باب:تاریخ/منتخب مضمون/4

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

جنگ یوم کپور، جنگ رمضان یا جنگ اکتوبر (عربی: حرب أكتوبر) جسے عرب اسرائیل جنگ 1973ء یا چوتھی عرب اسرائیل جنگ بھی کہا جاتا ہے 6 اکتوبر سے 26 اکتوبر 1973ء کے درمیان مصر و شام کے عرب اتحاد اور اسرائیل کے درمیان لڑی گئی۔ اس جنگ کا آغاز یہودیوں کے تہوار یوم کپور کے موقع پر ہوا جب مصر اور شام نے اچانک جزیرہ نما سینا اور جولان کی پہاڑیوں پر حملہ کردیا۔ جزیرہ نما سینا پر اسرائیل نے 1967ء میں جنگ شش روزہ کے دوران قبضہ کرلیا تھا۔ نہر سوئز کو مصر کی معیشت میں بنیادی اہمیت حاصل تھی لیکن یہ نہر 6 روزہ جنگ میں اسرائیلی قبضے کے بعد سے بند پڑی تھی۔ آمدنی کے اس ذریعے سے محروم ہوجانے کے بعد مصر کو سعودی عرب، کویت اور لیبیا کی اقتصادی امدد پر انحصار کرنا پڑ رہا تھا۔ اس مسئلےکو حل کرنے کے لئے مصر کے صدر انور سادات نے یہ پیشکش کی کہ اگر اسرائیلی نہر کے مشرقی ساحل سے واپس ہوجائیں تو نہر سوئز کھول دی جائے گی لیکن یہ مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا جس پر مصر نے حملے کا فیصلہ کرلیا۔ اگرچہ 24 اکتوبر کو جنگ بندی سے پہلے اسرائیلی افواج نے جوابی حملہ کرکے نہر کے جنوب مغربی کنارے پر 300 مربع میل پر مشتمل مصری علاقے پر قبضہ کرلیا تھا لیکن مذاکرات کی میز پر اسرائیل کو ناکامی ہوئی اور اسے نہ صرف نو مفتوحہ علاقہ چھوڑنا پڑا بلکہ ستمبر 1975ء میں ایک معاہدے کے تحت اسرائیلی جزیرہ نما سینا کے ڈھائی ہزار مربع میل کے علاقے سے بھی محروم ہوگیا۔