان ہواؤں کا رخ اور رفتار بھی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں۔ شدت کی بنیاد پر ہواؤں کے کئی نام ہیں جو تقریباً لاطینی زبان میں ہیں۔ مختلف قسم کے نام جیسے ہوا، بادوباراں، طوفان، سائیکلون، ہریکین اور ٹائفون وغیرہ شدت، رفتار اور وجوہات کی بنا پر باد یا ہوا کو دیے گئے نام ہیں۔
استعمال
[ترمیم]انسانی تہذیب میں باد یا ہوا کے ساتھ کئی قصے یا مفروضے بھی منسلک ہیں۔ تاریخ میں کئی واقعات، جنھوں نے مواصلات اور جنگوں کے نتیجے بدل دیے، ہواؤں کی وجہ سے تعبیر کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان ہواؤں کا استعمال بھی انسانی تہذیب میں وقت کے ساتھ بڑھا ہے، جیسے کہ ہواؤں کا بجلی کی پیداوار اور کئی دوسرے میکانکی کاموں میں استعمال دور جدید میں بھی عیاں ہے۔ ہواؤں کا سمندروں میں بحری جہازوں کے سفر پر بھی بے انتہا اثر ہے اور ان کے بغیر یہ سفر ممکن نہیں ہوتا۔ گرم ہواؤں سے بھرے بڑے غباروں میں چھوٹے پیمانے کے سفر اور ہوائی سفر بھی صرف ہواؤں یا باد کے بل بوتے پر ممکن ہے۔ ہواؤں کے ان تمام استعمال کا انسانی تاریخ میں اہم رتبہ ہے اور اسی کے سبب ایندھن کی خاطر خواہ بچت ہوتی ہے۔
اثرات
[ترمیم]جہاں انسان نے ہواؤں یا باد سے فائدہ اٹھایا ہے وہیں یہ ہوائیں انسانی املاک کے لیے ہمہ وقت خطرہ بھی ہیں۔ غیر متوقع موسمیاتی عمل کی وجہ سے پیدا ہونے والی ہواؤں سے انسانوں کو مالی اور جانی نقصان بھی اٹھانا پڑتا ہے۔ موسمیاتی تغیر کے سامنے فی الحال انسان بے بس نظر آتا ہے۔ باد یا ہوائیں زمینی سطح کی شکل کا تعین بھی کرتی ہیں، ان کی وجہ سے ہی دنیا کے مختلف خطوں میں زرخیز کھلیان قائم ہوئے ہیں اور ان کی ہی وجہ سے کئی علاقوں میں زمینی کٹاؤ کا عمل تیز بھی ہوا ہے۔ صحراؤں میں ریت کا بہت بڑا ذخیرہ ایک مقام سے دوسری جگہ تک صرف تیز ہواؤں کی وجہ سے ہی منتقل ہو پاتا ہے۔ اسی طرح جنگلات میں برپا ہونے والی جنگلی آگ کی شدت اور رفتار میں اضافے کا سبب بھی یہی تیز ہوائیں ہوتی ہیں۔ جنگلات میں کئی نباتات کی بقا ء بھی انھی ہواؤں سے منسلک ہے، جن کے بیج ایک مقام سے دوسرے مقام تک ہوا کے ذریعے ہی پہنچ پاتے ہیں۔ جب ہوائیں یخ ہو جائیں یا سرد ہو جائیں تو انسانوں، حیوانات اور نباتات پر ان کے کئی منفی اثرات ہیں۔
اقسام
[ترمیم]ہواوں کی مختلف اقسام کو سمت، اثرات اور ان کے آنے یا جانے کے مقاصد کے اعتبار سے تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ عام طور پر درج ذیل ہواؤں کا تذکرہ ملتا ہے:[1]
- شرقی ہوا، بادِ صبا، پروا
- شمالی ہوا
- جنوبی ہوا
- مغربی، پچھمی ہوا، بادِ دبور
- ریحِ عقیم
- ہواے بشارت، مبشرات
- ریحِ صرصر، آندھی، طوفانی ہوا
- ریحِ لواقح
- بادِ صیفی، گرم ہوا، لُو
حوالہ جات
[ترمیم]- ↑ مفتی اقتدار احمد خان۔ تفسیر نعیمی: جلد 14۔ نعیمی کتب خانہ: لاہور، پارہ 14، سورت 15، آیت 20، تفسیر عالمانہ، صفحہ 40۔
| ویکی ذخائر پر باد سے متعلق سمعی و بصری مواد ملاحظہ کریں۔ |
بیرونی روابط
[ترمیم]- موسمیات بارے : ہوائیں اور ان کی شدتآرکائیو شدہ (غیرموجود تاریخ) بذریعہ ww2010.atmos.uiuc.edu (نقص:نامعلوم آرکائیو یو آر ایل)
- باد کے مختلف نام
- دنیا میں ہواؤں کا دائرۃ المعارفآرکائیو شدہ (غیرموجود تاریخ) بذریعہ windatlas.dk (نقص:نامعلوم آرکائیو یو آر ایل)
- ہواؤں کی رفتار کی درجہ بندیآرکائیو شدہ (غیرموجود تاریخ) بذریعہ windows.ucar.edu (نقص:نامعلوم آرکائیو یو آر ایل)
- ہواؤں کی رفتار کا چارٹآرکائیو شدہ (غیرموجود تاریخ) بذریعہ magenn.com (نقص:نامعلوم آرکائیو یو آر ایل)
| ویکی ذخائر پر باد سے متعلق سمعی و بصری مواد ملاحظہ کریں۔ |