مندرجات کا رخ کریں

محراب سلیمانی

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
محراب سلیمانی

محرابِ سلیمانی مسجد نبوی کی محرابوں میں سے ایک قدیمی محراب ہے۔ جسے عثمانی سلطان سلیمان عالیشان کی نسبت سے محرابِ سلیمانی کہا جاتا ہے۔

تاریخ

[ترمیم]

یہ محراب مسجد نبوی کی قدیمی محرابوں میں سے ایک ہے جو 908ھ مطابق 1502ء میں تعمیر کی گئی تھی۔ اِس سے پہلے یہاں ایک سادہ سی قدیمی محراب تھی جسے طوغان شیخ نے 680ھ مطابق 1280ء میں تعمیر کروایا تھا۔ موجودہ محراب کو عثمانی سلطان سلیمان عالیشان نے 938ھ مطابق 1531ء میں تعمیر کروایا تھا۔ اِس کی تصدیق محراب کی پشت پر موجود کتابت سے بھی ہوتی ہے۔ عثمانی سلطان سلیمان عالیشان کی نسبت سے ہی اِس محراب کو محرابِ سلیمانی کہا جاتا ہے۔ سلطان سلیمان عالیشان کی تعمیر کے بعد اُس کے فرزند سلطان سلیم ثانی نے اِس محراب کی تزئین و آرائش کا کام کروایا۔ 1336ھ مطابق 1918ء میں عثمانی جرنیل فخری پاشا نے پہلی جنگ عظیم کے دوران دوبارہ اِس محراب کی مرمت کروائی تھی۔ [1]

محراب الاحناف

[ترمیم]

سلطنت عثمانیہ کے زمانے میں چونکہ مذاہبِ اربعہ کے ائمہ کو اپنے اپنے فقہ کے مطابق مسجد نبوی میں باری باری نماز اداء کروانے کی اِجازت تھی اور فقہ حنفی کے امام اِس مقام پر امامت کرواتے تھے اور یہیں درس و تدریس کا سلسلہ جاری رکھتے تھے جس کی وجہ سے اِسے محراب الحنفی یا محراب الاحناف بھی کہا جاتا تھا۔ [2]

موجودہ ہیئت

[ترمیم]

یہ محراب سفید سنگِ مرمر سے تعمیر کی گئی ہے جس میں جگہ جگہ سیاہ پتھروں کی ٹکڑیاں لگائی گئی ہیں جو اِس محراب کے حسن میں اِضافہ کرتی ہیں۔ علاوہ ازیں محراب پر خوبصورت خطاطی کے فن پارے بھی موجود ہیں جو خالصتاً مسلم ترک فنِ خطاطی کی عکاسی کرتے ہیں۔

مقام

[ترمیم]

یہ محراب محراب نبوی کے مغربی جانب میں واقع ہے۔ موجودہ زمانہ میں اِس محراب میں سبز رنگ کے قالین بچھے رہتے ہیں۔

مزید دیکھیے

[ترمیم]

حوالہ جات

[ترمیم]
  1. عبد الحمید قادری: جستجوئے مدینہ، صفحہ 504۔
  2. عبد الحمید قادری: جستجوئے مدینہ، صفحہ 504۔