جغرافیائی جنوبی قطب

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

جغرافیائی جنوبی قطب سے مراد زمین کا جنوبی ترین نقطہ ہے یعنی °90 درجے جنوبی عرض بلد۔ یہ ایسا نقطہ ہے جس سے زمین کا گردشی محور زمین کی جنوبی سطح سے ٹکراتا ہے۔ گردشی محور وہ فرضی لکیر ہے جس پر زمین اپنے اردگرد گردش کرتی ہے۔ یہ ایسا نقطہ ہے جس سے آپ جس طرف کو بھی چل پڑیں آپ شمال ہی کی طرف جا رہے ہوں گے۔ اسے صحیح جنوبی قطب بھی کہتے ہیں۔ جغرافیائی جنوبی قطب جنوبی براعظم انٹارکٹیکا میں واقع ہے مگر اس پر برف کی موٹی تہ جمی ہوئی ہے جو کھسکتی رہتی ہے۔ جس کی وجہ سے اس پرمستقل تجربہ گاہیں اکھاڑ کر دوبارہ صحیح مقام پر لانا پڑتی ہیں۔ جغرافیائی جنوبی قطب ایک جگہ نہیں بلکہ اس میں بہت معمولی تبدیلی آتی ہے۔ یعنی زمین لرزتی ہے۔ زمین کا گردشی محور کچھ میٹر تک حرکت کر سکتا ہے اور اس بات کو چانڈلر کا ارتعاش (Chandler wobble ) کہتے ہیں۔ گرمیوں میں چوبیس گھنٹے کا دن ہوتا ہے اور سردیوں میں چوبیس گھنٹے کی رات۔ 23 ستمبر کو سورج چھ ماہ کے لیے نکلتا ہے جس نے دسمبر کے مہینے تک چڑھتے رہنا ہے۔ بیس دسمبر کے بعد اس کا زوال شروع ہوتا ہے۔ 21 مارچ کو سورج مکمل غروب ہو جاتا ہے جس کے بعد چھ ماہ کے لیے رات رہتی ہے۔ قابلِ تصدیق مواد کے مطابق اس جگہ سب سے پہلے ناروے کے روالڈ ایمینڈسن 14 دسمبر1911 کو پہنچے تھے۔ جنوبی قطب شمالی قطب سے کہیں زیادہ سرد ہے کیونکہ شمالی قطب سمندر پر واقع ہے جس کی وجہ سے اس کی حرارت ضائع نہیں ہوتی مگر جنوبی قطب انٹارکٹیکا کی زمین پر ہے اس لیے اس پر درجہ حرارت منفی °65 سنٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے مگر یہ زمین کا سرد ترین مقام نہیں ہے ۔