سمندر گرد

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
سمندر گرد
مصنفطارق عزیز خان
اصل عنوانسمندر گرد
ملک پاکستان
زباناردو
موضوعدنیا کے گرد پہلے مکمل سمندری چکر لگانے کی سرگزشت
صنفتاریخ (مہم جوئی)
ناشرسٹی بک پوائنٹ، کراچی
تاریخ اشاعت
2010ء
صفحات432[1]

سمندرگرد،اردو زبان میں لکھی جانے والی ایک کتاب ہے جس کے مصنف طارق عزیز خان ہیں۔[2] یہ کتاب کرہ ارض کے گرد لگائے گئے پہلے کامیاب چکر کی سرگزشت ہے۔ پرتگیزی نژاد ہسپانوی مہم جو فرڈی نینڈمیگلن (Ferdinand Magellan) نے یہ کارنامہ 1519ء سے 1521ء کے دوران میں سر انجام دیا۔ اس کتاب میں میگلن کی مہم کے پس منظر اور اس تاریخی مہم کے دوران میں پیش آنے والے دلچسپ واقعات کو مرحلہ وار لکھا گیا ہے۔ پوری کتاب دنیا کے سمندروں اور میگلن کے راستے میں آنیوالے مقامات کے بارے میں تاریخی و جغرافیائی معلومات سے پُر ہے۔ اس مہم کا مقصد اسپین کے لیے مغرب کی طرف سے ایشیا تک رسائی کے بحری راستے کی دریافت تھی۔ مصنف لکھتے ہیں کہ 1519ء میں اسپین کے بادشاہ سے منظوری ملنے کے ساتھ ہی یورپ میں مہم کی کامیابی سے متعلق افواہوں کا بازار گرم ہو گیا۔ کچھ دقیانوسی لوگوں کا خیال تھا کہ میگلن کے بحری جہاز اپنی مہم کے نقظہ عروج پرزمین کے کناروں سے باہر نکل کر کائنات میں کہیں کھو سکتے تھے تو بعض کی رائے میں مغربی بحر کی خوفناک وسعت ناقابل شکست تھی۔ ملاحوں کی اکثریت بے یقینی کا شکار اور میگلن کی قیادت کے بارے میں تحفظات رکھتی تھی۔ اُدھر اسپین کے حریف پرتگالیوں کے عزائم ظاہر کر رہے تھے کہ وہ کھلے سمندر میں ہسپانوی بیڑے کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ضرور کریں گے۔ سچ یہ تھا کہ اندرونی بیرونی سازشوں اور اپنے پرایوں کی مخالفتوں کے بعد پانچ بے ڈھنگے اورکمزور بادبانی جہازوں کے سہارے شروع کی گئی مہم کا آغاز ہی اُس کے انجام کی کہانی سنا رہا تھا۔ میگلن کی مشکلات کو دیکھ کر لگتا تھا کہ جیسے اسے مغرب کی طرف سے ایشیا تک رسائی کے بحری راستے کی بجائے گول کمرے میں کونا تلاش کرنے کی مہم درپیش تھی۔ دراصل یہ مہم میگلن کے عزم وہمت اور جہازرانی میں اُس کی مہارت کا ایک ایسا کڑا امتحان تھی جس میں کامیابی کی صورت میں نہ صرف کرہ ارض کی جغرافیائی دریافت مکمل ہوجاتی بلکہ یہ بھی ثابت ہوجاتا کہ دنیا گول ہے۔
اس کتاب کے ماخذ درجنوں تاریخی دستاویزات، انسائیکلوپیڈیا برٹانیکا اور ویکیپیڈیا ہیں۔ یہاں تک کہ واقعات کی مناسبت سے کتاب میں شامل کیے گئے مکالمے بھی مصنف کے اخذ کردہ ہیں۔

مزید دیکھیے[ترمیم]

حوالہ جات[ترمیم]

  • روزنامہ ایکپریس رحیم یارخان 7 اکتوبر2011ء
  • Royal Geographical Society Of London
  • Registered charity number 208791 VAT registration number 676367882