آر این اے انٹرفیرنس

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
(RNAi سے رجوع مکرر)
شکل الف: ارنا تداخل کی راہ کی ایک وضاحتی شکل؛ یہ تصویر ، خلیات میں موجود ایک عظیم قزمہ طرزیاتی کائنات کا صرف ایک ننھنا سا مگر انتہائی پیچیدہ پہلو ہے۔ اس کی وضاحت کے لیے مضمون کے متن کی سرخی بنام، شکل الف دیکھیے۔ بشکریہ مارجوری[1]۔

ارنا تداخل (یعنی ارنا مداخلت)، اصل میں سالماتی حیاتیات میں مطالعہ اور تحقیق کی جانے والی ایک ایسی سالماتی مداخلت کو کہا جاتا ہے کہ جو ذوطاقین ارنا یعنی double stranded RNA کے ذریعہ سکوت وراثہ (gene silencing) مظہر کا سبب بنتی ہے۔ اس کو انگریزی میں RNA interference کہا جاتا ہے اور اسے RNAi کے اختصار سے ظاہر کیا جاتا ہے۔

آسان بیان[ترمیم]

ارنا تداخل کو یوں سمجھ لیں کہ یہ خلیات میں پایا جانے والا ایک مداخلتی نظام ہے کہ جو غیر ضروری یا ضررساں ارنا (RNA) کو اپنی مداخلت کے ذریعہ، لحمیات تیار کرنے سے قبل ہی روک دیتا ہے۔ ہوتا اصل میں کچھ یوں ہے کہ جب کسی نقصان پہنچانے والے ارنا کا جسم میں داخلہ ہوتا ہے تو یہ نظام اس کو چن چن کر ختم یا یوں بھی کہ سکتے ہیں کہ سکوت کی حالت میں پہنچا دیتا ہے یا خاموش کردیتا ہے تاکہ وہ جسم میں کوئی خرابی نا پیدا کرسکے۔ مثال کے طور پر فرض کیجیے کہ کوئی وائرس جسم (خلیے) میں داخل ہوجاتا ہے، تو اب اس وائرس کو خلیے میں پھلنے پھولنے سے قبل یہ ارنا تداخل کا نظام اس کے ارنا کو ختم یا ناکارہ کردیتا ہے۔ اس مقصد کی خاطر خلیات میں پایا جانے والا ایک رکھوالا سالمہ حرکت میں آجاتا ہے جس کو طاسہ (Dicer) کہتے ہیں۔ یہ طاسہ، وائرس کے ارنا کو چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ دیتا ہے اور پھر ان چھوٹے ٹکڑوں کو اپنے ایک اور ساتھی رکھوالے کے حوالے کردیتا ہے جو وائرس کے ارنا کے ان چھوٹے ٹکڑوں کو لے کر تمام خلیے میں پھرتا ہے اور خلیے میں موجود اس وائرس ارنا سے ملتے جلتے ایسے ارنا سالمات کو روک دیتا ہے جو اس وائرس ارنا کو لحمیات بنا کر دے سکتے ہوں۔ اور یوں جب وائرس کا ارنا کسی جاندار یا انسان کے جسم میں اپنے لیے لحمیات بنانے سے قاصر ہو جاتا ہے تو وہ پھل پھول بھی نہیں سکتا اور اس کے نقصان پہنچائے بغیر ختم ہوجانے کے امکانات روشن ہوجاتے ہیں۔

علمی تفصیل[ترمیم]

ارنا تداخل، اصل میں تعبیر وراثہ (gene expression) کی، ارنا امامی نظمیت (RNA guided regulation) سے متعلق کیمیائی تعامل (تعملات) کا ایک سلسلہ یا راہ ہے جس میں ذو طاقین ارنا (double stranded ribonucleic acid) اپنے لیے تکمیلی مرثالثہ متوالیہ (complementary nucleotide sequences) رکھنے والے وراثوں کی تعبیر کو روکتا (inhibit) ہے۔ ارنا تداخل کی راہ کو سمجھنے کے لیے سامنے شکل الف دیکھیے۔ اس شکل کی وضاحت نیچے شکل الف کی سرخی کے تحت درج کی جا رہی ہے۔

شکل الف[ترمیم]

  • درج ذیل عبارت میں شکل الف کی مکمل وضاحت اور اس کے اختصارات کے مکمل نام (یا پھر ان کے صفحات کی جانب روابط) شامل ہیں۔

طاسہ کے ذریعہ کٹے ہوئے ذوطاقین ارنا (dsRNA) کے چھوٹے ٹکڑے، کثیر لمحیاتی موثرہ (multiprotein effector complex) میں تشکیل پاجاتے ہیں (مثال کے طور پر ارنا مائلی سکوتی مختلط اور ارنا مائلی انتساخی سکوت)۔ اور انہی مجموعات یا مختلاط کی وجہ سے ارنا مائلی (RNA induced) عوامل، جیسے کہ انتساخی سکوت وراثہ ظہور میں آتے ہیں جو پیامبر ارنا (mRNA) کی احدافی شکستگی کا باعث بنتے ہیں یعنی یوں کہ سکتے ہیں کہ ارنا تداخل اور پس انتساخی سکوت وراثہ کے عمل کا راستہ بنتا ہے۔ تصویر میں موجود آگو نام کا جز اصل میں ایک لحمیاتی گروہ ہے جس کو آرگوناٹی (argonaute) کہتے ہیں اور اس کا یہ نام ایک مطفر پودے کی طرز ظاہری پر رکھا گیا ہے جو بذات خود ایک یونانی اسطورہ سے ماخوذ ہے۔ یہ آگوناٹی لحمیات بسیط متداخل ارنا کے ساتھ کیمیائی طور پر بندھـن بناکر موثرہ مختلط (effector complex) تیار کرتی ہیں۔ بم ارنا (siRNA) اصل میں ارنا کی ایسے طاقین (strands) ہوتے ہیں کہ جو آپس میں کامل اشتراک رکھتے ہوں اور یہ یک طاقین ارنا پر ارنا تابع ارنا کثمرہ (RNA dependent RNA polymerase) کے عمل سے پیدا ہو سکتے ہیں (اسے شکل میں RDR لکھا گیا ہے)۔ شکل میں دکھایا گیا خرد ارنا (miRNA) ایک چھوٹا ارنا ہوتا ہے جو بالدبوس (hairpin) سے بنتا ہے۔ RISC (ارنا مائلی سکوتی مختلط) اور RITS (ارنا مائلی آغازِ ٹگس)، دو مختلط ہیں جو آرگوناٹی (argonaute) اور بم ارنا سے تشکیل پاتے ہیں۔ شکل میں دیے گئے دیگر اختصارات میں ؛ TGS سے مراد احدافی سکوت وراثہ کی ہے جبکہ ارنا تداخل دراصل پس انتساخی سکوت وراثہ کو ظاہر کرتا ہے۔

حوالہ جات و بیرونی روابط[ترمیم]

  1. Planting the Seeds of a New Paradigm: Matzke MA, Matzke AJM (2004). PLoS Biol 2(5): e133 آرکائیو شدہ (Date missing) بذریعہ biology.plosjournals.org (Error: unknown archive URL)