نوبت خانہ (لال قلعہ)

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

متناسقات: 28°39′21″N 77°14′28″E / 28.655774°N 77.240991°E / 28.655774; 77.240991

نوبت خانہ، لال قلعہ، دہلی

نوبت خانہ یا نقار خانہ دہلی کے لال قلعہ کی ایک مرکزی حیثیت کی عمارت ہے جو لال قلعہ کے دیوانِ خاص سے ملحق ایک عدالت کا کام بھی دیتی رہی ہے۔

تاریخ[ترمیم]

نوبت خانہ لال قلعہ کی تعمیر میں بنایا گیا تھا جس کا اہم مقصد اُن سازندوں کو جگہ فراہم کرنا تھا جو مغل شہنشاہ کی آمدورفت کی اطلاع قلعہ کے باشندوں کو کرسکیں یا اُس وقت سازندے نوبت بجاتے تھے جب مغل شہنشاہ کسی اہم مسئلہ درپیش ہونے کی خاطر یہاں آتا۔ نوبت خانہ کو عموماً ہاتھیاں پول کہا جاتا ہے جس کا معنی ہے: ہاتھیوں والا دروازہ۔ یہ تصور غالباً اِس لیے اُبھرا ہے کہ اکثر باغی مغل شاہزادوں کو یہاں ہاتھیوں کے پیروں تلے کچلوا دیا جاتا تھا یا پھر یہ کہا جا سکتا ہے کہ لال قلعہ سے داخلہ کے وقت ہاتھی عماری سمیت چڑھ کر اِسی سمت کو آتا تھا۔ بیشتر مؤرخین کا خیال ہے کہ جہاندار شاہ اور فرخ سیر کو اِسی نوبت خانہ میں قتل کیا گیا تھا۔

نوبت خانہ (لال قلعہ) – 1858ء

ہیئتِ عمارت[ترمیم]

چھتا چوک سے ملحق عدالت خاص کی ایک بڑی طاق ہے جو 540 فٹ طویل اور 360 فٹ چوڑی ہے۔ یہ طاق اِس نوبت خانہ کے اندرونی جانب موجود ہے۔ پہلو میں واقع بڑی طاقیں اور سامنے موجود ایک حوض جنگ آزادی 1857ء میں منہدم کر دیا گیا تھا۔ عدالت شاہی کی مشرقی دیوار سے ملحقہ نوبت خانہ ہے۔ یہاں سازندے بیٹھا کرتے تھے جو مغل شہنشاہ کی آمد کی خبر عدالت میں موجود لوگوں کو کرتے تھے، علاوۃ ازیں قلعہ کے باشندوں کو خبر ہوجایا کرتی تھی۔ اکثر یہ سازندے ایوان عام میں بھی نوبت بجاتے تھے۔ عمارت کی ہیئت یہ ہے کہ کل عمارت ایک مستطیل شکل کے زمینی رقبہ پر تعمیر کی گئی ہے۔ عمارت دومنزلہ ہے، پہلی منزل کی بلندی دوسری سے زیادہ ہے۔ سازندوں کی جائے قیام یعنی گیلری کا طول 100 فٹ اور عرض 80 فٹ ہے۔ عمارت کی تعمیر میں سنگ سرخ، چونا استعمال ہوا ہے۔ زیریں عمارت کے سنگ سرخ پر سونے کا پانی چڑھایا گیا تھا جو امتدادِ زمانہ کے باعث ختم ہو چکا ہے جبکہ نقاشی محض باقی بچی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔

برٹش راج کے زمانہ میں اولاً یہاں ایک عجائب گھر تشکیل دیا گیا، بعد ازاں ممتاز محل (لال قلعہ) منتقل کر دیا گیا۔ اب بھارتی جنگی یادگاری عجائب گھر نوبت خانہ کی پہلی اور دوسری منزل میں موجود ہے۔

نگارخانہ[ترمیم]

مزید دیکھیے[ترمیم]

حوالہ جات[ترمیم]